مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

راہنمائی کیلئے بائبل کی طرف کیوں رُجوع کریں؟‏

راہنمائی کیلئے بائبل کی طرف کیوں رُجوع کریں؟‏

پاک صحائف کی روشنی میں

راہنمائی کیلئے بائبل کی طرف کیوں رُجوع کریں؟‏

‏”‏ہر ایک صحیفہ جو خدا کے الہام سے ہے تعلیم اور الزام اور اصلاح .‏ .‏ .‏ کیلئے فائدہ‌مند بھی ہے۔‏“‏—‏۲-‏تیمتھیس ۳:‏۱۶‏۔‏

آجکل تقریباً ہر موضوع پر بیشمار معلومات دستیاب ہیں۔‏ اِسکے باوجود،‏ بہتیرے لوگ راہنمائی کیلئے دُنیا کی قدیم‌ترین کتاب،‏ خدا کے کلام بائبل کی طرف رُجوع کرتے ہیں۔‏ لیکن آپ راہنمائی کیلئے کس طرف رُجوع کرتے ہیں؟‏

کمپیوٹر اور ٹیکنالوجی کے اس دَور میں دُنیا اتنی آگے نکل چکی ہے کہ لوگوں کی اکثریت بائبل کو زیادہ اہمیت نہیں دیتی۔‏ بعض ماہرینِ‌تعلیم اور سائنسدانوں کا خیال ہے کہ بائبل پر زیادہ بھروسا نہیں کِیا جا سکتا۔‏ کیا یہ بات دُرست ہے؟‏ آجکل جب ہم مختلف ذرائع سے راہنمائی حاصل کر سکتے ہیں تو کیا پھربھی خدا کے پاک کلام بائبل کی طرف رُجوع کرنے کی ضرورت ہے؟‏

سچی کتاب

ایک موقع پر جب یسوع مسیح کنویں پر آرام کر رہا تھا تو اُسکی بات‌چیت ایک سامری عورت سے ہوئی۔‏ یسوع نے اُس سے کہا:‏ ”‏خدا رُوح ہے اور ضرور ہے کہ اُسکے پرستار رُوح اور سچائی سے اُسکی پرستش کریں۔‏“‏ (‏یوحنا ۴:‏۲۴‏)‏ یہ الفاظ ظاہر کرتے ہیں کہ پرستش کرنے کا ایک ایسا طریقہ ہے جو خدا کے حضور قابلِ‌قبول ہے۔‏ اگر ہم بھی سچائی سے پرستش کرنا چاہتے ہیں تو پھر اسے خدا کی مرضی کے مطابق ہونا چاہئے۔‏ یہ سچائی خدا کے کلام بائبل میں پائی جاتی ہے۔‏—‏یوحنا ۱۷:‏۱۷‏۔‏

تاہم،‏ ایسے بہت سے مذاہب ہیں جو خدا کے کلام بائبل پر ایمان رکھنے کا دعویٰ تو کرتے ہیں لیکن اُنکی تعلیمات ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔‏ اسلئے بائبل کی سچی تعلیم کی بابت بہت زیادہ ابتری پائی جاتی ہے۔‏ مثال کے طور پر،‏ کیا یسوع مسیح خدا ہے یا خدا کا بیٹا؟‏ کیا مرنے کے بعد بھی انسان زندہ رہتا ہے یا نہیں؟‏ کیا دوزخ ایک ایسی جگہ ہے جہاں لوگ مرنے کے بعد عذاب اُٹھاتے ہیں؟‏ کیا شیطان ایک حقیقی ہستی ہے؟‏ مسیحی ہونے کا کیا مطلب ہے؟‏ کیا خدا واقعی ہمارے کاموں اور خیالوں کو جانچتا ہے؟‏ کیا سچی محبت شادی سے پہلے جنسی تعلقات قائم کرنے کی اجازت دیتی ہے؟‏ کیا شراب پینا غلط ہے؟‏ * بہتیرے مذاہب ان سوالات کے دُرست جواب جاننے کا دعویٰ کرتے ہیں۔‏ لیکن اکثر یہ ایک دوسرے سے میل نہیں کھاتے۔‏ پس وہ سب سچے نہیں ہو سکتے۔‏—‏متی ۷:‏۲۱-‏۲۳‏۔‏

پھر سوال یہ اُٹھتا ہے کہ آپ خدا اور اُسکی سچی پرستش کی بابت سچائی کیسے جان سکتے ہیں؟‏ فرض کریں کہ آپکو صحت کے کسی سنگین مسئلے کو حل کرنے کیلئے آپریشن کی ضرورت پڑتی ہے۔‏ اس صورت میں آپ کیا کریں گے؟‏ سب سے پہلے تو آپ اس آپریشن کیلئے بہترین ڈاکٹر تلاش کرنے کی کوشش کریں گے۔‏ اُسکی ڈگریوں اور تجربے پر غور کرنے کے بعد آپ اُس سے رابطہ کرکے اپنے مسئلے کی بابت بتائیں گے۔‏ آخرکار،‏ جب آپکو یقین ہو جائے گا کہ وہ یہ کام اچھی طرح کر سکتا ہے تو آپ اُس پر بھروسا کرتے ہوئے اُسے آپریشن کرنے کو کہیں گے۔‏ دوسرے لوگ شاید اس ڈاکٹر کی بابت مختلف رائے رکھتے ہوں لیکن آپکو اب اس پر پورا بھروسا ہے۔‏

اسی طرح دستیاب ثبوتوں کا اچھی طرح جائزہ لینے سے آپ خدا اور بائبل پر بھی ایمان رکھنے کے قابل ہو سکتے ہیں۔‏ (‏امثال ۲:‏۱-‏۴‏)‏ خدا کیسی پرستش قبول کرتا ہے اسکی بابت مختلف سوالات کے جواب حاصل کرنے کیلئے آپکے پاس انتخاب موجود ہے۔‏ یا تو آپ انسانوں کی مختلف تعلیمات اور نظریات پر بھروسا کر سکتے ہیں یا پھر خدا کے کلام بائبل کی مشورت پر غور کر سکتے ہیں۔‏

دُرست اور عملی کتاب

خدا کے کلام بائبل کا پوری توجہ کیساتھ مطالعہ کرنے سے آپکو اس بات کے بیشمار ثبوت مل جائیں گے کہ ”‏ہر ایک صحیفہ جو خدا کے الہام سے ہے .‏ .‏ .‏ فائدہ‌مند بھی ہے۔‏“‏ * (‏۲-‏تیمتھیس ۳:‏۱۶،‏ ۱۷‏)‏ مثال کے طور پر،‏ بائبل میں بہت سی پیشینگوئیاں ہیں اور تاریخ اِنکے پورا ہونے کا ثبوت مہیا کرتی ہے۔‏ (‏یسعیاہ ۱۳:‏۱۹،‏ ۲۰؛‏ دانی‌ایل ۸:‏۳-‏۸،‏ ۲۰-‏۲۲؛‏ میکاہ ۵:‏۲‏)‏ اگرچہ بائبل سائنس کی کوئی درسی کتاب نہیں توبھی یہ سائنسی لحاظ سے دُرست ہے۔‏ اس میں کائنات اور انسانی صحت کی بابت ایسے حقائق موجود ہیں جو ہزاروں سال پہلے لکھے گئے تھے۔‏ یہ اُس وقت کی بات ہے جب سائنسدان ان حقائق کو ثابت کرنے کے قابل نہیں تھے۔‏—‏احبار ۱۱:‏۲۷،‏ ۲۸،‏ ۳۲،‏ ۳۳؛‏ یسعیاہ ۴۰:‏۲۲‏۔‏

اسکے علاوہ،‏ بائبل ہمیں دانشمندانہ فیصلے کرنے میں بھی مدد دیتی ہے۔‏ اس میں خاندانی زندگی،‏ جسمانی اور جذباتی صحت،‏ کاروبار اور روزمرّہ کے دیگر معاملات کی بابت بہت سے عملی مشورے پائے جاتے ہیں۔‏ امثال ۲:‏۶،‏ ۷ بیان کرتی ہے:‏ ”‏خداوند حکمت بخشتا ہے۔‏ علم‌وفہم اُسی کے مُنہ سے نکلتے ہیں۔‏ وہ راستبازوں کے لئے مدد تیار رکھتا ہے اور راست‌رَو کیلئے سپر ہے۔‏“‏ بائبل سے راہنمائی حاصل کرنے سے آپ اپنے اندر ”‏نیک‌وبد میں امتیاز“‏ کرنے کی صلاحیت پیدا کر سکتے ہیں۔‏—‏عبرانیوں ۵:‏۱۴‏۔‏

خدا کا کلام بائبل ہمیں زندگی کے مقصد کو سمجھنے میں بھی مدد دیتا ہے۔‏ (‏یوحنا ۱۷:‏۳؛‏ اعمال ۱۷:‏۲۶،‏ ۲۷‏)‏ یہ بیان کرتا ہے کہ اس وقت دُنیا کی حالتیں ایسی کیوں ہیں۔‏ (‏متی ۲۴:‏۳،‏ ۷،‏ ۸،‏ ۱۴؛‏ ۲-‏تیمتھیس ۳:‏۱-‏۵‏)‏ بائبل میں خدا بیان کرتا ہے کہ وہ کیسے زمین پر سے بُرائی ختم کرے گا اور انسانوں کو اچھی صحت اور ابدی زندگی حاصل کرنے کے قابل بنائے گا۔‏—‏یسعیاہ ۳۳:‏۲۴؛‏ دانی‌ایل ۲:‏۴۴؛‏ مکاشفہ ۲۱:‏۳،‏ ۴‏۔‏

لاکھوں لوگ پہلے ہی اس بات کا تجربہ کر چکے ہیں کہ بائبل واقعی عملی حکمت کا ایک قابلِ‌بھروسا ذریعہ ہے۔‏ اس رسالے کو شائع کرنے والے آپکو دعوت دیتے ہیں کہ اسکے ہر شمارے میں ”‏پاک صحائف کی روشنی میں“‏ کے عنوان کے تحت آنے والے سلسلہ‌وار مضامین کو ضرور پڑھیں۔‏ ایسا کرنے سے آپکو اس بات کا مزید ثبوت مل جائے گا کہ آپ بائبل سے بہترین راہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 8 ‏”‏پاک صحائف کی روشنی میں“‏ جاگو!‏ کا ایک باقاعدہ سلسلہ ہے۔‏ یہ سلسلہ آئندہ شماروں میں ان سوالات پر بات کرے گا۔‏

^ پیراگراف 12 اس بات کا ثبوت حاصل کرنے کیلئے کہ بائبل واقعی خدا کے الہام سے ہے یہوواہ کے گواہوں کے شائع‌کردہ بروشر سب لوگوں کیلئے ایک کتاب کو پڑھیں۔‏

کیا آپ نے غور کِیا ہے کہ .‏ .‏ .‏

▪ خدا کس قسم کی پرستش قبول کرتا ہے؟‏—‏یوحنا ۴:‏۲۴‏۔‏

▪ خدا کی حکمت سے فائدہ اُٹھانے کے لئے آپ کو کیا کرنا چاہئے؟‏—‏امثال ۲:‏۱-‏۴‏۔‏

▪ بائبل عملی راہنمائی حاصل کرنے کا ذریعہ کیسے ہے؟‏—‏عبرانیوں ۵:‏۱۴‏۔‏