مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

‏”‏اب آپ جان گئے کہ یہوواہ کی تنظیم کیسی ہے“‏

‏”‏اب آپ جان گئے کہ یہوواہ کی تنظیم کیسی ہے“‏

‏”‏اب آپ جان گئے کہ یہوواہ کی تنظیم کیسی ہے“‏

فن‌لینڈ میں رہنے والے ایک خاندان کو بہت سے لوگوں کی طرف سے مخالفت کا سامنا تھا۔‏ اس کی وجہ یہ تھی کہ کچھ عرصے سے اِس خاندان کا تعلق یہوواہ کے گواہوں کے ساتھ تھا۔‏ بعض لوگوں کا کہنا تھا کہ ”‏یہوواہ کے گواہ تمہارا سارا پیسہ لے لیں گے۔‏“‏ دیگر یہ کہتے تھے کہ ”‏آپ لوگ اپنے گھربار سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔‏“‏ ایک رات ایسا ہوا کہ گھر کے قریب اُس عمارت میں آگ لگ گئی جس میں وہ ایندھن جمع کرتے تھے۔‏ اس سرد علاقے میں ایندھن کی بہت زیادہ ضرورت پڑتی ہے اس لئے یہ ایک بہت بڑا نقصان تھا۔‏

اس نقصان کو پورا کرنے کے لئے بیمہ‌کمپنی کی طرف سے دی گئی رقم کافی نہیں تھی۔‏ ایسا لگتا تھا کہ لوگوں کی باتیں سچ ثابت ہو رہی تھیں۔‏ خاندان کا سربراہ کہتا ہے:‏ ”‏ہم سب بہت غمزدہ ہو گئے تھے۔‏“‏ تین ہفتے بعد خاندان کے سربراہ اور اس کی بیوی کا بپتسمہ ہونے والا تھا۔‏ مخالفت کے باوجود،‏ وہ ابھی تک اپنے اس فیصلے پر قائم تھے۔‏

یہوواہ کے گواہوں کی مسیحی کلیسیا نے اس موقع پر بائبل کی اس مشورت کا اطلاق کِیا:‏ ”‏اَے بچو!‏ ہم کلام اور زبان ہی سے نہیں بلکہ کام اور سچائی کے ذریعہ سے بھی محبت کریں۔‏“‏ (‏ا-‏ یوحنا ۳:‏۱۸‏)‏ کلیسیا کے بہن‌بھائیوں نے اس عمارت کو تعمیر کرنے کا منصوبہ بنایا۔‏ فن‌لینڈ میں یہوواہ کے گواہوں کے برانچ دفتر نے اس کام کو کرنے کے لئے ہدایات فراہم کی۔‏ اس کام کو شروع کرنے سے پہلے حکومت کی طرف سے اجازت لی گئی،‏ نقشہ بنوایا گیا،‏ عمارت کی تعمیر کے لئے ضروری چیزوں کی فہرست تیار کی گئی اور کلیسیا کے بہن‌بھائیوں سے مدد کے لئے درخواست کی گئی۔‏

عمارت میں آگ لگنے کے تقریباً ایک مہینے بعد تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا۔‏ ایک ہفتے کے اندر اندر کام مکمل ہو گیا۔‏ بدھ کو اُنہوں نے تباہ‌شُدہ عمارت کو گِرا دیا۔‏ جمعہ کو دیگر کلیسیاؤں کے بہن‌بھائیوں کی مدد سے نئی عمارت کا ڈھانچہ کھڑا کِیا گیا۔‏ اسی دوران خاندان کا سربراہ کسی کام سے شہر گیا۔‏ راستے میں اُسے ایک ایسا افسر ملا جو یہ جاننے میں دلچسپی رکھتا تھا کہ آیا اُس نے تباہ‌شُدہ عمارت کو بارش سے بچانے کے لئے چھت پر ترپال وغیرہ ڈال لی ہے۔‏ اُس نے بڑے فخر سے جواب دیا:‏ ”‏جی‌نہیں،‏ ترپال تو نہیں ڈالی لیکن چھت پر ۳۰ آدمی کام کر رہے ہیں!‏“‏

ہفتے کے روز تقریباً ۵۰ بہن‌بھائی اس عمارت پر کام کر رہے تھے۔‏ وہ سب اُس خاندان کی مدد کرکے بہت خوش تھے۔‏ ایک پڑوسی نے جو اس تعمیر کے کام میں بہن‌بھائیوں کی مدد کر چکا تھا بیان کِیا:‏ ”‏کل رات مَیں سوچ رہا تھا کہ آپ لوگ واقعی بہت اچھے ہیں!‏ آپ ایک دوسرے کی فکر رکھتے اور مدد کرتے ہیں۔‏“‏

بالآخر ہفتے کی شام کام مکمل ہو گیا۔‏ اس نئی عمارت نے لوگوں کی باتوں کو غلط ثابت کر دیا۔‏ ایک کلیسیائی بزرگ اُس موقع کو یاد کرتے ہوئے جب وہ خاندان کے سربراہ کے ساتھ اس نئی عمارت کو دیکھ رہا تھا،‏ کہتا ہے:‏ ”‏مَیں اس نئے بپتسمہ‌یافتہ بھائی کے ساتھ کھڑے ہوکر بہت خوش تھا۔‏ مَیں نے اُس سے کہا:‏ اب آپ جان گئے کہ یہوواہ کی تنظیم کیسی ہے۔‏“‏

‏[‏صفحہ ۲۱ پر تصویر]‏

آگ سے تباہ‌شُدہ عمارت

‏[‏صفحہ ۲۱ پر تصویر]‏

تعمیر کرتے وقت