مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

کیا بڑھاپا زندگی کا سنہری دَور ہے؟‏

کیا بڑھاپا زندگی کا سنہری دَور ہے؟‏

کیا بڑھاپا زندگی کا سنہری دَور ہے؟‏

اس وقت جنوبی افریقہ کے شہر سوویتو میں صبح کے ساڑھے چھ بجے ہیں۔‏ موسم شدید سرد ہے۔‏ یہ ایولن کے جاگنے کا وقت ہے۔‏ * اگر اُس کے گھر میں کمروں کو گرم رکھنے والا نظام نہ ہوتا تو یہ واقعی بہت زیادہ ٹھنڈا ہوتا۔‏

جوڑوں کے درد کی وجہ سے وہ بڑی مشکل سے اپنی ٹانگیں سیدھی کر پاتی ہے۔‏ جاگ جانے کے بعد بھی ایولن کو کچھ وقت تک بستر پر بیٹھ کر درد کم ہونے کا انتظار کرنا پڑتا ہے۔‏ جب اُس کی ٹانگوں کا درد قدرے کم ہو جاتا ہے تو وہ کھڑے ہونے کے لئے اپنی ساری طاقت لگا دیتی ہے۔‏ اس کوشش میں وہ درد سے چلانے لگتی ہے۔‏ اپنے کولہوں پر ہاتھ رکھ کر وہ ”‏ٹڈی“‏ کی طرح آہستہ آہستہ چلتے ہوئے غسل‌خانے کی جانب بڑھنے لگتی ہے۔‏—‏واعظ ۱۲:‏۵‏۔‏ *

جوڑوں کے درد کے باوجود،‏ جب ایولن نہ صرف اپنی زندگی میں ایک اَور دن دیکھنے بلکہ چلنےپھرنے کے قابل ہوتی ہے تو وہ اسے ’‏ایک بہت بڑی کامیابی خیال کرتی ہے!‏‘‏

تاہم،‏ وہ ایک اَور وجہ سے بھی پریشان ہے۔‏ اپنی پریشانی کی وجہ بیان کرتے ہوئے وہ کہتی ہے:‏ ”‏ایک دن آئے گا جب میری یادداشت بالکل کمزور ہو جائے گی۔‏“‏ اگرچہ وہ اب بھی اکثر چابیاں رکھ کر بھول جاتی ہے توبھی اُس کی یادداشت اتنی بُری نہیں ہے۔‏ وہ مزید کہتی ہے،‏ ”‏مَیں دُعا کرتی ہوں کہ دوسرے بوڑھے لوگوں کی طرح میری بھی یادداشت کمزور نہ ہو جائے۔‏“‏

جب ایولن جوان تھی تو اُس نے بڑھاپے کی بابت کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔‏ مگر وقت بڑی تیزی سے گزر گیا۔‏ اب اُس کا ناتواں جسم اُسے شدت سے اس بات کا احساس دلاتا ہے کہ وہ ۷۴ برس کی ہو گئی ہے۔‏

اس کے برعکس جن لوگوں کو ایولن جیسے دُکھوں،‏ پریشانیوں اور سنگین بیماریوں کا سامنا نہیں کرنا پڑتا اُن کے لئے بڑھاپا زندگی کا سنہری دَور ہو سکتا ہے۔‏ ابرہام کی طرح وہ بھی ’‏عمر کی درازی اور اچھی زندگی سے سیر ہو‘‏ سکتے ہیں۔‏ (‏پیدایش ۲۵:‏۸‏،‏ کیتھولک ڈوئے ورشن‏)‏ جبکہ دیگر کو شاید زندگی میں ”‏بُرے دن“‏ دیکھنے پڑیں اور وہ یہ کہنے پر مجبور ہو جائیں کہ ”‏اِن سے مجھے کچھ خوشی نہیں۔‏“‏ (‏واعظ ۱۲:‏۱‏)‏ جب لوگوں کی بڑی تعداد سے ریٹائرمنٹ کے بارے میں پوچھا گیا تو اُنہوں نے اس وقت کی بابت اتنی بیزاری کا اظہار کِیا کہ ایک رسالے نے یہ تجویز پیش کی کہ زندگی کے اس دَور کو سنہرے دَور کی بجائے ”‏محرومی کا دَور“‏ کہنا چاہئے۔‏

مگر آپ بڑھاپے کو کیسا خیال کرتے ہیں؟‏ عمررسیدہ لوگوں کو کن مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے؟‏ کیا بڑھاپے میں یادداشت کا متاثر ہونا لازمی ہے؟‏ زندگی کے اس سنہرے دَور میں ذہنی سکون حاصل کرنے کے لئے کیا کِیا جا سکتا ہے؟‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 2 ان مضامین میں بعض نام تبدیل کر دئے گئے ہیں۔‏

^ پیراگراف 3 یہ عبارت بائبل میں واعظ کی کتاب سے لی گئی ہے اور قدیم وقتوں سے اسے نظم کی صورت میں بڑھاپے کی مشکلات کا ایک پُرحکمت بیان سمجھا جاتا ہے۔‏