مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

عالمی اُفق

عالمی اُفق

عالمی اُفق

▪ برازیل کے تین سالہ بچوں کی کُل‌تعداد میں سے ۶۰ فیصد کے دانت خراب ہوتے ہیں۔‏ اسکی ایک وجہ یہ ہے کہ بچوں کو رات کو میٹھے مشروبات پلانے کے بعد اُنکے دانت صاف نہیں کئے جاتے۔‏—‏برازیل کا ایک اخبار۔‏

امریکہ میں ۲۵ فیصد بچے آپریشن کے ذریعے پیدا ہوتے ہیں۔‏ نیو یارک میں ۱۹۸۰ کی نسبت آج پانچ گُنا زیادہ بچے اس طریقے سے جنم لیتے ہیں۔‏ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ اس طرح پہلے سے طے کِیا جا سکتا ہے کہ بچہ کب پیدا ہوگا۔‏ تاہم،‏ ایسے آپریشن کے خطرات بہت زیادہ ہیں۔‏—‏نیو یارک ٹائمز۔‏

▪ پچھلے ۱۰۰ سال میں میکسیکو سٹی کے اوسط درجۂ‌حرارت میں ۴ ڈگری سینٹی‌گریڈ کا اضافہ ہوا ہے۔‏ اس کے برعکس باقی دُنیا کے اوسط درجۂ‌حرارت میں محض صفر اعشاریہ چھ ڈگری سینٹی‌گریڈ کا اضافہ ہوا ہے۔‏ ماہرین کا کہنا ہے کہ اِس کی وجوہات جنگلات کی کٹائی اور شہروں کی آبادی میں اضافہ ہے۔‏—‏میکسیکو کا ایک احبار۔‏

▪ امریکہ میں بیاہ کرنے والوں کی آدھی تعداد شادی سے پہلے اکٹھی رہتی ہے۔‏ ایسی شادیوں میں طلاق کا امکان دُگنا ہوتا ہے۔‏—‏امریکہ کا ایک نفسیاتی رسالہ۔‏

ساتھی کارکنوں کی بُری عادات

امریکہ کے ایک اخبار کے مطابق ”‏زیادہ‌تر لوگوں کو اپنے ساتھی کارکنوں میں یہ عادتیں ناپسند ہیں:‏ فون پر اُونچی آواز میں باتیں کرنا،‏ فون کو لاؤڈسپیکر پر لگا کر باتیں کرنا اور زیادہ کام کے بارے میں شکایت کرنا۔‏“‏ اس کے علاوہ یہ باتیں بھی ناپسندیدگی کی نظروں سے دیکھی جاتی ہیں:‏ ”‏اپنے دوستوں میں صرف چند لوگوں کو شامل کرنا،‏ وقت کی پابندی نہ کرنا،‏ خود سے باتیں کرنا،‏ ساتھی کارکنوں سے اُونچی آواز میں باتیں کرنا،‏ نہائے دھوئے بغیر کام پر آنا،‏ کھانا کھاتے وقت اُونچی آواز میں چبانا۔‏“‏ ایسی بُری عادتوں کی وجہ سے اکثر کارکن اپنا کام دھیان سے نہیں کر پاتے۔‏ جائزے میں حصہ لینے والوں نے تسلیم کِیا کہ اُنہوں نے اپنے ساتھی کارکنوں سے اُن کی ان بُری عادتوں کے بارے میں کبھی بات تک نہیں کی ہے۔‏ اخبار میں بتایا گیا ہے کہ ”‏غالباً اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ خود بھی ان بُری عادتوں میں مبتلا ہیں۔‏“‏

شہروں کی آبادی میں اضافہ

ملک کینیڈا میں یہ خبر دی گئی:‏ ”‏دو سال کے بعد دُنیا کی آدھی آبادی شہروں میں بس جائے گی۔‏“‏ اقوامِ‌متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکہ کے ۹۰ فیصد لوگ شہروں میں آباد ہیں۔‏ پچپن سال پہلے صرف نیو یارک اور ٹوکیو کی آبادی ایک کروڑ سے زیادہ تھی۔‏ لیکن آج دُنیا کے ۲۰ شہروں کی آبادی ایک کروڑ سے زیادہ ہے۔‏ ان میں جکارتا،‏ میکسیکو سٹی،‏ ممبئی اور ساؤپولو شامل ہیں۔‏ اقوامِ‌متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوفی عنان کا کہنا ہے کہ ”‏شہروں کی آبادی میں اضافے کی وجہ سے معاشی اور معاشرتی تبدیلیوں کی ضرورت پڑے گی۔‏“‏

انسانی حقوق

جمہوریہ کوریا کی انسانی حقوق کی کمیٹی کے مطابق ہر انسان کا یہ حق بنتا ہے کہ وہ فوج میں بھرتی ہونے سے انکار کر سکے۔‏ کمیٹی نے کہا کہ فوج میں بھرتی ہونے سے انکار کرنے والوں کو معاشرتی خدمت کرنے کا موقع دیا جائے۔‏ ایک اخبار کے مطابق کوریا کی آئینی عدالت نے فیصلہ کِیا تھا کہ کوریا میں کوئی شخص فوج میں بھرتی ہونے سے انکار نہیں کر سکتا۔‏ لیکن انسانی حقوق کی کمیٹی اس فیصلے کے خلاف ہے۔‏ سپریم کورٹ نے کہا کہ اب حکومت کو اس سلسلے میں ایک قانون جاری کرنا ہوگا۔‏ کوریا میں ہر سال ۵۰۰ تا ۷۰۰ یہوواہ کے گواہوں کے نوجوانوں کو قید کِیا جاتا ہے کیونکہ وہ فوج میں بھرتی ہونے سے انکار کرتے ہیں۔‏ اب تک تقریباً ۰۰۰،‏۱۰ یہوواہ کے گواہوں کو اس وجہ سے قید کِیا جا چکا ہے۔‏