مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

مجھے اپنے مستقبل کی بابت کیا فیصلہ کرنا چاہئے؟‏

مجھے اپنے مستقبل کی بابت کیا فیصلہ کرنا چاہئے؟‏

نوجوانوں کا سوال

مجھے اپنے مستقبل کی بابت کیا فیصلہ کرنا چاہئے؟‏

‏”‏پہلے مجھے اپنے مستقبل کی بابت کوئی پرواہ نہیں تھی۔‏ مگر جب میری تعلیم مکمل ہونے والی تھی تو مجھے احساس ہوا کہ اب مَیں عملی زندگی میں قدم رکھنے والا ہوں،‏ جس میں مجھے نہ صرف ملازمت کرنی پڑے گی بلکہ اپنا خرچہ بھی اُٹھانا پڑے گا۔‏“‏—‏۱۷ سالہ ایلکس۔‏

کیا آپ نے بچپن میں کبھی سوچا تھا کہ آپ بڑے ہوکر کیا بنیں گے؟‏ اب آپ ایسی خواہشات کے بارے میں کیسا محسوس کرتے ہیں؟‏ کیا آپ پریشان ہیں کہ ایک بالغ کے طور پر آپ اپنی ضروریات کو کیسے پورا کریں گے؟‏ یہ صرف آپ ہی کا مسئلہ نہیں۔‏ ایک کتاب بیان کرتی ہے:‏ ”‏اپنے ذریعۂ‌معاش کے بارے میں فیصلہ کرنا نوجوانوں کو درپیش ایک بہت بڑا مسئلہ ہے۔‏“‏

دوسری جانب ہو سکتا ہے کہ آپ نے ابھی تک اپنے ذریعۂ‌معاش کے بارے میں سوچا ہی نہ ہو۔‏ شاید آپکی پوری توجہ ہنسی‌کھیل یا تفریح کی طرف ہی ہے۔‏ ہنسی‌کھیل یا تفریح میں وقت گزرانے میں کوئی بُرائی نہیں۔‏ کیونکہ بائبل بیان کرتی ہے کہ ”‏اَے جوان تُو اپنی جوانی میں خوش ہو۔‏“‏ (‏واعظ ۱۱:‏۹‏)‏ لیکن یہ سوچنے کا موزوں وقت اب ہے کہ آپ مستقبل میں کیا فیصلہ کرینگے۔‏ امثال ۱۴:‏۱۵ بیان کرتی ہے:‏ ”‏ہوشیار آدمی اپنی روش کو دیکھتابھالتا ہے۔‏“‏ مگر آپ اپنی روش پر کیسے غور کر سکتے ہیں؟‏

‏”‏اپنی منزل کو جان“‏

تصور کریں کہ آپ ایک لمبے سفر پر جانے کا بندوبست بنا رہے ہیں۔‏ سب سے پہلے آپ کو صحیح راستے کا انتخاب کرنا ہوگا۔‏ اپنے مستقبل کے بارے میں سوچ‌بچار کرنا بھی بالکل ایسا ہی ہے۔‏ یہوواہ کے گواہوں کے ایک برانچ دفتر میں کام کرنے والا نوجوان مائیکل کہتا ہے:‏ ”‏آپ کے پاس بہت سے مواقع ہوتے ہیں۔‏“‏ آپ ان میں سے بہترین کا انتخاب کیسے کر سکتے ہیں؟‏ مائیکل کے مطابق،‏ ”‏یہ مستقبل کے لئے نشانے قائم کرنے کا معاملہ ہے اس لئے انتخاب بہت ضروری ہے۔‏“‏

نشانے کو ایک منزل خیال کریں۔‏ اگر آپ بِلامقصد اِدھراُدھر گھومتے رہتے ہیں تو آپ کبھی بھی اس نشانے تک نہیں پہنچ سکتے۔‏ اس لئے بہتر ہوگا کہ اپنی روش کا تعیّن کریں۔‏ ایسا کرنے سے آپ امثال ۴:‏۲۶ کی مشورت پر دھیان دے رہے ہوں گے:‏ ”‏اپنے پاؤں کے راستہ کو ہموار بنا۔‏“‏ بائبل کا ایک دوسرا ترجمہ اس آیت کو یوں بیان کرتا ہے:‏ ”‏اپنی منزل کو جان۔‏“‏

مستقبل میں آپ کو اپنی پرستش،‏ ملازمت،‏ شادی،‏ خاندان اور دیگر اہم معاملات کے متعلق بہت سے اہم فیصلے کرنے ہوں گے۔‏ اگر آپ پہلے سے اپنی منزل کو جانتے ہیں تو آپ کے لئے درست انتخاب کرنا آسان ہوگا۔‏ نیز اپنی روش کا تعیّن کرتے وقت آپ کو ایک اَور اہم بات کو ذہن میں رکھنا چاہئے۔‏

‏”‏اپنے خالق کو یاد کر“‏

اگر آپ واقعی خوش رہنا چاہتے ہیں تو آپ کو دانشمند بادشاہ سلیمان کے ان الفاظ پر غور کرنا چاہئے:‏ ”‏اپنی جوانی کے دنوں میں اپنے خالق کو یاد کر۔‏“‏ (‏واعظ ۱۲:‏۱‏)‏ آپ اپنی زندگی میں جس بھی روش کا انتخاب کرتے ہیں اس میں خدا کو خوش کرنے کی خواہش شامل ہونی چاہئے۔‏

یہ کیوں ضروری ہے؟‏ پاک‌کلام میں مکاشفہ ۴:‏۱۱ میں بیان کِیا گیا ہے:‏ ”‏اَے ہمارے خداوند اور خدا تُو ہی تمجید اور عزت اور قدرت کے لائق ہے کیونکہ تُو ہی نے سب چیزیں پیدا کیں اور وہ تیری ہی مرضی سے تھیں اور پیدا ہوئیں۔‏“‏ جی‌ہاں،‏ زمین اور آسمان کی تمام مخلوقات کو اپنے خالق کا شکرگزار ہونا چاہئے۔‏ کیا آپ خدا کے شکرگزار ہیں کہ اُس نے آپ کو ”‏زندگی اور سانس اور سب کچھ“‏ دیا ہے؟‏ (‏اعمال ۱۷:‏۲۵‏)‏ کیا آپ یہوواہ خدا کی ان تمام نعمتوں کے بدلے اُسے کچھ دینے کی تحریک نہیں پاتے؟‏

اپنے خالق کو یاد رکھتے ہوئے یہوواہ کے گواہوں کے بہتیرے نوجوانوں نے کُل‌وقتی خدمت کا انتخاب کِیا ہے۔‏ درحقیقت،‏ کُل‌وقتی خدمت ایک بہترین نصب‌العین ہے جوکہ بےشمار برکات کا باعث بنتا ہے۔‏ (‏ملاکی ۳:‏۱۰‏)‏ لیکن آپ کو اس کے بارے میں پہلے سے سوچ‌بچار کرنے کی ضرورت ہوگی۔‏ مثال کے طور پر،‏ خود سے پوچھیں،‏ ’‏مجھ میں ایسی کونسی لیاقتیں اور صلاحیتیں ہیں جن کے ذریعے مَیں کُل‌وقتی خدمت کے دوران اپنی کفالت کر سکتا ہوں؟‏‘‏

ستائیس سالہ کیلی نے بچپن ہی سے اس بات کا پُختہ ارادہ کِیا تھا کہ وہ کُل‌وقتی خدمت کرے گی۔‏ جب وہ بڑی ہوئی اور ملازمت کی بات آئی تو اُس نے ”‏اپنی روش پر غوروفکر“‏ کِیا۔‏ وہ کہتی ہے:‏ ”‏مجھے ایسی ملازمت کا انتخاب کرنا تھا جس کے ساتھ مَیں اپنی کُل‌وقتی خدمت کو پورا کرنے کے ساتھ ساتھ اپنی کفالت بھی کر سکوں۔‏“‏

کیلی نے اپنی پڑھائی کے دوران ہی دانتوں کے ڈاکٹر کی اسسٹنٹ کے طور پر پیشہ‌ورانہ تربیت حاصل کی۔‏ یہانتک‌کہ اس نے مقابلے کا امتحان بھی پاس کر لیا۔‏ لیکن اس کی یہ کامیابیاں اسے اپنے ابتدائی نصب‌العین سے پیچھے نہ ہٹا سکیں۔‏ کیلی کہتی ہے:‏ ”‏مَیں کُل‌وقتی خدمت کرنا چاہتی تھی۔‏ میرے لئے باقی سب کام دوسرے درجے پر تھے۔‏“‏ کیلی ابھی تک کُل‌وقتی خدمت سے لطف اُٹھا رہی ہے۔‏ وہ کہتی ہے:‏ ”‏میرے خیال میں یہ میری زندگی کا سب سے بہترین فیصلہ تھا۔‏“‏

راہنمائی کے طالب ہوں

اگر آپ کسی ایسے علاقے میں سفر کر رہے ہیں جس سے آپ بالکل ناواقف ہیں تو آپ کو راہنمائی کے لئے یقیناً کسی سے پوچھنے کی ضرورت ہوگی۔‏ اپنے مستقبل کے بارے میں سوچ‌بچار کرتے وقت بھی آپ ایسا ہی کر سکتے ہیں۔‏ دوسروں سے مشورہ لیں۔‏ امثال ۲۰:‏۱۸ بیان کرتی ہے:‏ ”‏ہر ایک کام مشورۃ سے ٹھیک ہوتا ہے۔‏“‏ آپ کو اپنے والدین سے راہنمائی حاصل کرنی چاہئے۔‏ آپ ایسے پُختہ مسیحیوں سے بھی مشورہ لے سکتے ہیں جن کی زندگی سے خدائی حکمت ظاہر ہوتی ہے۔‏ رابرٹو کہتا ہے:‏ ”‏اپنی کلیسیا اور دیگر کلیسیاؤں میں قابلِ‌نمونہ بہن‌بھائیوں سے مدد حاصل کریں۔‏ وہ آپ کو ایسی باتیں بتا سکتے ہیں جو آپ کے لئے نہایت حیران‌کُن ہوں گی۔‏“‏

سب سے بڑھکر،‏ یہوواہ خدا آپ کی مدد کرنا چاہتا ہے تاکہ آپ نہایت خوش‌کُن انتخاب کرنے کے قابل ہو سکیں۔‏ اس لئے اپنے مستقبل کے سلسلے میں ’‏اس کی مرضی کو سمجھنے‘‏ کے لئے اس سے مدد کی درخواست کریں۔‏ (‏افسیوں ۵:‏۱۷‏)‏ اگر آپ پورے دل سے یہوواہ پر بھروسا کرتے ہیں تو ”‏وہ [‏آپ کی]‏ راہنمائی کرے گا۔‏“‏—‏امثال ۳:‏۵،‏ ۶‏۔‏

‏”‏نوجوانوں کے سوال“‏ کے سلسلے میں مزید مضامین ویب سائٹ www.watchtower.org/ype پر مل سکتے ہیں

ذرا سوچیں

▪ آپ کے پاس کونسی لیاقتیں اور صلاحیتیں ہیں؟‏

▪ کیا آپ ایسے طریقوں کے بارے میں سوچ سکتے ہیں جن سے آپ اپنی لیاقتوں کو یہوواہ خدا کی ستائش کے لئے استعمال کر سکتے ہیں؟‏

▪ اس مضمون میں بیان‌کردہ مختلف قسم کی کُلوقتی خدمت میں سے کونسی آپ کو سب سے زیادہ متاثر کرتی ہے؟‏

‏[‏صفحہ ۱۵ پر بکس]‏

بند گلی

بائبل بیان کرتی ہے:‏ ”‏جو دولتمند ہونا چاہتے ہیں وہ ایسی آزمایش اور پھندے اور بہت سی بیہودہ اور نقصان پہنچانے والی خواہشوں میں پھنستے ہیں جو آدمیوں کو تباہی اور ہلاکت کے دریا میں غرق کر دیتی ہیں۔‏“‏ دولت کی راہ مشکلات سے بھری ہوئی ہے!‏ نتیجتاً یہ بند گلی کسی شخص کو قرض،‏ مایوسی اور روحانی تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کر سکتی ہے۔‏—‏۱-‏تیمتھیس ۶:‏۹،‏ ۱۰‏۔‏

‏[‏صفحہ ۱۶ پر بکس/‏تصویریں]‏

پائنیر خدمت

ایک پائنیر کلیسیا کا قابلِ‌نمونہ بپتسمہ‌یافتہ مبشر ہوتا ہے جو ہر ماہ کم از کم ۷۰ گھنٹے خدا کی بادشاہت کی خوشخبری کی منادی میں صرف کرتا ہے۔‏ تربیت اور تجربہ سے بائبل اُستادوں کے طور پر پائنیرز کی صلاحیتوں میں نکھار آ جاتا ہے۔‏

بیت‌ایل خدمت

یہوواہ کے گواہوں کے برانچ دفاتر میں خدمت کرنے والے بیت‌ایل کارکُن بائبل لٹریچر کی تیاری،‏ چھپائی اور ترسیل کے کام میں مدد دیتے ہیں۔‏ بیت‌ایل میں کِیا جانے والا ہر کام پاک خدمت ہے۔‏

زیادہ ضرورت والے علاقوں میں خدمت

کرنا بعض پائنیر اُن علاقوں میں منتقل ہو گئے ہیں جہاں بادشاہتی مُنادوں کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔‏ دیگر کوئی دوسری زبان سیکھتے ہیں اور کسی دوسرے مُلک یا اس زبان کی کسی دوسری کلیسیا میں جاکر خدمت کرنے لگتے ہیں۔‏

بین‌الاقوامی خدمت

بین‌الاقوامی خدمت کرنے والے لوگ برانچ سہولیات اور کنگڈم ہالز تعمیر کرنے کے کام میں مدد دیتے ہیں۔‏ اس پاک خدمت کا موازنہ سلیمان کی ہیکل تعمیر کرنے والوں کے کام سے کِیا جا سکتا ہے۔‏—‏۱-‏سلاطین ۸:‏۱۳-‏۱۸‏۔‏

منسٹریل ٹریننگ سکول

آٹھ ہفتوں پر مشتمل یہ کورس غیرشادی‌شُدہ بزرگوں اور خدمتگزار خادموں کو تنظیمی معاملات اور عوامی تقاریر کے سلسلے میں تربیت دیتا ہے۔‏ بعض کو اپنے ہی مُلک میں اور دیگر کو دوسرے ممالک میں خدمت کرنے کے لئے بھیجا جاتا ہے۔‏

مشنری خدمت

اچھی صحت اور قوتِ‌برداشت کے مالک لائق پائینروں کو دوسرے ممالک میں خدمت کرنے کے لئے تربیت دی جاتی ہے۔‏ مشنری پُرمسرت اور بامقصد زندگیاں بسر کرتے ہیں۔‏

‏[‏صفحہ ۱۷ پر بکس/‏تصویر]‏

مَیں اپنی زندگی کے ساتھ کیا کروں گا؟‏

یہ یہوواہ کے گواہوں کا تیارکردہ پروگرام ہے۔‏ اس میں برازیل،‏ برطانیہ،‏ جرمنی اور امریکہ کے نوجوانوں کے انٹرویو لئے گئے ہیں۔‏ جلد ہی یہ پروگرام کئی زبانوں میں دستیاب ہوگا۔‏

‏[‏صفحہ ۱۵ پر تصویر]‏

‏”‏یہ مستقبل کے لئے نشانے قائم کرنے کا معاملہ ہے اس لئے انتخاب ضروری ہے۔‏“‏—‏مائیکل،‏ بیت‌ایل خاندان کا ایک رُکن

‏[‏صفحہ ۱۶ پر تصویر]‏

‏”‏میرے خیال میں یہ میری زندگی کا سب سے بہترین فیصلہ تھا۔‏“‏—‏کیلی،‏ چھ سال سے پائنیر

‏[‏صفحہ ۱۷ پر تصویر]‏

‏”‏قابلِ‌نمونہ بہن‌بھائیوں سے مدد حاصل کریں۔‏“‏—‏رابرٹو،‏ بیت‌ایل خاندان کا ایک رُکن