مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

‏”‏خالص‌ترین والدین کی اولاد“‏

‏”‏خالص‌ترین والدین کی اولاد“‏

‏”‏خالص‌ترین والدین کی اولاد“‏

برازیل سے جاگو!‏ کا نامہ‌نگار

نمک کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ ”‏خالص‌ترین والدین یعنی سورج اور سمندر کی اولاد ہے۔‏“‏ اور یہ بات سچ ہے کیونکہ بہت سے ممالک میں دھوپ کی تپش کے ذریعے سمندری پانی سے نمک حاصل کِیا جاتا ہے۔‏

مُلک برازیل کا صوبہ ریو گرنڈے نمک کی صنعت کے لئے مشہور ہے۔‏ برازیل کے شمال‌مشرقی ساحل پر واقع اس علاقے کا موسم نمک کی تیاری کے لئے بہترین ہے۔‏ وہاں گرمی تیز اور ہوائیں خشک ہوتی ہیں،‏ لیکن بارش کم پڑتی ہے۔‏ برازیل میں نمک کی کُل کاشت میں سے ۹۵ فیصد اسی علاقے میں ہوتی ہے۔‏ نمک کی صنعت کا ایک ایسا مرکز شہر آریا برنکا کے نزدیک ساحل پر واقع ہے۔‏

نمک تیار کرنے کے مرکز کی سیر

آریا برنکا کے جس مرکز میں نمک تیار کِیا جاتا ہے یہ بہت ہی وسیع ہے۔‏ جب سیاح موٹر وے پر سفر کرتے ہوئے اس علاقے میں پہنچتے ہیں تو ان کو اُفق تک تالاب ہی تالاب نظر آتے ہیں۔‏ اِن تمام تالابوں میں سے ۹۰ فیصد سمندری پانی سے بھرے ہیں۔‏ ان میں پانی بھاپ بن کر ہوا میں اُڑ جاتا ہے۔‏ باقی تالابوں میں نمک کو بالکل خشک کِیا جاتا ہے۔‏

ہر طرف نمک کی سفید چمک آنکھوں میں پڑتی ہے۔‏ اس لئے وہاں کی سیر کرتے وقت دھوپ کے چشمے پہننا لازمی ہے۔‏ جیسے جیسے سمندری پانی مختلف تالابوں سے گزرتا ہے،‏ یہ تیز دھوپ کی وجہ سے بھاپ بن کر ہوا میں جذب ہو جاتا ہے۔‏ اس طرح ہر سیکنڈ پانی کے ۶۵۰ لیٹر ہوا میں اُڑ جاتے ہیں۔‏ نوے تا سو دن بعد جو پانی ان ۶۷ تالابوں میں باقی بچتا ہے اس میں نمک کی مقدار بہت زیادہ ہوتی ہے۔‏

سمندری پانی سے سوڈیم کلورائیڈ یعنی کھانے کا نمک حاصل کِیا جاتا ہے۔‏ لیکن اس پانی میں کیلسیم کاربونیٹ،‏ کیلسیم سلفیٹ اور مگنیشیم سلفیٹ جیسے دیگر نمکیات بھی پائے جاتے ہیں۔‏ البتہ جب سمندری پانی تالابوں سے گزرتا ہے تو یہ نمکیات یکےبعددیگرے ان کی تہہ میں جمع ہو جاتے ہیں۔‏

ان تالابوں سے حاصل ہونے والا انتہائی نمکین پانی ۲۰ خاص تالابوں میں جمع کِیا جاتا ہے۔‏ ان میں جب پانی بالکل خشک ہو جاتا ہے تو تالابوں میں نمک ہی باقی رہتا ہے۔‏ پھر بڑی بڑی مشینیں اس نمک کو جمع کرتی ہیں اور ٹرکوں پر لادتی ہیں۔‏ ٹرکوں کے ذریعے نمک ایک ایسی جگہ تک پہنچایا جاتا ہے جہاں اُسے صاف کِیا جاتا ہے۔‏

پھر نمک کشتیوں کے ذریعے ایک ایسی بندرگاہ تک پہنچایا جاتا ہے جو ساحل سے ۱۲ کلومیٹر [‏۸ میل]‏ دُور سمندر میں واقع ہے۔‏ یہ مصنوعی جزیرہ ۹۲ میٹر [‏۳۰۰ فٹ]‏ چوڑا اور ۱۶۶ میٹر [‏۵۴۰ فٹ]‏ لمبا ہے اور اس پر نمک کے ایک لاکھ ٹن جمع کئے جا سکتے ہیں۔‏ وہاں سے نمک سمندری جہازوں پر لادا جاتا ہے جو اسے برازیل کے مختلف علاقوں تک پہنچاتے ہیں۔‏

نمک کا استعمال

حالانکہ جسم کو کم ہی مقدار میں نمک کی ضرورت ہے لیکن اُس کے بغیر انسان اور جانور زندہ نہیں رہ سکتے۔‏ عام طور پر ہم کھانے کو ذائقہ دینے کے لئے نمک استعمال کرتے ہیں۔‏ لیکن کیمیائی مادوں،‏ کپڑوں اور دھات کی صنعت کے لئے بھی نمک استعمال ہوتا ہے۔‏ مثلاً مٹی کے برتنوں پر لگنے والا رنگ اور صابن بھی نمک کی مدد سے تیار کِیا جاتا ہے۔‏ کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ آج‌کل نمک ۰۰۰،‏۱۴ مختلف چیزوں کے لئے استعمال ہو رہا ہے۔‏

نمک زمین پر بہت بڑی مقدار میں پایا جاتا ہے۔‏ مثال کے طور پر سمندری پانی کے ۱۰۰ کلوگرام میں سوڈیم کلورائیڈ یعنی کھانے کے نمک کے تقریباً ۳ کلوگرام پائے جاتے ہیں۔‏ البتہ پُرانے زمانے میں نمک آسانی سے دستیاب نہیں تھا۔‏ اس لئے مُلک چین میں ایک ایسا زمانہ تھا جب صرف سونا ہی نمک سے زیادہ بیش‌قیمت سمجھا جاتا تھا۔‏ خدا کے کلام میں نمک کا ذکر بہت مرتبہ آتا ہے۔‏ اس میں پائے جانے والے بیانات سے ہم جان سکتے ہیں کہ پُرانے زمانے میں نمک کو کیسے استعمال کِیا جاتا تھا۔‏

مثال کے طور پر جونہی بچے پیدا ہوتے اُن پر نمک ملا جاتا۔‏ (‏حزقی‌ایل ۱۶:‏۴‏)‏ شاید لوگ سمجھتے تھے کہ ایسا کرنے سے بچہ صحتمند رہے گا۔‏ پاک صحائف میں نمک علامتی مفہوم میں بھی استعمال ہوتا ہے۔‏ یسوع مسیح نے اپنے پیروکاروں سے کہا کہ ”‏تُم زمین کے نمک ہو۔‏“‏ (‏متی ۵:‏۱۳‏)‏ جس طرح نمک کھانے کی اشیا کو محفوظ رکھتا ہے اسی طرح مسیحی ایک ایسا پیغام لوگوں تک پہنچاتے ہیں جو ان کے لئے ہمیشہ کی زندگی کا باعث بن سکتا ہے۔‏ نمک دائمی اور پائدار چیزوں کی علامت کے طور پر بھی استعمال ہوتا ہے۔‏ اس لئے پاک صحائف میں ’‏نمک کے دائمی عہد‘‏ کا ذکر کِیا گیا ہے۔‏—‏گنتی ۱۸:‏۱۹‏۔‏

آریا برنکا کے نمک تیار کرنے کے مرکز کی سیر سے ہم سمجھ گئے ہیں کہ نمک نہ صرف ماضی میں بلکہ حال میں بھی بڑی اہمیت رکھتا ہے۔‏ واقعی نمک ”‏خالص‌ترین والدین یعنی سورج اور سمندر کی اولاد ہے۔‏“‏ کیا ہم اس بات کے شکرگزار نہیں کہ زمین پر نمک اتنی بڑی مقدار میں پایا جاتا ہے؟‏

‏[‏صفحہ ۲۴ پر تصویر]‏

یہ مشینیں تالابوں سے نمک جمع کرتی ہیں

‏[‏صفحہ ۲۴ پر تصویر]‏

نمک،‏ صاف کئے جانے سے پہلے

‏[‏صفحہ ۲۵ پر تصویر]‏

اس جگہ نمک کو صاف کرکے ذخیرہ کِیا جاتا ہے