مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

کیا یہ شخص میرے لئے اچھا بیاہتا ساتھی ثابت ہوگا؟‏

کیا یہ شخص میرے لئے اچھا بیاہتا ساتھی ثابت ہوگا؟‏

نوجوانوں کا سوال

کیا یہ شخص میرے لئے اچھا بیاہتا ساتھی ثابت ہوگا؟‏

مہربانی سے ان سوالوں کے جواب دیں:‏

آپ کس قسم کے شخص سے شادی کرنا چاہیں گے؟‏ نیچے دی گئی خوبیوں میں سے اُن چار خوبیوں پر نشان ✓ لگائیں جن کی بِنا پر آپ اپنے جیون ساتھی کا انتخاب کریں گے۔‏

اچھی شکل‌وصورت ․․․․․‏

خدا کے معیاروں پر چلنے والا ․․․․․‏

دوستانہ انداز ․․․․․‏

وفادار ․․․․․‏

سب میں مقبول ․․․․․‏

نیک ․․․․․‏

ہنسانے والا ․․․․․‏

ارادوں کا پکا ․․․․․‏

جب آپ چھوٹے تھے تو کیا آپ کبھی کسی پر فریفتہ ہوئے تھے؟‏ اُوپر دی گئی فہرست میں سے اُس خوبی پر نشان ✗ لگائیں جس کی بِنا پر آپ اُس شخص پر فریفتہ ہوئے تھے۔‏

اُوپر دی گئی ہر ایک خوبی کی اپنی کشش ہے۔‏ اِن خوبیوں کی وجہ سے کسی کو پسند کرنا غلط نہیں ہے۔‏ لیکن شاید آپ نے دیکھا ہو کہ چھوٹی عمر میں جب بھی آپ کسی پر فریفتہ ہوتے تو یہ اُسکی سطحی خوبیوں کی وجہ سے ہوتا (‏جنکا ذکر بائیں والے کالم میں ہوا ہے)‏۔‏

البتہ جوں جوں آپ سمجھدار ہوتے گئے آپ اُن خوبیوں کو زیادہ اہمیت دینے لگے جن کا ذکر دائیں کالم میں ہوا ہے۔‏ مثال کے طور پر شاید آپ نے دیکھا ہے کہ پڑوس میں رہنے والی وہ حسین لڑکی قابلِ‌بھروسہ نہیں ہے۔‏ یا پھر کہ وہ لڑکا جو سب میں مقبول ہے اصل میں اُس کی عادتیں اچھی نہیں ہیں۔‏ اگر آپ کی ”‏جوانی ڈھل چلی ہے“‏ یعنی آپ زندگی کے اُس مرحلے سے گزر چکے ہیں جس میں جنسی خواہشات زور پکڑتی ہیں تو آپ ایک شخص کی اصلی شخصیت کو جانچ کر ہی اُس سے شادی کرنے کا فیصلہ کریں گے۔‏—‏۱-‏کرنتھیوں ۷:‏۳۶‏۔‏

شادی سے پہلے کردار کو جانچنے کی اہمیت

شاید آپ نے ماضی میں کسی کے بارے میں سوچا ہو:‏ ”‏کاش کہ اس سے میری شادی ہو جائے۔‏“‏ لیکن آپکو جان لینا چاہئے کہ ہر کوئی آپکے لئے اچھا بیاہتا ساتھی ثابت نہیں ہوگا۔‏ یقیناً آپ ایک ایسے شخص سے شادی کرنا چاہینگے جو زندگی بھر آپکا ساتھ دے اور جسکی رفاقت سے آپ دونوں کی شخصیت نکھر آئے۔‏ (‏متی ۱۹:‏۴-‏۶‏)‏ ایک ایسے شخص کی شخصیت کیسی ہونی چاہئے؟‏ اس سوال کا جواب تلاش کرنے سے پہلے آپکو خود کو ’‏آئینہ میں دیکھنا‘‏ ہوگا یعنی اپنی شخصیت کو پرکھنا ہوگا۔‏—‏یعقوب ۱:‏۲۳-‏۲۵‏۔‏

ایسا کرنے کے لئے ان سوالوں کے جواب دیں:‏

مَیں کن خوبیوں کا مالک ہوں؟‏

‏․․․․․‏

مجھ میں کونسی خامیاں ہیں؟‏

‏․․․․․‏

میری فطرت کیسی ہے اور میری روحانی ضروریات کیا ہیں؟‏

‏․․․․․‏

مان لیا کہ خود کو پرکھنا آسان نہیں ہوتا لیکن اُوپر دئے گئے سوالوں کا جواب دینے سے آپ ایسا کرنے کی شروعات کر سکتے ہیں۔‏ * آپ کی یہی کوشش ہونی چاہئے کہ آپ خود کو اچھی طرح سے جان لیں۔‏ اس طرح آپ ایک ایسے جیون‌ساتھی کا انتخاب کر سکیں گے جس کے ساتھ رہ کر آپ کی خوبیاں اَور بھی نکھریں گی اور آپ کی خامیوں میں اضافہ نہیں ہوگا۔‏ کیا آپ کے خیال میں آپ کو ایک ایسا شخص مل گیا ہے جو ایک اچھا جیون‌ساتھی ثابت ہوگا؟‏ اس صورتحال میں آپ کو کیا کرنا چاہئے؟‏

کیا ہم ایک دوسرے کے لئے مناسب ہیں؟‏

اس سوال کا جواب پانے کے لئے اُس شخص کو اچھی طرح سے جانچنے کی کوشش کریں جس سے آپ شادی کرنے کا سوچ رہے ہیں۔‏ لیکن خبردار رہیں۔‏ ایسا کرتے وقت صرف اُن باتوں پر دھیان نہ دیں جو آپ کو اُس میں پسند ہیں۔‏ جلدبازی سے کام نہ لیں بلکہ اس شخص کی شخصیت کو پہچاننے کی کوشش کریں۔‏

بہت سے جوان لوگ جو شادی کرنا چاہتے ہیں وہ سطحی باتوں پر زیادہ زور دیتے ہیں۔‏ اُن کے نزدیک یہی بات اہم ہے کہ جس شخص کا وہ انتخاب کریں گے اُس کی پسند اور ناپسند اُن کی پسند اور ناپسند سے ملتی‌جلتی ہو۔‏ مثال کے طور پر وہ کہتے ہیں کہ ”‏مجھے بھی وہی گانے پسند ہیں جو اُسے پسند ہیں“‏ یا ”‏ہم دونوں کے مشغلے ایک جیسے ہی ہیں“‏ یا پھر ”‏ہم دونوں سب باتوں پر اتفاق کرتے ہیں۔‏“‏ اگر آپ زندگی کے اُس مرحلے سے گزر رہے ہیں جس میں جنسی خواہشات زور پکڑتی ہیں تو آپ جیون‌ساتھی کا انتخاب کرتے وقت جذباتی فیصلہ کرنے کے خطرے میں ہیں۔‏ لیکن اگر آپ اس مرحلے سے گزر چکے ہیں تو آپ ایک شخص کی اصلی شخصیت کو جانچنے کی کوشش کریں گے۔‏ آپ اُس کے دل کی ”‏پوشیدہ انسانیت“‏ کو بھانپنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔‏—‏۱-‏پطرس ۳:‏۴؛‏ افسیوں ۳:‏۱۶‏۔‏

ایسا کرنے کے لئے یہ دیکھیں کہ جب آپ دونوں ایک بات پر فرق رائے رکھتے ہیں تو پھر کیا ہوتا ہے؟‏ ایسی صورتحال میں جس شخص سے آپ شادی کرنا چاہتے ہیں وہ کیسا ردعمل ظاہر کرتا ہے؟‏ کیا وہ اپنی من‌مانی کروانے پر تلا رہتا ہے؟‏ کیا وہ اپنی بات منوانے کی کوشش میں ”‏غصہ“‏ اور ”‏بدگوئی“‏ یعنی گالی‌گلوچ کرنے پر اُتر آتا ہے؟‏ (‏گلتیوں ۵:‏۱۹،‏ ۲۰؛‏ کلسیوں ۳:‏۸‏)‏ یا پھر کیا وہ حلم اور نرمی سے کام لیتا ہے؟‏ اگر ایک معاملے میں خدا کے کسی حکم کی خلاف‌ورزی نہ کی جائے تو کیا وہ سمجھوتا کرنے کو تیار بھی ہو جاتا ہے؟‏—‏یعقوب ۳:‏۱۷‏۔‏

اس بات پر بھی غور کریں کہ کیا وہ شخص حسد کرتا ہے یا آپ پر اختیار چلانے کی کوشش کرتا ہے؟‏ کیا وہ شکی ہے اور آپ سے آپ کے اُٹھنے بیٹھنے کے بارے میں پوچھ‌گچھ کرتا رہتا ہے؟‏ ایک جوان عورت جس کا نام نیکول ہے،‏ کہتی ہے:‏ ”‏اگر وہ شخص جس سے آپ شادی کرنے کا سوچ رہے ہیں آپ کو اپنے قابو میں رکھنے کی کوشش کرتا ہے تو آپ کو خبردار ہو جانا چاہئے۔‏ مَیں نے اکثر دیکھا ہے کہ جب دو لوگ شادی کرنے کا سوچتے ہیں اور اُن میں سے ایک شکی مزاج ہوتا ہے تو اُن میں جھگڑے ہوتے رہتے ہیں۔‏ میرے خیال میں ایک ایسی شادی کامیاب نہیں ہو سکتی۔‏“‏

دوسرے لوگ اُس شخص کو کیسا خیال کرتے ہیں جس سے آپ شادی کرنے کا سوچ رہے ہیں؟‏ اُن لوگوں سے اُس کے بارے میں ضرور سوال کریں جو اُسے اچھی طرح سے جانتے ہیں،‏ مثال کے طور پر ایسے پُختہ مسیحیوں سے جو اُس کی کلیسیا کے رُکن ہیں۔‏ وہ آپ کو بتا سکیں گے کہ آیا وہ شخص ”‏نیک نام“‏ ہے کہ نہیں۔‏—‏اعمال ۱۶:‏۱،‏ ۲‏۔‏ *

کیا آپ کو اس شخص سے شادی کرنی چاہئے؟‏

فرض کریں کہ آپ کو یقین ہو جاتا ہے کہ جس شخص سے آپ نے شادی کرنے کا ارادہ کِیا ہے وہ آپ کے لئے مناسب جیون‌ساتھی نہ ہوگا۔‏ ایسی صورتحال میں اُس سے شادی کرنے کا ارادہ ترک کر دیں۔‏ خدا کے کلام میں یہ ہدایت پائی جاتی ہے:‏ ”‏ہوشیار بلا کو دیکھ کر چھپ جاتا ہے۔‏“‏—‏امثال ۲۲:‏۳‏۔‏

جو بھی ہو آپ نے معلوم کر لیا ہوگا کہ آپ کس قسم کے شخص سے شادی کرنا چاہتے ہیں۔‏ یہ آپ کے اُس وقت کام آئے گا جب آپ کسی اَور کو اپنا جیون‌ساتھی بنانے کا سوچنے لگیں گے۔‏ ہو سکتا ہے کہ اس شخص کے بارے میں آپ کہہ سکیں:‏ ”‏جی‌ہاں،‏ یہ شخص میرے لئے اچھا بیاہتا ساتھی ثابت ہوگا۔‏“‏

‏”‏نوجوانوں کے سوال“‏ کے سلسلے میں مزید مضامین ویب سائٹ www.watchtower.org/ype پر مل سکتے ہیں

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 25 ایسے مزید سوالوں کے لئے یہوواہ کے گواہوں کی شائع‌کردہ کتاب خاندانی خوشی کا راز کے دوسرے باب کو دیکھیں۔‏

^ پیراگراف 31 ان سوالوں پر بھی غور کریں جو صفحہ ۱۲-‏۱۳ کے بکس میں درج ہیں۔‏

ذرا سوچیں

▪ آپ میں کونسی خوبیاں ہیں جن کی بِنا پر آپ ایک اچھا بیاہتا ساتھی ثابت ہوں گے؟‏

▪ آپ ایک شخص کی کن خوبیوں کی بِنا پر اُسے اپنے جیون ساتھی کے طور پر منتخب کریں گے؟‏

▪ اگر آپ کسی سے شادی کرنے کا سوچ رہے ہیں تو آپ اُس کی شخصیت،‏ چال‌چلن اور نیک‌نامی کے بارے میں کیسے جان سکتے ہیں؟‏

‏[‏صفحہ ۱۲ پر بکس]‏

کیا وہ اچھا شوہر ثابت ہوگا؟‏

ان باتوں کا ہونا ضروری ہے

وہ اپنے اختیار کو کیسے کام میں لاتا ہے؟‏—‏متی ۲۰:‏۲۵،‏ ۲۶‏۔‏

وہ مستقبل میں کیا کرنے کا ارادہ رکھتا ہے؟‏—‏۱-‏تیمتھیس ۴:‏۱۵‏۔‏

کیا وہ اپنے ارادوں کو پورا کرنے کے لئے محنت کر رہا ہے؟‏—‏۱-‏کرنتھیوں ۹:‏۲۶،‏ ۲۷‏۔‏

وہ کن لوگوں سے دوستی کرتا ہے؟‏—‏امثال ۱۳:‏۲۰‏۔‏

وہ روپے پیسوں کو کتنی اہمیت دیتا ہے؟‏—‏عبرانیوں ۱۳:‏۵،‏ ۶‏۔‏

وہ کس قسم کی تفریح کو پسند کرتا ہے؟‏—‏زبور ۹۷:‏۱۰‏۔‏

اُس کے لباس سے اُس کی سوچ کے بارے میں کیا ظاہر ہوتا ہے؟‏—‏۲-‏کرنتھیوں ۶:‏۳‏۔‏

وہ یہوواہ خدا کے لئے اپنی محبت کیسے ظاہر کرتا ہے؟‏—‏۱-‏یوحنا ۵:‏۳‏۔‏

ان باتوں کا ہونا فائدہ‌مند ہوگا

کیا وہ محنتی ہے؟‏—‏امثال ۶:‏۹-‏۱۱‏۔‏

کیا وہ پیسے خرچ کرنے کے سلسلے میں سمجھداری سے کام لیتا ہے؟‏—‏لوقا ۱۴:‏۲۸‏۔‏

کیا وہ نیک نام ہے؟‏—‏اعمال ۱۶:‏۱،‏ ۲‏۔‏

کیا وہ اپنے ماں‌باپ کی عزت کرتا ہے؟‏—‏خروج ۲۰:‏۱۲‏۔‏

کیا وہ دوسروں کا لحاظ رکھتا ہے؟‏—‏فلپیوں ۲:‏۴‏۔‏

ان باتوں کا ہونا نقصاندہ ہوگا

کیا اُسے جلد غصہ آ جاتا ہے؟‏—‏امثال ۲۲:‏۲۴‏۔‏

کیا وہ آپ کو جنسی بداخلاقی کرنے پر اُکساتا ہے؟‏—‏گلتیوں ۵:‏۱۹‏۔‏

کیا وہ دوسروں کو گالیاں دیتا یا پھر مارتا پیٹتا ہے؟‏—‏افسیوں ۴:‏۳۱‏۔‏

کیا اُسے تفریح کا لطف اُٹھانے کیلئے شراب پینے کی ضرورت پڑتی ہے؟‏—‏امثال ۲۰:‏۱‏۔‏

کیا وہ خودغرض ہے اور کیا وہ حسد کرتا ہے؟‏—‏۱-‏کرنتھیوں ۱۳:‏۴،‏ ۵‏۔‏

‏[‏صفحہ ۱۳ پر بکس]‏

کیا وہ اچھی بیوی ثابت ہوگی؟‏

ان باتوں کا ہونا ضروری ہے

گھر اور کلیسیا میں اُس کی تابعداری کیسے ظاہر ہوتی ہے؟‏—‏افسیوں ۵:‏۲۱،‏ ۲۲‏۔‏

اُس کے لباس اور بناؤسنگھار سے اُس کی سوچ کے بارے میں کیا ظاہر ہوتا ہے؟‏—‏۱-‏پطرس ۳:‏۳،‏ ۴‏۔‏

وہ کن لوگوں سے دوستی کرتی ہے؟‏—‏امثال ۱۳:‏۲۰‏۔‏

وہ روپے پیسوں کو کتنا اہم خیال کرتی ہے؟‏—‏۱-‏یوحنا ۲:‏۱۵-‏۱۷‏۔‏

وہ مستقبل میں کیا کرنے کا ارادہ رکھتی ہے؟‏—‏۱-‏تیمتھیس ۴:‏۱۵‏۔‏

کیا وہ اپنے ارادوں کو پورا کرنے کے لئے محنت کر رہی ہے؟‏—‏۱-‏کرنتھیوں ۹:‏۲۶،‏ ۲۷‏۔‏

اُسے کس قسم کی تفریح پسند ہے؟‏—‏زبور ۹۷:‏۱۰‏۔‏

وہ یہوواہ خدا کیلئے اپنی محبت کیسے ظاہر کرتی ہے؟‏—‏۱-‏یوحنا ۵:‏۳‏۔‏

ان باتوں کا ہونا فائدہ‌مند ہوگا

❑ کیا وہ محنتی ہے؟‏—‏امثال ۳۱:‏۱۷،‏ ۱۹،‏ ۲۱،‏ ۲۲،‏ ۲۷‏۔‏

پیسے خرچ کرنے کے سلسلے میں کیا وہ سمجھداری سے کام لیتی ہے؟‏—‏امثال ۳۱:‏۱۶،‏ ۱۸‏۔‏

کیا وہ نیک نام ہے؟‏—‏روت ۴:‏۱۱‏۔‏

کیا وہ اپنے ماں‌باپ کی عزت کرتی ہے؟‏—‏خروج ۲۰:‏۱۲‏۔‏

کیا وہ دوسروں کا لحاظ رکھتی ہے؟‏—‏امثال ۳۱:‏۲۰‏۔‏

ان باتوں کا ہونا نقصاندہ ہوگا

کیا اُسے لڑنے جھگڑنے کی عادت ہے؟‏—‏امثال ۲۱:‏۱۹‏۔‏

کیا وہ آپ کو جنسی بداخلاقی کرنے پر اُکساتی ہے؟‏—‏گلتیوں ۵:‏۱۹‏۔‏

کیا وہ دوسروں کو گالیاں دیتی یا پھر مارتی پیٹتی ہے؟‏—‏افسیوں ۴:‏۳۱‏۔‏

کیا اُسے تفریح کا لطف اُٹھانے کے لئے شراب پینے کی ضرورت پڑتی ہے؟‏—‏امثال ۲۰:‏۱‏۔‏

کیا وہ خودغرض ہے اور کیا وہ حسد کرتی ہے؟‏—‏۱-‏کرنتھیوں ۱۳:‏۴،‏ ۵‏۔‏