مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

مَیں فحش مواد سے کیسے دُور رہ سکتا ہوں؟‏

مَیں فحش مواد سے کیسے دُور رہ سکتا ہوں؟‏

نوجوانوں کا سوال

مَیں فحش مواد سے کیسے دُور رہ سکتا ہوں؟‏

‏”‏سکول میں ایک لڑکے نے اپنی الماری میں فحش تصویر لٹکائی تھی۔‏ میری الماری اس کی الماری کے پاس ہی تھی۔‏ جب وہ اپنی الماری کھولتا تو میری نظر اس تصویر پر پڑتی۔‏“‏—‏رابرٹ۔‏ *

‏”‏مَیں ہوم‌ورک کے سلسلے میں انٹرنیٹ پر تحقیق کر رہی تھی کہ اچانک ہی ایک فحش ویب‌سائٹ کُھل گئی۔‏“‏—‏انیٹ۔‏

جس زمانے میں آپ کے والدین نوجوان تھے اُس زمانے میں فحش مواد حاصل کرنا آسان نہیں تھا۔‏ آجکل اسے حاصل کرنا بہت آسان ہو گیا ہے۔‏ ہو سکتا ہے کہ جس طرح رابرٹ کے ساتھ ہوا تھا،‏ اسی طرح آپ کی نظر بھی ایسی فحش تصویروں پر پڑے جو آپ کے ہم‌جماعتوں کے پاس ہوں۔‏ یا پھر جس طرح انیٹ کے ساتھ ہوا تھا،‏ شاید انٹرنیٹ استعمال کرتے وقت آپ کو بھی اچانک فحش تصویریں دکھائی دیں۔‏ ایک ۱۹ سالہ لڑکی کہتی ہے کہ ”‏انٹرنیٹ پر خریداری کرتے وقت یا پھر بینک بیلنس کو دیکھتے وقت اچانک ہی فحش تصویریں سکرین پر کُھل جاتی ہیں۔‏“‏ *

یہ کوئی انوکھی بات نہیں ہے۔‏ ایک جائزے کے مطابق ۸ سے لے کر ۱۶ سال کی عمر کے نوجوانوں میں سے ۹۰ فیصد نے انٹرنیٹ پر فحش مواد دیکھا ہے حالانکہ وہ ایسا نہیں کرنا چاہتے تھے۔‏ یہ بات اکثر اُس وقت ہوتی ہے جب نوجوان ہوم‌ورک کے لئے تحقیق کر رہے ہوتے ہیں۔‏ آجکل لاکھوں فحش ویب‌سائٹس موجود ہیں جن میں کروڑوں فحش تصویریں اور فلمیں دکھائی جاتی ہیں۔‏ اس لئے فحش مواد حاصل کرنا بہت ہی آسان ہو گیا ہے۔‏ یہاں تک کہ یہ موبائل فون کے ذریعے بھی حاصل کِیا جا سکتا ہے۔‏ سولہ سالہ ڈینیس کہتی ہے کہ ”‏سوموار کو میرے سکول میں سارے طالبعلم اسی بارے میں بات کرتے ہیں کہ ہفتہ اور اتوار کے روز اُنہوں نے انٹرنیٹ سے اپنے موبائل فون پر کونسی فحش تصویریں ڈاون‌لوڈ کی ہیں۔‏“‏

یہ جان کر کہ اتنے زیادہ لوگ فحش مواد کو دیکھتے ہیں شاید آپ یہ سوچیں کہ ”‏کیا ایسا کرنا واقعی غلط ہے؟‏“‏ جی‌ہاں،‏ فحش مواد کو دیکھنا یا سننا ہر حال میں غلط ہوتا ہے۔‏ اس کی مختلف وجوہات ہیں۔‏ ذرا اِن میں سے تین وجوہات پر غور کریں:‏

فحش مواد سے نہ صرف فحش حرکت کرنے والا بلکہ اسے دیکھنے والا بھی خدا کی نظر میں حقیر ہو جاتا ہے۔‏—‏۱-‏تھسلنیکیوں ۴:‏۳-‏۵‏۔‏

جو شخص فحش مواد پر غور کرتا ہے وہ نوح کے زمانے کے بُرے فرشتوں کی طرح ہے جن کے خیالات جنسی خواہشات ہی کے گِرد منڈلاتے تھے۔‏—‏پیدایش ۶:‏۲؛‏ یہوداہ ۶،‏ ۷‏۔‏

فحش مواد کو دیکھنا وہ پہلا قدم ہے جو ایک شخص کو بداخلاقی کی راہ پر لے جاتا ہے۔‏—‏یعقوب ۱:‏۱۴،‏ ۱۵‏۔‏

فحش مواد کو دیکھنا یا سننا بہت نقصان‌دہ ہو سکتا ہے۔‏ اس کی دو مثالوں پر غور کریں:‏

‏”‏مَیں نے چھوٹی عمر ہی میں فحش تصویریں دیکھنا شروع کر دیا اور اس عادت کو توڑنا میرے لئے بہت مشکل ثابت ہوا۔‏ مجھے اِس عادت کو چھوڑے کئی سال ہو گئے ہیں لیکن مَیں اِن تصویروں کو بھلا نہیں سکتی۔‏ وہ بار بار میرے خیالات میں اُبھر آتی ہیں جس وجہ سے میرا ضمیر مجھے ملامت کرتا رہتا ہے۔‏ فحش مواد کو دیکھنے سے ایک شخص اپنی نظروں میں گِر جاتا ہے۔‏ یہ ایک ایسا بوجھ ہے جسے ایک شخص زندگی بھر اُٹھائے پھرتا ہے۔‏“‏—‏ایریکا۔‏

‏”‏مجھے ۱۰ سال تک فحش مواد دیکھنے کی عادت رہی۔‏ اب مجھے اس عادت کو چھوڑے ۱۴ سال ہو چکے ہیں۔‏ لیکن مجھے آج بھی فحش مواد دیکھنے کی خواہش کا مقابلہ کرنا پڑ رہا ہے۔‏ یہ خواہش قدراً کم ہو گئی ہے لیکن اب بھی میرے دل میں تجسّس ہے۔‏ فحش تصویریں میرے ذہن پر نقش ہو گئی ہیں۔‏ کاش کہ مَیں اس راہ پر کبھی نہ چل دیا ہوتا۔‏ شروع میں مَیں نے سوچا کہ فحش مواد دیکھنے اور سننے میں کوئی ہرج نہیں۔‏ لیکن اب مَیں جانتا ہوں کہ یہ عادت بہت خطرناک ہے۔‏ یہ ایک گندی عادت ہے۔‏ اس عادت میں پڑنے والا ذلیل ہوتا ہے۔‏ کئی لوگوں کا کہنا ہے کہ فحش مواد دیکھنے کے فائدے بھی ہوتے ہیں۔‏ لیکن اس کا ایک بھی فائدہ نہیں ہے بلکہ نقصان ہی نقصان ہیں۔‏“‏—‏جیف۔‏

خود کو پرکھیں

آپ کونسے قدم اُٹھا سکتے ہیں تاکہ آپ فحش مواد دیکھنے سے بچے رہیں؟‏ پہلے تو اِن باتوں پر غور کریں:‏

آپ کو فحش مواد کتنی بار اتفاقاً نظر آتا ہے؟‏

□ کبھی نہیں □ کبھی‌کبھار

□ ہفتے میں ایک بار □ روزانہ

یہ مواد آپ کو کہاں دکھائی دیتا ہے؟‏

□ انٹرنیٹ پر □ سکول میں

□ ٹی‌وی پر □ دوسرے موقعوں پر

ذرا ان موقعوں کے بارے میں سوچیں جب آپ کو ایسا مواد دکھائی دیا ہے۔‏

مثال کے طور پر:‏

کیا آپ کے بعض ہم‌جماعت ای‌میل یا موبائل فون کے ذریعے آپ کو فحش تصویریں بھیجتے ہیں؟‏ اگر ایسا ہے تو مستقبل میں اِن ہم‌جماعتوں کے پیغامات کو دیکھے بغیر ہی ڈیلیٹ یعنی ختم کر دیں۔‏

جب آپ نے انٹرنیٹ پر ایک لفظ ڈال کر معلومات تلاش کی تو کیا اچانک فحش ویب‌سائٹ کُھل گئی؟‏ ذرا سوچیں کہ وہ کونسے لفظ تھے جن کے ڈالنے پر ایسا ہوا اور آئندہ ان کو استعمال کرتے وقت محتاط رہیں۔‏

نیچے ایسے موقعوں کی فہرست تیار کریں جب آپ کو فحش مواد دکھائی دیا۔‏

‏․․․․․‏

آپ کیا کر سکتے ہیں تاکہ آئندہ آپ فحش مواد سے بچے رہیں؟‏

‏․․․․․‏

جب آپ کی نظر فحش مواد پر پڑتی ہے تو آپ عموماً کیا کرتے ہیں؟‏

□ مَیں فوراً نظر ہٹا لیتا ہوں

□ مَیں تجسّس میں پڑ کر اِسے ایک نظر دیکھ لیتا ہوں

□ مَیں اسے جی بھر کر دیکھتا ہوں اور مزید مواد کی تلاش میں لگ جاتا ہوں

اگر آپ نے دوسرے یا تیسرے جواب پر نشان لگایا ہے تو آپ کو آئندہ کے لئے کونسا عزم کرنا چاہئے؟‏

‏․․․․․‏

اس عادت سے چھٹکارا حاصل کریں

کئی نوجوان جن کی نظر اتفاقاً فحش مواد پر پڑی تھی وہ تجسّس میں پڑ کر ایسے مواد کی تلاش کرنے لگے۔‏ یوں اُن کو ایسے مواد کو دیکھنے کی عادت پڑ گئی۔‏ ایک عادت سے چھٹکارا حاصل کرنا آسان نہیں ہے۔‏ جیف جس کا ذکر پہلے بھی ہو چکا ہے،‏ کہتا ہے:‏ ”‏بائبل کا مطالعہ کرنے سے پہلے مَیں منشیات لیتا تھا۔‏ میرے لئے اس عادت کو توڑنا اتنا مشکل نہیں تھا جتنا کہ فحش تصویریں دیکھنے کی عادت سے چھٹکارا حاصل کرنا تھا۔‏“‏

اگر آپ کو فحش مواد دیکھنے اور سننے کی عادت پڑ گئی ہے تو ہمت نہ ہاریں۔‏ آپ اس عادت پر غالب آ سکتے ہیں۔‏ آپ ایسا کیسے کر سکتے ہیں؟‏

اِس بات کو تسلیم کریں کہ فحاشی شیطان کا ایک پھندا ہے۔‏ یہوواہ خدا نے جنسی اعضا کو ایک پاک مقصد کے لئے بنایا ہے جبکہ شیطان اِن کے غلط استعمال کو فروغ دیتا ہے۔‏ اگر آپ فحاشی کے سلسلے میں خدا کا نظریہ اپنائیں گے تو آپ بھی ”‏بدی سے نفرت“‏ کرنے لگیں گے۔‏—‏زبور ۹۷:‏۱۰‏۔‏

فحش مواد کے بُرے اثرات پر غور کریں۔‏ اس سے شادیاں برباد ہو جاتی ہیں۔‏ فحاشی کی وجہ سے لوگوں کی نظروں میں مخالف جنس کی قدر کم ہو جاتی ہے۔‏ فحش مواد ایک شخص کی سوچ کو بگاڑ دیتا ہے۔‏ اس لئے خدا کے کلام میں یہ تاکید کی گئی ہے کہ ”‏صاحبِ‌عقل بدی کو دیکھ کر چھپ جاتا ہے۔‏“‏ (‏امثال ۲۲:‏۳‏،‏ کیتھولک ترجمہ‏)‏ فحش مواد دیکھنے کے بُرے اثرات کی ایک مثال نیچے لکھیں:‏

‏․․․․․‏

فحاشی سے دُور رہنے کی ٹھان لیں۔‏ خدا کے خادم ایوب نے کہا:‏ ”‏مَیں نے اپنی آنکھوں سے عہد کِیا ہے۔‏ پھر مَیں کسی کنواری پر کیونکر نظر کروں؟‏“‏ (‏ایوب ۳۱:‏۱‏)‏ نیچے کئی ایسی باتیں بتائی گئی ہیں جن پر آپ عمل کرنے کا عزم رکھ سکتے ہیں:‏

□ مَیں اُس وقت انٹرنیٹ استعمال نہیں کروں گا جب مَیں اکیلا ہوتا ہوں۔‏

□ جب سکرین پر کوئی فحش ویب‌سائٹ آئے تو مَیں اسے فوراً بند کر دوں گا۔‏

□ اگر مَیں دوبارہ سے فحش مواد دیکھنے کی عادت میں پڑنے لگوں تو مَیں کسی ایسے شخص سے مدد مانگوں گا جو اچھے اخلاقی معیار رکھتا ہے۔‏

ان باتوں کے علاوہ آپ فحاشی سے دُور رہنے کے لئے اَور کیا کچھ کر سکتے ہیں؟‏ اپنے ارادوں کو نیچے درج کریں:‏

‏․․․․․‏

مدد کے لئے دُعا کریں۔‏ زبور نویس نے یہوواہ خدا سے یوں دُعا کی:‏ ”‏میری آنکھوں کو بطلان پر نظر کرنے سے باز رکھ۔‏“‏ (‏زبور ۱۱۹:‏۳۷‏)‏ ایسی باتوں سے نظر ہٹانا آسان نہیں ہوتا جن سے ہمارے اندر غلط خواہشیں پیدا ہوتی ہیں۔‏ لیکن یہوواہ خدا ایسا کرنے میں آپ کی مدد کرنا چاہتا ہے۔‏ وہ آپ کو ”‏حد سے زیادہ قدرت“‏ عطا کر سکتا ہے تاکہ آپ اپنی خواہشوں پر قابو پا سکیں۔‏—‏۲-‏کرنتھیوں ۴:‏۷‏۔‏

کسی کو اپنے مسئلے کے بارے میں بتائیں۔‏ بیشک کسی کو یہ بتانا کہ آپ فحش مواد دیکھنے کی عادت میں پڑ گئے ہیں آسان نہیں ہوگا۔‏ لیکن ذرا سوچیں کہ ایسا کرنے کے بعد آپ کا دل کتنا ہلکا ہو جائے گا۔‏ جس شخص کو آپ اپنے مسئلے کے بارے میں بتاتے ہیں وہ ایک ایسے بھائی کی طرح ہوتا ہے جو ”‏مصیبت کے دن کے لئے پیدا ہوا ہے۔‏“‏ (‏امثال ۱۷:‏۱۷‏)‏ ایک شخص کو اپنے مسئلے کے بارے میں بتانے سے آپ فحش مواد کی عادت سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لئے ایک اہم قدم اُٹھا رہے ہوں گے۔‏

اگر آپ کو فحش مواد دیکھنے کی عادت ہے تو نیچے ایک ایسے سمجھ‌دار شخص کا نام لکھیں جسے آپ اپنے اعتماد میں لینا چاہتے ہیں:‏

‏․․․․․‏

یقین کریں کہ آپ فحش مواد دیکھنے کی عادت میں پڑنے سے بچ سکتے ہیں یا پھر اس پر غالب آ سکتے ہیں۔‏ یاد رکھیں کہ جب بھی آپ فحش مواد سے نظر ہٹاتے ہیں تو یہ آپ کی بہت بڑی جیت ہوتی ہے۔‏ یہوواہ خدا کا شکرادا کریں کہ اُس نے آپ کو یہ جیت دلائی ہے۔‏ یہ بھی یاد رکھیں کہ فحاشی سے دُور رہنے سے آپ یہوواہ خدا کے دل کو خوش کرتے ہیں۔‏—‏امثال ۲۷:‏۱۱‏۔‏

‏”‏نوجوانوں کے سوال“‏ کے سلسلے میں مزید مضامین ویب‌سائٹ www.watchtower.org/ype پر مل سکتے ہیں

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 3 اس مضمون میں لوگوں کے نام بدل دئے گئے ہیں۔‏

^ پیراگراف 5 فحش مواد سے مُراد ایسا مواد ہے جس سے دیکھنے یا سننے والے میں جنسی خواہشات بیدار ہوں۔‏ اس میں نہ صرف تصویریں شامل ہیں بلکہ ایسا مواد بھی جو پڑھا یا سنا جاتا ہے۔‏

ذرا سوچیں

▪ فحش مواد کو دیکھنا یا سننا غلط کیوں ہے؟‏

▪ فحاشی سے دُور رہنے کے لئے آپ کونسے قدم اُٹھا سکتے ہیں؟‏

▪ اگر آپ کی بہن یا آپ کا بھائی اس عادت میں پڑ گیا ہے تو آپ اُس کی مدد کیسے کر سکتے ہیں؟‏

‏[‏صفحہ ۲۸‏،‏ ۲۹ پر تصویر]‏

کیا آپ کے ہم‌جماعت آپ کو موبائل فون کے ذریعے فحش تصویریں بھیجتے ہیں؟‏