مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

آخری زمانہ—‏اِس کے بعد کیا ہوگا؟‏

آخری زمانہ—‏اِس کے بعد کیا ہوگا؟‏

آخری زمانہ‏—‏اِس کے بعد کیا ہوگا؟‏

بعض لوگ ”‏اخیر زمانہ“‏ کے بارے میں سوچ کر خوفزدہ ہو جاتے ہیں۔‏ (‏۲-‏تیمتھیس ۳:‏۱‏)‏ وہ اِسے صرف ایک مشکل وقت خیال کرتے ہیں۔‏ لیکن پاک صحائف میں بتایا گیا ہے کہ اِس کے بعد اچھا وقت آئے گا۔‏

سر آئزک نیوٹن کو یقین تھا کہ خاتمے کے بعد پوری دُنیا میں خدا کی ہزار سالہ بادشاہت حکمرانی کرے گی۔‏ نیز،‏ یہ بادشاہت امن اور خوشحالی کا ایک نیا دَور لائے گی۔‏ اُس نے بیان کِیا کہ اُس وقت میکاہ ۴:‏۳ اور یسعیاہ ۲:‏۴ کی یہ پیشینگوئی پوری ہوگی:‏ ”‏وہ اپنی تلواروں کو توڑ کر پھالیں اور اپنے بھالوں کو ہنسوے بنا ڈالیں گے اور قوم‌قوم پر تلوار نہ چلائے گی اور وہ پھر کبھی جنگ کرنا نہ سیکھیں گے۔‏“‏

یسوع مسیح نے اپنے پیروکاروں کو خاتمے کے وقت کے بارے میں مثبت نظریہ رکھنے کی تاکید کی۔‏ اُنہیں مشکلات،‏ پریشانیوں اور بڑی مصیبت کے دوران پھیلنے والے خوف کے بارے میں بتانے کے بعد یسوع مسیح نے کہا:‏ ”‏جب یہ باتیں ہونے لگیں تو سیدھے ہو کر سر اُوپر اٹھانا اِس لئے کہ تمہاری مخلصی نزدیک ہوگی۔‏“‏ (‏لوقا ۲۱:‏۲۸‏)‏ اُنہیں کن باتوں سے مخلصی حاصل ہونی تھی؟‏

خدا کن باتوں کا وعدہ کرتا ہے؟‏

جنگ،‏ خانہ‌جنگی،‏ جُرم،‏ تشدد اور بھوک اُن چیزوں میں سے محض چند ہیں جنہوں نے انسانوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔‏ اِن کی وجہ سے لاکھوں لوگ خوف کے سائے میں جی رہے ہیں۔‏ کیا آپ کو بھی اِن مصیبتوں میں سے کسی کا سامنا ہے؟‏ آئیے دیکھیں کہ خدا کن باتوں کا وعدہ کرتا ہے:‏

‏”‏تھوڑی دیر میں شریر نابود ہو جائے گا۔‏ .‏ .‏ .‏ حلیم مُلک کے وارث ہوں گے اور سلامتی کی فراوانی سے شادمان رہیں گے۔‏“‏—‏زبور ۳۷:‏۱۰،‏ ۱۱‏۔‏

‏”‏میرے لوگ سلامتی کے مکانوں میں اور بےخطر گھروں میں اور آسودگی اور آسایش کے کاشانوں میں رہیں گے۔‏“‏—‏یسعیاہ ۳۲:‏۱۸‏۔‏

‏”‏[‏یہوواہ]‏ زمین کی انتہا تک جنگ موقوف کراتا ہے۔‏ وہ کمان کو توڑتا اور نیزے کے ٹکڑے کر ڈالتا ہے۔‏ وہ رتھوں کو آگ سے جلا دیتا ہے۔‏“‏—‏زبور ۴۶:‏۹‏۔‏

‏”‏تب ہر ایک آدمی اپنی تاک اور اپنے انجیر کے درخت کے نیچے بیٹھے گا اور اُن کو کوئی نہ ڈرائے گا۔‏“‏—‏میکاہ ۴:‏۴‏۔‏

‏”‏زمین میں پہاڑوں کی چوٹیوں پر اناج کی اِفراط ہوگی۔‏“‏—‏زبور ۷۲:‏۱۶‏۔‏

‏”‏جو میری سنتا ہے وہ محفوظ ہوگا اور آفت سے نڈر ہو کر اطمینان سے رہے گا۔‏“‏—‏امثال ۱:‏۳۳‏۔‏

اگر ہم کسی ایسی جگہ پر رہتے ہیں جہاں حالات قدرے بہتر ہیں توبھی ہمیں بیماری اور موت کا سامنا تو ہوتا ہے۔‏ لیکن خدا کی نئی دُنیا میں بیماری اور موت کا نام‌ونشان مٹا دیا جائے گا۔‏ لہٰذا،‏ ہم سب اپنے اُن عزیزوں کو دوبارہ دیکھنے کے منتظر ہیں جو وفات پا چکے ہیں۔‏ اِس سلسلے میں اِن صحائف پر غور کریں:‏

‏”‏وہاں کے باشندوں میں بھی کوئی نہ کہے گا کہ مَیں بیمار ہوں۔‏“‏—‏یسعیاہ ۳۳:‏۲۴‏۔‏

‏”‏[‏خدا]‏ اُن کی آنکھوں کے سب آنسو پونچھ دے گا۔‏ اِس کے بعد نہ موت رہے گی اور نہ ماتم رہے گا۔‏ نہ آہ‌ونالہ نہ درد۔‏ پہلی چیزیں جاتی رہیں۔‏“‏—‏مکاشفہ ۲۱:‏۴‏۔‏

‏”‏سب سے پچھلا دُشمن جو نیست کِیا جائے گا وہ موت ہے۔‏“‏—‏۱-‏کرنتھیوں ۱۵:‏۲۶‏۔‏

‏”‏وہ وقت آتا ہے کہ جتنے قبروں میں ہیں [‏یسوع]‏ کی آواز سُن کر نکلیں گے۔‏“‏—‏یوحنا ۵:‏۲۸،‏ ۲۹‏۔‏

پطرس رسول نے اِن سب باتوں کا خلاصہ بڑے شاندار طریقے سے کِیا۔‏ اُس نے لکھا:‏ ”‏[‏خدا]‏ کے وعدہ کے موافق ہم نئے آسمان اور نئی زمین کا انتظار کرتے ہیں جن میں راستبازی بسی رہے گی۔‏“‏ (‏۲-‏پطرس ۳:‏۱۳‏)‏ راستبازوں کے زمین پر رہنے کیلئے اُن تمام لوگوں کا خاتمہ بہت ضروری ہے جو زمین کو خراب کر رہے ہیں۔‏ یہ بات آجکل کی حکومتوں کے بارے میں بھی سچ ہے جو اپنے مفادات کیلئے لڑائی‌جھگڑا اور خون‌خرابہ کرتی ہیں۔‏ خدا کی بادشاہت جس کا بادشاہ یسوع مسیح ہے تمام انسانی حکومتوں کی جگہ لے لے گی۔‏ اِس بادشاہ کے سلسلے میں ہمیں یقین‌دہانی کرائی گئی ہے:‏ ”‏اُسکی سلطنت کے اِقبال اور سلامتی کی کچھ اِنتہا نہ ہوگی۔‏ وہ داؔؤد کے تخت اور اُس کی مملکت پر آج سے ابد تک حکمران رہے گا اور عدالت اور صداقت سے اُسے قیام بخشے گا ربُ‌الافواج [‏یہوواہ]‏ کی غیوری یہ سب کچھ کرے گی۔‏“‏—‏یسعیاہ ۹:‏۷‏۔‏

آپ بھی ایسے شاندار مستقبل کی توقع رکھ سکتے ہیں کیونکہ خدا کے کلام میں ہمیں یقین دلایا گیا ہے کہ ”‏[‏خدا]‏ چاہتا ہے کہ سب آدمی نجات پائیں اور سچائی کی پہچان تک پہنچیں۔‏“‏ (‏۱-‏تیمتھیس ۲:‏۴‏)‏ پس ہمیشہ کی زندگی کا باعث بننے والا علم حاصل کرنے میں تاخیر نہ کریں۔‏ (‏یوحنا ۱۷:‏۳‏)‏ اِس سلسلے میں آپ اِس رسالے کے ناشرین سے رابطہ کر سکتے اور پاک صحائف کی تعلیم حاصل کرنے کے لئے درخواست کر سکتے ہیں۔‏

‏[‏صفحہ ۸،‏ ۹ پر تصویر]‏

آپ فردوس میں زمین پر امن‌وسلامتی اور اچھی صحت سے لطف‌اندوز ہونے کی اُمید رکھ سکتے ہیں