ہر مریض کو انتخاب کا حق حاصل ہے
ہر مریض کو انتخاب کا حق حاصل ہے
اٹلی سے جاگو! کا نامہنگار
▪ یہوواہ کے گواہ خون لینے سے انکار کرتے ہیں۔ اُن کے اِس انکار کی وجہ بائبل میں درج حکموں پر مبنی ہے۔ جیساکہ ہمارے خالق نے پیدایش ۹:۴ میں حکم دیا تھا: ”تُم گوشت کے ساتھ خون کو جو اُس کی جان ہے نہ کھانا۔“ اِسی طرح پہلی صدی میں مسیحیوں کو بھی بائبل میں یہ حکم دیا گیا تھا: ”تُم . . . لہو . . . سے پرہیز کرو۔“—اعمال ۱۵:۲۹؛ احبار ۱۷:۱۴۔
اٹلی کے شہر مونٹیرنزیو میں ایک سیکنڈری سکول کے طالبعلموں کو خون کا عطیہ دینے کی اہمیت کے موضوع پر مضمون لکھنے کے لئے کہا گیا۔ اِن طالبعلموں میں بینیڈیٹا بھی شامل تھی جوکہ یہوواہ کی ایک گواہ ہے۔ اُس کے مضمون کا خاکہ پیشِخدمت ہے:
”یہ تو سب لوگ جانتے ہیں کہ بائبل اُصولوں کی پیروی کرنے کی وجہ سے یہوواہ کے گواہ خون لینے سے انکار کرتے ہیں۔ لیکن اِس کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ وہ علاج کے دیگر طریقوں کو قبول کرنے سے بھی انکار کرتے ہیں۔ درحقیقت، یہوواہ کے گواہ اپنی صحت کا بہت خیال رکھتے ہیں۔ وہ اپنے بچوں اور خود اپنے لئے بہترین علاج تلاش کرنے کی کوشش میں رہتے ہیں۔ وہ ڈاکٹروں کے ساتھ ہر طرح سے تعاون کرنے کے لئے بھی تیار ہوتے ہیں بشرطیکہ وہ اُن کے مذہبی اعتقادات کا احترام کریں۔“
اِس کے بعد بینیڈیٹا نے مزید لکھا: ”ہر مریض اپنے لئے بہترین علاج کا انتخاب کرنے کا حق رکھتا ہے۔ اُس کے اِس حق کا احترام کِیا جانا چاہئے۔ مریض کو یہ جاننے کا بھی حق ہے کہ اُس کا جو بھی علاج کِیا جا رہا ہے اُس کے کیا نقصانات ہیں اور کیا فائدے ہیں۔“
اویس (ایسوسیایشن آف اٹالین بلڈ ڈونرز) کی مونٹیرنزیو برانچ نے اِس موضوع پر اپنے خیالات کا اظہار کرنے والے طالبعلموں کو انعام سے نوازا۔ مونٹیرنزیو سے شائع ہونے والے ایک رسالے نے بیان کِیا: ”بینیڈیٹا باربی کے مضمون کو بہت پسند کِیا گیا۔ اگرچہ اُس کا مضمون اویس کے نظریات کی حمایت نہیں کر رہا تھا توبھی اِس میں کوئی شک نہیں کہ اُس نے اپنے خیالات کا اظہار بہت ہی عمدہ طریقے سے کِیا تھا۔“
اگرچہ خون کے سلسلے میں یہوواہ کے گواہوں کا مؤقف ”زیرِبحث موضوع کے بالکل برعکس ہے“ توبھی بہت سے ڈاکٹر اب اُن کے مؤقف کی اہمیت کو سمجھنے لگے ہیں۔ یہوواہ کے گواہوں کا یہ مؤقف ڈاکٹروں کے ایسے نئےنئے طریقۂعلاج دریافت کرنے کا سبب بنا ہے جن میں آپریشن کے دوران بہت کم خون ضائع ہوتا ہے۔ اِس سے نہ صرف گواہوں کو بلکہ دیگر مریضوں کو بھی فائدہ پہنچا ہے۔ تاہم، جیسے مضمون کے شروع میں بیان کِیا گیا تھا یہوواہ کے گواہوں کے خون سے انکار کرنے کی ٹھوس وجہ بائبل میں موجود ہے۔
آئندہ جب کبھی یہوواہ کے گواہ آپ کے دروازے پر آئیں تو اُن سے ضرور یہ پوچھیں کہ ہمارا خالق خون کو کیسا خیال کرتا ہے؟ یقیناً وہ آپ کو’احترام‘ کے ساتھ اِس سوال کا جواب دیں گے۔—۱-پطر س ۳:۱۵۔
[صفحہ ۱۷ پر بکس/تصویر]
مزید معلومات
بہتیرے ماہرین کی مدد سے تیارکردہ ڈیویڈی ٹرانسفیوژن آلٹرنیٹوز (انتقالِخون کے متبادلات) میں بہت سے ایسے طبی، قانونی اور اخلاقی اُصول بیان کئے گئے ہیں جو انتقالِخون کے متبادلات کی حمایت کرتے ہیں۔ یہ ڈیویڈی یہوواہ کے گواہوں سے مل سکتی ہے۔