یہوواہ خدا کا دہنا ہاتھ مجھے سنبھالتا ہے
یہوواہ خدا کا دہنا ہاتھ مجھے سنبھالتا ہے
▪ میکسیکو کا رہنے والا جیزریل پیدائشی طور پر ایک بیماری میں مبتلا ہے جسے سمک جِلدی (لامیلر اکتھیوسس) کہتے ہیں۔ یہ ایک ایسی جِلدی بیماری ہے جس میں انسانی جِلد خشک اور سخت ہو کر مچھلی کی کھال کی طرح نظر آنے لگتی ہے۔ جیزریل کے جسم کا بیشتر حصہ بھی ایسا ہی ہے۔ وہ کہتا ہے: ”اگرچہ یہ مرض ایک سے دوسرے کو نہیں لگتا توبھی لوگ مجھ سے گھن کھاتے ہیں۔“
بچپن ہی سے جیزریل کا مختلف ہسپتالوں میں علاج کروایا گیا۔ جب وہ دو سال کا تھا تو اُسے علاج کے لئے ہسپتال میں دوسرے مریضوں سے علیٰحدہ رکھا گیا تاکہ اُسے کوئی اَور بیماری نہ لگ جائے۔ تاہم، اُس کی اِس بیماری کے سلسلے میں کوئی علاج کارگر ثابت نہ ہوا۔ منفی احساسات پر قابو پانے میں مدد دینے کے لئے اُس کا نفسیاتی علاج بھی کِیا گیا۔
وہ لوگ جو یہ سمجھتے ہیں کہ جیزریل کو چھوت کی بیماری ہے اکثر اُس سے دُور بھاگتے ہیں۔ جب وہ چھوٹا بچہ تھا اور دوسرے بچوں کے ساتھ کھیلنا چاہتا تھا تو اُس کے لئے اِس صورتحال کا سامنا کرنا اَور بھی مشکل تھا۔ وہ کہتا ہے: ”بچے میرا مذاق اُڑایا کرتے تھے۔ وہ مجھے ایلین یعنی کسی دوسری دُنیا کی مخلوق یا پھر مصری ممی کہہ کر چھیڑا کرتے تھے۔“
لیکن اپنی اِس جِلدی بیماری کی وجہ سے جیزریل دوسرے لوگوں کو اپنے بائبل پر مبنی ایمان اور اُمید کے بارے میں بتانے کے قابل ہوا ہے۔ اُسے دیکھ کر لوگ یہ سوال پوچھتے ہیں کہ کیا آپ جل گئے تھے تو اُس کا جواب ہوتا ہے کہ نہیں۔ اگر آپ جلے نہیں ہیں تو پھر آپ کی جِلد کو کیا ہوا ہے؟ تب جیزریل نہ صرف اُنہیں اپنی جِلدی بیماری کے بارے میں بتاتا ہے بلکہ یہ بھی کہ ابھی تک اِس بیماری کا کوئی علاج دریافت نہیں ہوا۔
وہ اُنہیں مزید بتاتا ہے: ”میرے پاس ایک بہترین اُمید ہے جو شاید کسی اَور کے پاس نہیں۔ یہوواہ خدا نے اپنے پاک کلام میں یہ وعدہ کِیا ہے کہ اُس کے حکموں پر چلنے والے لوگ نئی دُنیا میں رہیں گے جس میں کوئی بیماری اور دُکھ درد نہیں ہوگا۔“ (مکاشفہ ۲۱:۳، ۴) اِس طرح کی باتچیت کرنے سے جیزریل بہت سے لوگوں کو بائبل کا مطالعہ کرانے اور اُنہیں یہوواہ کا گواہ بننے میں مدد دینے کے قابل ہوا ہے۔
وہ کہتا ہے: ”مَیں بہت خوش ہوں کہ میری پیدائش ایک مسیحی خاندان میں ہوئی ہے۔ یہوواہ کا گواہ ہونے کی وجہ سے میرے بہت سے اچھے دوست ہیں۔ اُن میں سے کوئی بھی میری شکلوصورت کی وجہ سے مجھ سے دُور نہیں بھاگتا۔ مَیں نے ۱۷ سال کی عمر میں بپتسمہ لیا تھا اور اب مجھے اپنے خالق کی خدمت کرتے ہوئے ۱۴ سال ہو گئے ہیں۔“
جیزریل یسعیاہ ۴۱:۱۰، ۱۳ میں درج یہوواہ خدا کے اِن تسلیبخش الفاظ کو ہمیشہ یاد رکھتا ہے: ”تُو مت ڈر کیونکہ مَیں تیرے ساتھ ہوں . . . مَیں اپنی صداقت کے دہنے ہاتھ سے تجھے سنبھالوں گا۔ کیونکہ مَیں [یہوواہ] تیرا خدا تیرا دہنا ہاتھ پکڑ کر کہوں گا مت ڈر۔ مَیں تیری مدد کروں گا۔“
یہوواہ خدا کے دہنے ہاتھ کو مضبوطی سے تھامے رہنے کی وجہ سے جیزریل اپنی شکلوصورت کے بارے میں حد سے زیادہ پریشان نہیں ہوتا۔ اِس کے علاوہ، اپنی بیماری کے باعث اُسے جن مشکلات کا سامنا ہے وہ اُن پر بھی قابو پانے کے قابل ہوا ہے۔ دیگر لاکھوں لوگوں کی طرح وہ بھی اُس وقت کا منتظر ہے جب خدا کے شاندار وعدے پورے ہوں گے۔