مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

دوسرا اُصول—‏اپنے ازدواجی بندھن کو سنجیدہ خیال کریں

دوسرا اُصول—‏اپنے ازدواجی بندھن کو سنجیدہ خیال کریں

دوسرا اُصول‏—‏اپنے ازدواجی بندھن کو سنجیدہ خیال کریں

‏”‏جِسے خدا نے جوڑا ہے اُسے آدمی جُدا نہ کرے۔‏“‏—‏متی ۱۹:‏۶‏۔‏

اِس اُصول کی وضاحت۔‏ خوشگوار گھریلو زندگی گزارنے والے شوہر اور بیوی سمجھتے ہیں کہ موت کے سوا اُنہیں کوئی اَور چیز جُدا نہیں کر سکتی۔‏ مسائل یا مشکلات کی صورت میں وہ اِن کا حل تلاش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔‏ وہ اِنہیں اپنے جیون‌ساتھی سے پیچھا چھڑانے کا بہانہ خیال نہیں کرتے۔‏ وہ دونوں اپنی شادی کو ایک سنجیدہ اور دائمی بندھن سمجھتے ہیں۔‏ یوں اُن کا یہ اعتماد بڑھتا ہے کہ اُن میں سے کوئی بھی اِس بندھن کو نہیں توڑے گا۔‏

اِس اُصول کی اہمیت۔‏ ازدواجی بندھن کو سنجیدہ خیال کرنا اِسے مضبوط بناتا ہے۔‏ یہ سچ ہے کہ شادی کے وقت بعض لوگ موت تک ساتھ نبھانے کا وعدہ کرتے ہیں مگر جیسےجیسے اُنہیں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے اُنہیں یہ بندھن ایک بوجھ معلوم ہونے لگتا ہے۔‏ وہ سوچنے لگتے ہیں کہ کاش اِس بندھن سے فرار کا کوئی راستہ مِل جائے۔‏ ہو سکتا ہے کہ وہ اپنی شادی ختم تو نہ کریں مگر وہ اپنے مسائل حل کرنے اور اپنے بندھن کو بہتر بنانے کی بھی کوئی کوشش نہیں کرتے۔‏ مثال کے طور پر،‏ وہ سنگین اختلافات پر گفتگو کرنے کی بجائے چپ سادھ لیتے ہیں۔‏

مشق۔‏ نیچے دئے گئے سوالوں کی مدد سے اپنا جائزہ لیں اور یہ دیکھیں کہ آپ اپنے ازدواجی بندھن کو کتنا سنجیدہ خیال کرتے ہیں۔‏

جب جھگڑا ہو رہا ہو تو کیا مجھے یہ محسوس ہوتا ہے کہ مَیں نے اِس شخص سے شادی کرکے بڑی غلطی کی ہے؟‏

کیا مجھے اپنے جیون‌ساتھی کی بجائے کسی دوسرے کے خیال آتے رہتے ہیں؟‏

کیا مَیں اکثر اپنے ساتھی سے یہ کہتا ہوں کہ ”‏میرا تمہارے ساتھ گزارا مشکل ہے“‏ یا ”‏مجھے تم سے بہتر ساتھی مِل جائے گا“‏؟‏

اِس اُصول پر عمل کریں۔‏ چند ایسے عملی اقدام کے بارے میں سوچیں جو آپ اپنے ازدواجی بندھن کو مضبوط کرنے کے لئے اُٹھا سکتے ہیں۔‏ (‏مثلاً:‏ اپنے جیون‌ساتھی کے نام کبھی‌کبھار کوئی چھوٹا سا محبت بھرا پیغام لکھیں،‏ اپنے کام کی جگہ پر اُس کی تصویر سامنے رکھیں،‏ کام پر جانے کے بعد بھی فون کے ذریعے اُس سے رابطہ رکھیں۔‏)‏

اپنے بندھن کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں اپنے ساتھی کے ساتھ مختلف تجاویز پر غور کریں اور دیکھیں کہ اُسے کونسی تجویز پسند آتی ہے؟‏

‏[‏صفحہ ۴ پر تصویر]‏

جیسے سڑک کے کنارے لگا ہوا جنگلا گاڑی کو کھائی میں گِرنے سے بچاتا ہے ویسے ہی ازدواجی بندھن کو سنجیدہ خیال کرنا اِسے مختلف خطرات سے بچاتا ہے

‏[‏تصویر کا حوالہ]‏

Corbis/​age fotostock ©