مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سگریٹ‌نوشی ترک کرنے کے فائدے

سگریٹ‌نوشی ترک کرنے کے فائدے

سگریٹ‌نوشی ترک کرنے کے فائدے

‏”‏ایک شخص صرف تب ہی سگریٹ‌نوشی ترک کرنے میں کامیاب ہو سکتا ہے جب وہ پکا ارادہ کرتا ہے کہ وہ اِس عادت کو چھوڑ کر ہی دم لے گا۔‏“‏ —‏کتاب سگریٹ‌نوشی ترک کریں۔‏ (‏انگریزی میں دستیاب)‏

اگر آپ سگریٹ‌نوشی ترک کرنے میں کامیاب ہونا چاہتے ہیں تو سب سے پہلے آپ کو اِسے ترک کرنے کی شدید خواہش پیدا کرنی چاہئے۔‏ آپ اپنے دل میں یہ خواہش کیسے پیدا کر سکتے ہیں؟‏ پہلے تو آپ اِس بات پر غور کر سکتے ہیں کہ سگریٹ چھوڑنے سے آپ کو کونسے فائدے حاصل ہوں گے۔‏

آپ کو پیسوں کی بچت ہوگی۔‏ جو شخص دن میں سگریٹ کا پورا پیکٹ پیتا ہے وہ سال میں ہزاروں روپے ضائع کرتا ہے۔‏ نیپال کا رہنے والا گیانو کہتا ہے:‏ ”‏مجھے اِس بات کا اندازہ ہی نہیں تھا کہ مَیں سگریٹ‌نوشی پر کتنا پیسہ ضائع کر رہا تھا۔‏“‏

آپ کی زندگی خوشگوار بن جائے گی۔‏ جنوبی افریقہ کی رہنے والی راجینا کہتی ہے:‏ ”‏جب سے مَیں نے سگریٹ‌نوشی ترک کی ہے میری زندگی خوشگوار بن گئی ہے۔‏“‏ جب ایک شخص سگریٹ پینا چھوڑ دیتا ہے تو اُس کی سونگھنے اور چکھنے کی حس بہتر طور پر کام کرنے لگتی ہے اور اُس کی جِلد زیادہ تازہ ہو جاتی ہے۔‏

آپ کی صحت بہتر ہو جائے گی۔‏ امریکہ کے ایک طبی ادارے نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا:‏ ”‏جب کوئی شخص سگریٹ‌نوشی ترک کرتا ہے تو جلد ہی اُس کی صحت پر اچھا اثر پڑنے لگتا ہے۔‏“‏

آپ کا اعتماد بڑھ جائے گا۔‏ ڈنمارک کا رہنے والا ہین‌نینگ کہتا ہے:‏ ”‏مَیں نے سگریٹ پینا اِس لئے چھوڑ دیا کیونکہ مَیں نہیں چاہتا تھا کہ یہ عادت میرے جسم کو اپنا غلام بنالے۔‏“‏

آپ کے گھر والوں اور دوستوں کو فائدہ ہو گا۔‏ ‏”‏جب آپ سگریٹ پیتے ہیں تو آپ کے اِردگِرد لوگوں کی صحت پر بُرا اثر پڑتا ہے۔‏ .‏ .‏ .‏ تحقیق سے پتا چلا ہے کہ ہر سال ہزاروں ایسے لوگ جو سگریٹ‌نوشی نہیں کرتے وہ بھی سگریٹ کے دھوئیں کی وجہ سے پھیپھڑوں کے کینسر اور دل کی بیماروں میں مبتلا ہو جاتے ہیں اور اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں۔‏“‏‏—‏امریکن کینسر سوسائٹی۔‏

آپ کو اپنے خالق کی خوشنودی حاصل ہوگی۔‏ پاک صحائف میں ہمیں یہ ہدایت دی گئی ہے کہ ’‏اپنے آپ کو ہر طرح کی جسمانی آلودگی سے پاک کرو۔‏‘‏ (‏۲-‏کرنتھیوں ۷:‏۱‏)‏ پاک صحائف میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ”‏اپنے بدن ایسی قربانی ہونے کے لئے نذر کرو جو .‏ .‏ .‏ پاک اور خدا کو پسندیدہ ہو۔‏“‏—‏رومیوں ۱۲:‏۱‏۔‏

سپین میں رہنے والی سلویا نے کہا:‏ ”‏جب مَیں یہ جان گئی کہ خدا ایسی عادتوں کو پسند نہیں کرتا جو جسم کو آلودہ کرتی ہیں تو مَیں نے سگریٹ‌نوشی چھوڑنے کا فیصلہ کِیا۔‏“‏

جیسا کہ ہم نے اِس مضمون میں دیکھا ہے،‏ سگریٹ‌نوشی کو ترک کرنے میں کامیاب ہونے کے لئے آپ کو اِس کی شدید خواہش پیدا کرنی چاہئے۔‏ مگر اِس کے ساتھ‌ساتھ شاید آپ کو اپنے گھروالوں اور دوستوں کی مدد بھی لینی پڑے۔‏ اگلے مضمون میں ہم دیکھیں گے کہ آپ اُن سے کیسے مدد حاصل کر سکتے ہیں۔‏