مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

مَیں نے شہرت اور دولت سے مُنہ موڑ لیا

مَیں نے شہرت اور دولت سے مُنہ موڑ لیا

مَیں نے شہرت اور دولت سے مُنہ موڑ لیا

مارتھا ٹریزہ مارکیز کی زبانی

مجھے ہمیشہ سے گانے کا بہت شوق تھا۔‏ بچپن میں مَیں نے ریڈیو پر بھی گانے گائے۔‏ مَیں بس دو تین سال کے لئے سکول گئی۔‏ بعد میں مَیں نے شہر میکسیکو میں ایک آرکیسٹرا کے ڈائریکٹر سے گانا سیکھا۔‏

سن ۱۹۶۹ میں جب مَیں ۲۴ سال کی تھی تو میری ایک سہیلی نے جو ایک ڈانسر تھی مجھے ایک ریسٹورنٹ میں گانا گانے کی دعوت دی۔‏ مَیں نے ایک مشہور گانا گایا جسے نامور کمپوزر ٹامس مینڈس نے لکھا تھا۔‏ لوگوں کو میرا گانا بہت اچھا لگا۔‏ یہاں سے میرے فنی کیرئیر کا آغاز ہوا۔‏ مَیں نے اپنا فنی نام رومیلا رومیل رکھ لیا۔‏

مَیں نے ٹامس مینڈس اور میکسیکو کے دوسرے مشہور نغمہ‌نگاروں اور گلوکاروں کے ساتھ کام کِیا۔‏ جب مَیں اپنا نام اخباروں اور رسالوں میں دیکھتی تو مجھے بہت خوشی ہوتی تھی۔‏ مَیں نے میکسیکو اور بیلیز کے ملکوُں میں ریڈیو پر،‏ کلبوں میں اور کنسرٹس میں گانے گائے۔‏ اِس کے علاوہ مَیں نے میکسیکو کی ایک مشہور کامیڈین کے ساتھ بھی کام کِیا۔‏

کچھ ہی عرصے میں مجھے شہرت حاصل ہو گئی اور مَیں کافی پیسے کمانے لگی۔‏ میری زندگی بہت پُرآسائش ہو گئی تھی۔‏ میرے پاس ہیرے جواہرات تھے،‏ مہنگےمہنگے کپڑے تھے اور بڑا قیمتی اپارٹمنٹ تھا۔‏ اِس کے باوجود مَیں خوش نہیں تھی اور مجھے لگتا تھا کہ میری زندگی میں کسی چیز کی کمی ہے۔‏ مَیں رومن کیتھولک تھی لیکن مَیں اپنے بُرے چال‌چلن کی وجہ سے شرمندہ تھی اور اِس لئے چرچ نہیں جاتی تھی۔‏

میرے دل میں خدا کے لئے محبت پیدا ہوئی

میری ایک دوست تھی جس کا نام لورینا وانگ تھا۔‏ وہ بھی گلوکارہ تھی۔‏ ایک دن جب مَیں اپنے پہلے البم کی ریکارڈنگ کی تیاری کر رہی تھی تو مَیں نے اُس کو بتایا کہ ”‏میری خواہش ہے کہ مَیں ایک نن بنوں اور غریبوں کی مدد کروں۔‏“‏ اُس نے مجھ سے کہا:‏ ”‏تُم پاگل تو نہیں ہو گئی؟‏“‏

پھر اُس نے مجھ سے پوچھا:‏ ”‏کیا تُم جانتی ہو کہ خدا کا نام کیا ہے؟‏“‏

مَیں نے جواب دیا:‏ ”‏یسوع مسیح۔‏“‏

اُس نے کہا:‏ ”‏نہیں،‏ خدا کا نام یہوواہ ہے اور یسوع مسیح اُس کا بیٹا ہے۔‏“‏

مَیں نے سوچا کہ یہ نام تو مَیں نے پہلے کبھی نہیں سنا۔‏ لورینا نے مجھے ایک بائبل دی اور مجھ سے وعدہ کِیا کہ وہ اُس شخص کو میرے پاس بھیجے گی جو اُس کو بائبل کی تعلیم دے رہا ہے۔‏ یہ شخص یہوواہ کا گواہ تھا۔‏ *

جب بھی مَیں لورینا سے ملتی،‏ مَیں اُس سے پوچھتی:‏ ”‏تُم اپنے اُستاد کو میرے پاس کب بھیجو گی؟‏“‏ مَیں خدا کے بارے میں علم حاصل کرنے کے لئے بےتاب تھی۔‏

اِسی دوران مَیں نے بائبل پڑھنا شروع کر دی اور مَیں نے بائبل میں دیکھا کہ واقعی خدا کا نام یہوواہ ہے۔‏ (‏زبور ۸۳:‏۱۸‏)‏ مَیں نے بائبل میں دس احکام کو بھی پڑھا جن میں یہ حکم بھی شامل ہے کہ ”‏تُو زِنا نہ کرنا۔‏“‏ (‏خروج ۲۰:‏۱۴‏)‏ یہ پڑھ کر مجھے دھچکا لگا۔‏ اُس وقت مَیں ایک شادی‌شُدہ مرد کے ساتھ رہ رہی تھی اور اُس سے میرا ایک آٹھ ماہ کا بیٹا تھا۔‏ یہ میرا دوسرا بچہ تھا۔‏ میرا پہلا بچہ ایک دوسرے آدمی سے تھا اور اُس کے ساتھ بھی میری شادی نہیں ہوئی تھی۔‏

ایک دن جب مَیں ایک نئے گانے کی ریہرسل کر رہی تھی تو دروازے پر دستک ہوئی۔‏ دروازے پر مورِیسیو لینارس اور اُن کی بیوی تھے۔‏ یہ دونوں یہوواہ کے گواہ تھے اور میری سہیلی لورینا کو بائبل کی تعلیم دیتے تھے۔‏ اُنہوں نے مجھے بائبل سے دکھایا کہ خدا نے انسانوں کو کس مقصد کے لئے خلق کِیا ہے۔‏ اُنہوں نے مجھے کتاب سچائی جو باعثِ‌ابدی زندگی ہے بھی دی۔‏ * حالانکہ مجھے کچھ الفاظ پڑھنے میں مشکل پیش آئی پھربھی مَیں نے ایک ہی رات میں پوری کتاب پڑھ لی۔‏ اُس وقت میرے دل میں خدا کے لئے محبت پیدا ہونے لگی۔‏

مَیں اپنی زندگی میں تبدیلیاں لائی

یہوواہ کے گواہوں نے میرے ساتھ نہ صرف بائبل کا مطالعہ کِیا بلکہ مجھے اچھی طرح سے پڑھنا بھی سکھایا۔‏ مجھے اِس بات کا احساس ہونے لگا کہ یہوواہ خدا کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے مجھے اپنی زندگی میں بہت سی تبدیلیاں لانی پڑیں گی۔‏ مَیں نے اپنی مورتیوں،‏ تعویزوں اور تمغوں کو پھینک دیا حالانکہ اِن میں سے کئی سونے کے تھے۔‏

مجھے خاص طور پر سگریٹ‌نوشی اور شراب‌نوشی ترک کرنا بہت مشکل لگا۔‏ جب مَیں ایسی دُکان کے پاس سے گزرتی جہاں شراب ملتی تھی تو مجھے اِس کی بہت طلب ہوتی۔‏ مَیں نے اپنے دوستوں سے ملناجلنا چھوڑ دیا کیونکہ وہ مجھے ایسی جگہوں پر آنے کی دعوت دیتے جہاں شراب پیش کی جاتی تھی۔‏ مَیں جانتی تھی کہ اگر مَیں وہاں جاؤں گی تو مَیں خود پر قابو نہیں رکھ پاؤں گی۔‏

امیر اور مشہور لوگ مجھے اپنی پارٹیوں میں مدعو کرتے تھے۔‏ اُن کو انکار کرنا میرے لئے بہت مشکل تھا۔‏ جب ایک مشہور باکسر نے مجھے اپنی سالگرہ کی تقریب میں بلایا تو مَیں نے یہوواہ خدا سے وعدہ کِیا کہ ”‏بس یہ آخری دفعہ ہے۔‏ آج کے بعد مَیں کسی ایسی تقریب میں نہیں جاؤں گی اور نہ ہی کوئی ایسا کام کروں گی جو تجھے ناپسند ہے۔‏“‏ اِس کے بعد مَیں نے ایسی پارٹیوں پر جانا چھوڑ دیا۔‏

میرے دوسرے بیٹے کا باپ بہت امیر تھا اور اُس نے مجھ سے وعدہ کِیا تھا کہ اگر مَیں اُس کے ساتھ رہوں گی تو وہ مجھے بہت مال‌ودولت دے گا۔‏ اِس کے باوجود مَیں نے اُس کے ساتھ تعلق توڑ دیا۔‏ یہ میرے لئے بہت مشکل تھا کیونکہ مَیں اُس سے بہت پیار کرتی تھی اور وہ یہ بات جانتا تھا۔‏ غصے میں آکر اُس نے مجھ سے کہا:‏ ”‏مَیں ہی تمہارا مسیحا اور خدا ہوں۔‏“‏

مَیں نے اُس کو جواب دیا:‏ ”‏ہاں،‏ ایک وقت تھا جب تُم ہی میرے لئے سب کچھ تھے لیکن اب یہوواہ میرا خدا ہے۔‏“‏ اُس نے مجھے دھمکی دی کہ وہ ہمارے بیٹے کو مجھ سے چھین لے گا اور مجھے مارے پیٹے گا۔‏

بعض لوگ مجھ سے کہنے لگے کہ یہوواہ کی گواہ بننے کے ساتھ‌ساتھ مَیں گلوکاری بھی جاری رکھ سکتی ہوں۔‏ اُن کا کہنا تھا کہ دوسرے کاموں کی طرح یہ بھی روزی کمانے کا ایک جائز ذریعہ ہے۔‏ لیکن کچھ لوگوں نے مجھے سمجھایا کہ اگر مَیں گلوکاری جاری رکھوں گی تو مَیں دوبارہ سے سگریٹ‌نوشی،‏ شراب‌نوشی اور بداخلاقی میں پڑنے کے خطرے میں ہوں گی۔‏ مجھے احساس ہوا کہ اِن کی بات میں وزن ہے۔‏

جب مَیں ایک مشہور گلوکارہ تھی تو بہت سے لوگ مجھ سے تعلقات قائم کرنے کے خواہش‌مند تھے۔‏ لیکن مَیں نے فیصلہ کِیا کہ مَیں اِن لوگوں سے دُور رہوں گی کیونکہ وہ مجھے بُرے کام کرنے پر اُکساتے ہیں۔‏ اِس لئے مَیں نے ۱۹۷۵ میں چین میں ہونے والے کنسرٹ کو کینسل کر دیا۔‏ اِس کے چھ مہینے بعد مَیں نے بپتسمہ لے لیا اور یہوواہ کی گواہ بن گئی۔‏

مَیں نے رُکاوٹوں کو عبور کِیا

اب مجھے اِس مسئلے کا سامنا تھا کہ مَیں اپنے گھر والوں کی ضروریات کیسے پوری کروں گی۔‏ میری تعلیم بہت کم تھی اور گانے کے علاوہ مجھے کچھ بھی نہیں آتا تھا۔‏ مجھے اپنی بڑی بہن،‏ اُس کے تین بچوں اور اپنے دونوں بیٹوں کے اخراجات پورے کرنے تھے۔‏ ہم قیمتی اپارٹمنٹ کو چھوڑ کر دو کمروں کے ایک چھوٹے سے گھر میں منتقل ہو گئے۔‏ آرام‌وآسائش کی زندگی چھوڑ کر اِن مشکلات کا سامنا کرنا آسان نہیں تھا۔‏ میری بہن اور بچوں نے مجھ پر دباؤ ڈالا کہ مَیں دوبارہ سے گانا شروع کر دوں۔‏ لیکن مَیں نے پکا ارادہ کر لیا تھا کہ اب مَیں صرف یہوواہ خدا کی خدمت کرنے پر توجہ دوں گی۔‏

مَیں نے گزارا کرنے کے لئے اپنی گاڑی،‏ ہیرے جواہرات اور مہنگےمہنگے کپڑے بیچ دئے۔‏ لیکن کچھ وقت کے بعد یہ پیسے بھی ختم ہو گئے۔‏ میرے دوسرے بیٹے کا باپ مجھے مسلسل دھمکیاں دے رہا تھا اِس لئے ۱۹۸۱ میں ہم وہاں سے دُور ایک دوسرے شہر میں منتقل ہو گئے۔‏

اِس شہر میں کچھ یہوواہ کے گواہوں نے مجھے کھانے پینے کی چیزیں بنانے کا ہنر سکھایا۔‏ بعد میں مجھے ایک فیکٹری میں ملازمت مل گئی۔‏ میری ڈیوٹی رات کے وقت ہوتی تھی۔‏ لیکن کچھ عرصے بعد مَیں نے یہ ملازمت چھوڑ دی کیونکہ میرے لئے مذہبی اجلاسوں پر جانا اور خدا کی خدمت میں دوسرے کام انجام دینا مشکل ہو گیا تھا۔‏ مَیں نے گھر پر کھانے پینے کی چیزیں بنا کر اِنہیں گلیوں میں بیچنا شروع کر دیا۔‏ یوں مَیں اپنی ضروریاتِ‌زندگی پوری کر پائی اور اِس کے ساتھ‌ساتھ کُل‌وقتی طور پر خدا کی خدمت بھی کر سکی۔‏

مجھے کوئی پچھتاوا نہیں

کبھی‌کبھار لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ ”‏کیا آپ گلوکاری چھوڑنے پر پچھتاتی ہیں؟‏“‏ مَیں اُن سے کہتی ہوں کہ ”‏یہوواہ خدا کے بارے میں جو علم مَیں نے حاصل کِیا ہے وہ دُنیا کی ہر چیز سے زیادہ قیمتی ہے۔‏“‏ یہ میرے لئے بہت خوشی کی بات ہے کہ میرے دونوں بیٹوں نے خدا کے لئے اپنی زندگی وقف کی ہے۔‏ میرے بیٹے اور بہوئیں اپنے بچوں کو خدا کی راہ پر چلنا سکھا رہے ہیں۔‏

مَیں تقریباً تیس سال سے کُل‌وقتی طور پر خدا کی خدمت کر رہی ہوں۔‏ اِس دوران مَیں نے بہت سے لوگوں کو بائبل کی تعلیم دی ہے۔‏ اِن میں سے کئی لوگوں نے اپنی زندگی خدا کے لئے وقف کر لی ہے۔‏ اِن میں میری بہن اِرمہ اور اُس کی بیٹی بھی شامل ہیں۔‏ جب مَیں اپنے اِن روحانی ”‏فرزندوں“‏ سے ملتی ہوں تو مجھے یہ دیکھ کر بڑی خوشی ہوتی ہے کہ وہ بھی خدا کی راہ پر چل رہے ہیں۔‏ (‏۳-‏یوحنا ۴‏)‏ اِن میں سے کچھ کُل‌وقتی طور پر خدا کی خدمت کر رہے ہیں۔‏ اب مَیں ۶۴ سال کی ہوں اور ۱۸ لوگوں کو بائبل کی تعلیم دے رہی ہوں۔‏

جب مَیں جوان تھی تو مَیں خدا کے کلام کے بارے میں جاننے اور دوسروں کی مدد کرنے کی خواہش رکھتی تھی۔‏ اب میری یہ دونوں خواہشیں پوری ہو گئی ہیں کیونکہ مَیں نے کافی حد تک خدا کے کلام کا علم حاصل کر لیا ہے اور مَیں دوسروں کی مدد بھی کر رہی ہوں۔‏ اِس طرح مَیں یسوع مسیح کے اِس حکم پر عمل کر رہی ہوں:‏ ”‏جا کر سب قوموں کو شاگرد بناؤ۔‏“‏ (‏متی ۲۸:‏۱۹،‏ ۲۰‏)‏ مَیں یہوواہ خدا کی شکرگزار ہوں کہ وہ ہمیشہ میرا سہارا بنا ہے۔‏ واقعی مَیں نے ’‏آزما کر دیکھا ہے کہ یہوواہ بڑا مہربان ہے۔‏‘‏—‏زبور ۳۴:‏۸‏۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 12 لورینا وانگ بعد میں یہوواہ کی گواہ بن گئی۔‏

^ پیراگراف 15 اِس کتاب کو یہوواہ کے گواہ شائع کرتے تھے لیکن اب یہ دستیاب نہیں ہے۔‏

‏[‏صفحہ ۲۵ پر تصویر]‏

اپنے بیٹوں،‏ بہوؤں اور بڑی بہن کے ساتھ

‏[‏صفحہ ۲۶ پر تصویر]‏

مَیں کھانےپینے کی چیزیں بنا کر بیچتی ہوں۔‏ اِس طرح مَیں اپنی ضروریات پوری کرتی ہوں اور ساتھ‌ساتھ کُل‌وقتی طور پر خدا کی خدمت کرتی ہوں