مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

چڑیوں کی انوکھی رہائش‌گاہیں

چڑیوں کی انوکھی رہائش‌گاہیں

چڑیوں کی انوکھی رہائش‌گاہیں

● بہت سے ملکوں میں آپ کو باغوں اور باغیچوں میں لکڑی کے چھوٹےچھوٹے گھر دیکھنے کو ملیں گے جو چڑیوں کی خاطرمدارت کے لئے وہاں رکھے جاتے ہیں۔‏ اِن گھروں میں چڑیاں دانہ چگتی ہیں،‏ گھونسلے بناتی ہیں،‏ انڈے دیتی ہیں،‏ بچے پالتی ہیں اور آب‌وہوا کے اثر اور شکاریوں کے واروں سے محفوظ رہتی ہیں۔‏ یہ گھر عموماً بڑے سادہ سے ہوتے ہیں لیکن ترکی کے شہر استنبول میں یہ ننھے گھر فنِ‌تعمیر کے شاہکاروں سے کم نہیں ہیں۔‏ اِن کو حویلیوں،‏ مسجدوں اور محلوں کی شکل میں بنایا گیا ہے۔‏ * استنبول کے لوگ اِن گھروں کو کبوترخانہ،‏ چڑیوں کی حویلی اور چڑیوں کا محل کہتے ہیں۔‏

چڑیوں کے اِن گھروں میں سب سے پُرانے گھر پندرھویں صدی کے ہیں اور اِن میں سلطنتِ‌عثمانیہ کے دَور کی عمارتوں کی جھلک نظر آتی ہے۔‏ یہ گھر بڑے سادہ ہیں لیکن اٹھارھویں صدی سے چڑیوں کے لئے بڑی عالیشان رہائش‌گاہیں تعمیر ہونے لگیں۔‏ اِن میں سے کچھ گھروں میں دانے اور پانی کے لئے خاص برتن ہیں،‏ برآمدہ ہے یہاں تک کہ بالکنی بھی ہے تاکہ چڑیاں باہر کے نظارے سے لطف‌اندوز ہو سکیں۔‏ یہ گھر عام طور پر عمارت کی اُس دیوار پر بنائے گئے ہیں جس پر دھوپ پڑتی ہے اور جو تیز ہوا سے محفوظ ہوتی ہے۔‏ یہ چھت کے نزدیک اُونچائی پر لگائے گئے ہیں جہاں انسانوں،‏ کتوں،‏ بلیوں اور دوسرے شکاریوں کا ہاتھ نہ پہنچ سکے۔‏ اکثر یہ گھر صرف چڑیوں کی مہمان‌نوازی کے لئے ہی نہیں بلکہ عمارت کی خوبصورتی کو چار چاند لگانے کے لئے بھی بنائے گئے ہیں۔‏ چڑیوں کے یہ گھر مسجدوں،‏ پانی کی سبیلوں اور ٹینکیوں،‏ لائبریریوں،‏ پلوں اور لوگوں کے گھروں کی دیواروں پر دیکھنے کو ملتے ہیں۔‏

افسوس کی بات ہے کہ چڑیوں کے لئے بنائے گئے یہ گھر آب‌وہوا کے اثر سے خراب ہو رہے ہیں۔‏ اور کبھی‌کبھی تو لوگ خود بھی اِن کو توڑ دیتے ہیں کیونکہ وہ اِن کی تاریخی اہمیت کو نہیں سمجھتے۔‏ لہٰذا اِن گھروں کی تعداد کم ہوتی جا رہی ہے۔‏ لیکن اگر آپ کو استنبول کی سیر کرنے کا موقع ملے تو وہاں کی عمارتوں کو غور سے دیکھیں۔‏ شاید آپ کو بھی اِن چھوٹےچھوٹے خوبصورت گھروں کو دیکھنے کا اعزاز نصیب ہو۔‏ یوں آپ کی سیاحت کا لطف دوبالا ہو جائے گا۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 2 حالانکہ یہ گھر اصلی عمارتوں جیسے لگتے ہیں لیکن اِن کو کسی اصلی عمارت کے نمونے پر نہیں بنایا گیا ہے۔‏