مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

بجٹ بنائیں اور پیسہ سنبھالیں

بجٹ بنائیں اور پیسہ سنبھالیں

بجٹ بنائیں اور پیسہ سنبھالیں

آپ پیسوں کو تین طریقوں سے استعمال کر سکتے ہیں:‏ آپ اِنہیں ‏(‏۱)‏ خرچ کر سکتے ہیں،‏ ‏(‏۲)‏ بینک میں جمع کر سکتے ہیں ‏(‏۳)‏ یا دوسروں کو دے سکتے ہیں۔‏ آئیں،‏ سب سے پہلے یہ دیکھیں کہ پیسوں کو سمجھ‌داری سے خرچ کرنے کے لئے آپ کیا کر سکتے ہیں۔‏

مالی بحران سے جو سب سے اہم سبق حاصل ہوتا ہے،‏ وہ یہ ہے کہ بجٹ بنانا کتنا ضروری ہے۔‏ بجٹ بنانے کا مطلب یہ ہے کہ آپ پہلے سے منصوبہ‌بندی کریں کہ آپ اپنی آمدنی کو کیسے استعمال کریں گے۔‏ نہ صرف افراد اور خاندان بلکہ کمپنیاں اور حکومتیں بھی بجٹ بناتی ہیں۔‏

گھر والوں کے ساتھ مل کر بجٹ بنائیں

آپ بجٹ کی منصوبہ‌بندی کیسے کر سکتے ہیں؟‏ اِس سلسلے میں مصنفہ ڈینیس چیمبرز نے لکھا:‏ ”‏بجٹ بنانے میں گھر کے سب افراد کو شامل کریں۔‏ اِس طرح وہ سب بجٹ پر عمل کرنے کو اپنی ذمہ‌داری سمجھیں گے۔‏“‏ وقتاًفوقتاً گھر کے سب افراد کو مل کر اِس بات کا جائزہ لینا چاہئے کہ آیا اُن کا بجٹ کامیاب ہے یا نہیں۔‏ مل کر بجٹ بنانے سے سب گھر والوں کو فائدہ ہوگا اور وہ آمدنی کا بہترین استعمال کر پائیں گے۔‏

کئی لوگ بجٹ بنانے کے لئے کمپیوٹر کا استعمال کرتے ہیں۔‏ دوسرے لوگ کاغذ پر ہی بجٹ بناتے ہیں۔‏ دو فہرستیں بنائیں،‏ ایک آمدنی کی اور ایک اخراجات کی۔‏ کچھ اخراجات سال میں صرف ایک بار آتے ہیں،‏ مثلاً اِنکم ٹیکس وغیرہ۔‏ ایسے اخراجات کو پورا کرنے کے لئے ہر مہینے کچھ رقم مخصوص کریں اور اِسے بجٹ میں شامل کریں۔‏

بہت سے لوگ اپنے بجٹ کے مطابق اخراجات کے لئے رقم الگ الگ لفافوں میں ڈالتے ہیں،‏ مثلاً وہ ایک لفافے میں کھانے پینے کے لئے،‏ ایک میں کرائے کے لئے اور ایک میں بِلوں کی ادائیگی کے لئے رقم ڈالتے ہیں۔‏ لیکن آج‌کل بہت سے لوگ بینک میں پیسے جمع کرتے ہیں اور جب بھی خریداری کرنی ہو،‏ اپنے بجٹ کے مطابق کچھ رقم نکلوا لیتے ہیں کیونکہ یہ زیادہ محفوظ اور آسان ہے۔‏

جوناتھن اور این اپنی دو بیٹیوں کے ساتھ جنوبی افریقہ میں رہتے ہیں۔‏ وہ بھی بجٹ بنانے کا یہ طریقہ استعمال کرتے ہیں۔‏ جوناتھن کہتے ہیں:‏ ”‏اگر آپ کی تنخواہ بینک میں آتی ہے تو بھی یہ بہت اہم ہے کہ آپ پیسے کو بجٹ کے مطابق ہی استعمال کریں۔‏ مثال کے طور پر اگر وہ رقم ختم ہو جائے جو آپ نے گوشت خریدنے کے لئے رکھی ہے تو اَور گوشت خریدنے کی خاطر وہ پیسے استعمال نہ کریں جو آپ نے بچت کرنے کے لئے مخصوص کئے ہیں۔‏“‏

جوناتھن کا اپنا کاروبار تھا۔‏ لیکن اب وہ اپنے گھر والوں کے ساتھ مل کر رضاکارانہ طور پر عبادت‌گاہیں تعمیر کرتے ہیں۔‏ چونکہ وہ اِس رضاکارانہ کام کو جاری رکھنا چاہتے ہیں اِس لئے اُنہیں اپنے بجٹ کی سختی سے پابندی کرنی پڑتی ہے۔‏ وہ باقاعدگی سے اپنے گھر والوں کے ساتھ مل کر اپنے بجٹ کا جائزہ لیتے ہیں اور اگر ضروری ہو تو اِس میں تبدیلیاں بھی کرتے ہیں۔‏

دوسروں کو دینے سے خوشی ملتی ہے

تحقیق سے ظاہر ہوا ہے کہ اگر ہم اپنے وسائل دوسروں کے فائدے کے لئے استعمال کرتے ہیں تو اِس سے ہمیں بہت خوشی ملتی ہے۔‏ جہاں تک آپ کے لئے ممکن ہو،‏ آپ اپنے وقت اور پیسوں میں سے کچھ دوسروں کو دے سکتے ہیں۔‏ دراصل یہ پیسوں کے استعمال کا بہترین طریقہ ہے۔‏

کریس فیرل نے اپنی کتاب سادگی کا نیا زمانہ میں لکھا کہ ”‏پیسوں کی بچت کرنے سے آپ دوسروں کو دینے کے قابل ہو جاتے ہیں۔‏“‏ اُنہوں نے یہ بھی لکھا:‏ ”‏پیسے کا بہترین استعمال یہ ہے کہ آپ اِسے دوسروں کو دیں۔‏“‏ * اُنہوں نے آگے کہا:‏ ”‏ذرا سوچیں کہ زندگی میں سب سے اہم کیا ہے؟‏ مال‌ودولت کی زیادہ اہمیت نہیں ہے بلکہ عزیزوں اور دوستوں کے ساتھ وقت گزارنا اور دوسروں کی بھلائی کے لئے کام کرنا سب سے اہم ہے۔‏“‏

ماہرِمعاشیات مائیکل واگنر بھی اِس بات سے متفق ہیں۔‏ اُنہوں نے بچت کرنے کے فائدوں کے حوالے سے نوجوانوں کے لئے ایک کتاب لکھی۔‏ اِس میں اُنہوں نے بیان کِیا:‏ ”‏اگر آپ مہربانی اور فیاضی سے ضرورت‌مندوں کی مدد کرتے ہیں تو آپ کو ڈھیروں نعمتیں ملیں گی۔‏ سب سے بڑی نعمت وہ اطمینان ہے جو دوسروں کو دینے سے آپ کو ملتا ہے۔‏“‏

پاک صحیفوں میں بھی یہ بتایا گیا ہے کہ دوسروں کو دینے سے خوشی ملتی ہے۔‏ جیسے ہم نے پہلے دیکھا تھا،‏ خدا کے کلام میں ایسے اصول پائے جاتے ہیں جن پر عمل کرنے سے آپ سمجھ‌داری سے پیسوں کا استعمال کر سکتے ہیں۔‏ آئیں،‏ اِس سلسلے میں سات اَور اصولوں پر غور کریں۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 12 مثال کے طور پر آپ دوستوں اور رشتہ‌داروں کو تحفے دے سکتے ہیں یا پھر اُنہیں کھانے پر بلا سکتے ہیں۔‏