مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

غصہ کب مسئلہ بن جاتا ہے؟‏

غصہ کب مسئلہ بن جاتا ہے؟‏

غصہ کب مسئلہ بن جاتا ہے؟‏

ایک آدمی نے برگر کا آرڈر دیا۔‏ جب اُسے لگا کہ آرڈر کے آنے میں بہت دیر ہو گئی ہے تو وہ غصے میں آگ‌بگولا ہو گیا۔‏ وہ ہوٹل کے اندر گیا،‏ ایک ملازم پر چیخنے چلانے لگا اور اُسے کاؤنٹر کے ساتھ لگا کر زوردار تھپڑ مارا۔‏ اِس کے بعد اُس نے بڑے غصے سے برگر پکڑا اور ہوٹل سے نکل گیا۔‏

ہم سب کو کبھی نہ کبھی غصہ آ ہی جاتا ہے۔‏ جس طرح محبت کرنا،‏ خوش ہونا،‏ پریشان ہونا،‏ مایوس ہونا اور خوف کھانا ہماری فطرت میں شامل ہے اُسی طرح غصہ کرنا بھی فطری عمل ہے۔‏ لیکن جب ہم غصے میں برس پڑنے کی بجائے اِس پر قابو رکھتے ہیں اور اِسے مناسب طریقے سے ظاہر کرتے ہیں تو یہ فائدہ‌مند ہو سکتا ہے۔‏ مثال کے طور پر اگر ہم نے کسی بات کا ارادہ کِیا ہے اور اُسے پورا کرنے میں کوئی رُکاوٹ کھڑی ہو جاتی ہے تو ہمیں غصہ آتا ہے اور یہ غصہ ہمیں اپنے ارادے کو پورا کرنے کا حوصلہ دیتا ہے۔‏

اِس مضمون کے شروع میں جس واقعے کا ذکر کِیا گیا ہے،‏ اُس سے ظاہر ہوتا ہے کہ غصہ کرنا نقصان‌دہ بھی ہو سکتا ہے۔‏ بعض لوگ جلدی غصے میں آ جاتے ہیں،‏ اُنہیں بات بات پر غصہ آتا ہے اور دوسروں کی نسبت اُن کا غصہ زیادہ شدید ہوتا ہے۔‏ جب اُنہیں غصہ آتا ہے تو وہ چیخناچلانا،‏ گالیاں دینا اور مارپیٹ کرنا شروع کر دیتے ہیں۔‏ اپنے غصے کو قابو میں رکھنے کی بجائے وہ اِس کے غلام بن جاتے ہیں۔‏ اِس طرح کا غصہ خطرناک ہوتا ہے اور اُن کے لئے مسئلہ بن جاتا ہے۔‏ *

جو لوگ اپنے غصے پر قابو نہیں رکھ پاتے،‏ وہ خود بھی نقصان اُٹھاتے ہیں اور دوسروں کو بھی اُن کی وجہ سے تکلیف اُٹھانی پڑتی ہے۔‏ ایسے لوگ ذرا سی بات پر بھی طیش میں آ جاتے ہیں۔‏ اکثر اِس کے بڑے بُرے نتائج ہوتے ہیں جیسا کہ نیچے دی گئی مثالوں سے ظاہر ہوتا ہے۔‏

ایک آدمی نے غصے میں آکر ایک شخص کے گلے میں گولی مار دی۔‏ ہوا یہ کہ جس شخص کو گولی لگی تھی،‏ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ سڑک پر چل رہا تھا اور اُس کے دوست کا بیگ اُس غصیلے آدمی سے ٹکرا گیا تھا۔‏

ایک ۱۹ سالہ لڑکے نے غصے میں آکر اپنی منگیتر کے ۱۱ مہینے کے بچے کو اِتنا مارا کہ وہ مر گیا۔‏ وجہ یہ تھی کہ وہ لڑکا پُرتشدد ویڈیو گیم کھیل رہا تھا اور بچے نے ریموٹ کو ہاتھ لگایا جس کی وجہ سے لڑکا گیم ہار گیا۔‏

افسوس کی بات ہے کہ ایسے واقعات پوری دُنیا میں ہو رہے ہیں۔‏ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ لوگوں میں غصہ کرنے کا رُجحان بڑھ رہا ہے۔‏ آئیں،‏ دیکھیں کہ اِس کی کیا وجوہات ہیں۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 4 کتاب جب پارہ چڑھ جائے—‏غصے کا مسئلہ اور اِس کا حل میں بتایا گیا ہے:‏ ”‏غصہ تب مسئلہ بن جاتا ہے جب ایک شخص اپنے غصے کی وجہ سے باربار مشکل میں پھنس جاتا ہے اور جب اُس کی سوچ،‏ احساسات،‏ رویے اور دوسروں کے ساتھ اُس کے تعلقات پر بُرا اثر پڑتا ہے۔‏“‏ —‏یہ کتاب انگریزی میں دستیاب ہے۔‏

‏[‏صفحہ ۳ پر بکس]‏

غصہ کرنا ایک فطری عمل ہے۔‏ کچھ صورتوں میں غصے کو ظاہر کرنا غلط نہیں ہوتا بشرطیکہ ایک شخص ایسا کرتے وقت خود کو قابو میں رکھے۔‏ لیکن اِن مضامین میں ہم ایسے غصے پر بات کریں گے جو خدا کو پسند نہیں اور جس کی وجہ سے نہ صرف غصیلے شخص کو بلکہ دوسروں کو بھی ذہنی اور جسمانی تکلیف اُٹھانی پڑتی ہے۔‏