مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

عالمی اُفق

عالمی اُفق

عالمی اُفق

سن ۲۰۱۱ء میں دُنیا کی کُل آبادی ۷ ارب ہو گئی جبکہ ۱۹۹۹ء میں کُل آبادی ۶ ارب تھی۔‏—‏ہارورڈ سکول آف پبلک ہیلتھ،‏ امریکہ۔‏

‏”‏برطانیہ میں تقریباً ۵۹ فیصد لوگوں کی رائے ہے کہ گھر والوں کو کوئی ایسا وقت مقرر کرنا چاہئے جب گھر کا کوئی بھی فرد موبائل فون،‏ کمپیوٹر وغیرہ استعمال نہ کرے۔‏ .‏ .‏ .‏ تین میں سے ایک شخص ٹیکنالوجی سے اِتنا اُکتا جاتا ہے کہ وہ کچھ وقت کے لئے موبائل فون وغیرہ سے جان چھڑانا چاہتا ہے۔‏“‏—‏کیمبرج یونیورسٹی،‏ برطانیہ۔‏

‏”‏سن ۱۹۷۶ء سے امریکہ میں کیتھولک بشپوں کی مجلس یہ سفارش کرتی ہے کہ کیتھولک لوگوں کو ملک کے صدارتی انتخاب میں کس اُمیدوار کے لئے ووٹ ڈالنا چاہئے۔‏“‏—‏فورڈہیم یونیورسٹی،‏ امریکہ۔‏

‏”‏[‏برطانیہ میں]‏ مجرموں کی اِتنی تعداد ہے کہ اگر وہ چاہیں تو پورے ملک میں افراتفری پھیلا سکتے ہیں۔‏ .‏ .‏ .‏ کئی جوان لوگ صحیح اور غلط کا احساس بالکل کھو بیٹھے ہیں۔‏ حالانکہ وہ ایک اقلیت ہیں پھر بھی اُن کی تعداد اِتنی ہے کہ وہ بڑے پیمانے پر دہشت پھیلا سکتے ہیں۔‏“‏—‏رسالہ دی اکانومسٹ،‏ برطانیہ۔‏

زمین پر جانداروں کی کتنی قسمیں ہیں؟‏

ایک حیاتیاتی رسالے میں سائنس‌دانوں کا یہ بیان شائع ہوا:‏ ”‏حیرت کی بات ہے کہ ہمیں ابھی تک یہ معلوم نہیں کہ زمین پر جانداروں کی کتنی قسمیں موجود ہیں۔‏ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جانداروں کے بارے میں ہمارا علم کتنا محدود ہے۔‏“‏ اِن سائنس‌دانوں کا اندازہ ہے کہ جانداروں کی قسموں کی کُل تعداد ۸۷ لاکھ کے لگ‌بھگ ہے۔‏ لیکن دوسرے ماہرین کا کہنا ہے کہ اِن کی کُل تعداد ۳۰ لاکھ سے ۱۰ کروڑ کے درمیان ہو سکتی ہے۔‏ ابھی تک صرف ۱۲ لاکھ قسمیں دریافت ہوئی ہیں۔‏ سائنس‌دانوں کا کہنا ہے کہ تمام جانداروں کی قسموں کو دریافت کرنے میں ۱۰۰۰ سے زیادہ سال لگیں گے۔‏ جن سائنس‌دانوں کا اُوپر بیان دیا گیا ہے،‏ وہ کہتے ہیں کہ ”‏جانداروں کی شناخت کرنے میں ہماری ترقی بہت ہی آہستہ ہے۔‏ لہٰذا اِس سے پہلے کہ ہم کچھ جانداروں کو دریافت کریں،‏ اُن کا وجود ختم ہو جائے گا۔‏“‏

آثارِقدیمہ اور جدید ٹیکنالوجی

آثارِقدیمہ کے ماہرین پُرانے کھنڈرات کی کھوج لگانے کا ایک نیا طریقہ استعمال کر رہے ہیں۔‏ وہ سیٹلائٹ سے ہائی ریزولوشن کیمروں اور اِنفراریڈ کیمروں کے ذریعے زمین کی تصویریں کھینچتے ہیں اور پھر اِن تصویروں کا جائزہ لیتے ہیں۔‏ مثال کے طور پر مصر کے ۷۰۰ کلومیٹر (‏۴۴۰ میل)‏ اُوپر سے زمین کی سطح کی تصویریں بنائی گئیں۔‏ اِن کی مدد سے ۱۷ اہرام،‏ ۱۰۰۰ مقبرے اور۳۰۰۰ بستیاں دریافت ہوئیں جن کے بارے میں پہلے کچھ معلوم نہیں تھا۔‏ اِنفراریڈ شعاعیں زمین میں داخل ہوتی ہیں اور اِس لئے وہ زمین میں دبے ہوئے کھنڈرات کو بھی ظاہر کر سکتی ہیں۔‏