مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

کیا ہم صرف دوست ہیں؟‏ پہلا حصہ

کیا ہم صرف دوست ہیں؟‏ پہلا حصہ

نوجوانوں کا سوال

کیا ہم صرف دوست ہیں؟‏ پہلا حصہ

کیا اُوپر دئے گئے سوال کو پڑھ کر آپ کے ذہن میں کوئی خاص شخص آیا ہے؟‏

ہاں نہیں

↓ ↓

اِس مضمون کو ضرور پڑھیں۔‏ اِس میں دئے گئے مشورے آپ کے بڑے کام آئیں گے۔‏

اِس مضمون کو پھر بھی پڑھیں۔‏ اِس میں دئے گئے مشوروں پر عمل کرکے آپ مخالف جنس کے ساتھ دوستی کو مناسب حد میں رکھ پائیں گے۔‏

آپ کے خیال میں نیچے دیا گیا بیان صحیح ہے یا غلط؟‏

جب تک مَیں شادی کرنے کے لئے تیار نہ ہوں تب تک مجھے مخالف جنس سے دوستی نہیں کرنی چاہئے۔‏

‏․․․․․ صحیح ‏․․․․․ غلط

غور کریں:‏ حالانکہ یسوع مسیح شادی نہیں کرنا چاہتے تھے پھر بھی اُن کے دوستوں میں عورتیں بھی شامل تھیں۔‏ (‏متی ۱۲:‏۴۶-‏۵۰؛‏ لوقا ۸:‏۱-‏۳‏)‏ تیمتھیس بھی کنوارے تھے۔‏ لیکن اُن کے دوستوں میں بھی عورتیں شامل تھیں۔‏ ہم یہ اِس لئے جانتے ہیں کیونکہ پولس رسول نے اُن سے کہا کہ ’‏جوان عورتوں کو کمال پاکیزگی سے بہن جانو۔‏‘‏—‏۱-‏تیمتھیس ۵:‏۱،‏ ۲‏۔‏

پولس رسول جانتے تھے کہ تیمتھیس مختلف کلیسیاؤں کا دورہ کر رہے ہیں اور اِس دوران اُن کا واسطہ بہت سی جوان عورتوں سے پڑے گا۔‏ (‏مرقس ۱۰:‏۲۹،‏ ۳۰‏)‏ تیمتھیس اُن کے ساتھ میل‌جول بھی رکھتے ہوں گے۔‏ کیا اِس میں کوئی بُرائی تھی؟‏ نہیں۔‏ لیکن ابھی اُن کا شادی کرنے کا ارادہ نہیں تھا اِس لئے اُنہیں یہ فیصلہ کرنا تھا کہ وہ عورتوں سے کس حد تک دوستی کریں گے۔‏ وہ نہ تو اُن کے ساتھ عشق لڑانا چاہتے تھے اور نہ ہی اُن کے جذبات سے کھیلنا چاہتے تھے۔‏—‏لوقا ۶:‏۳۱‏۔‏

آپ کی صورتحال کیا ہے؟‏ کیا آپ شادی کی ذمہ‌داریاں اُٹھانے کے لئے تیار ہیں؟‏

اگر ہاں ⇦ تو شاید مخالف جنس سے دوستی کرنے سے آپ کو ایک اچھا جیون‌ساتھی مل جائے۔‏—‏امثال ۱۸:‏۲۲؛‏ ۳۱:‏۱۰‏۔‏

اگر نہیں ⇦ تو آپ کو فیصلہ کرنا چاہئے کہ آپ مخالف جنس سے کس حد تک دوستی کریں گے۔‏ (‏یرمیاہ ۱۷:‏۹‏)‏ یہ فیصلہ کرنا آسان نہیں ہے۔‏ اٹھارہ سالہ نایا * کہتی ہیں:‏ ”‏یہ اندازہ لگانا مشکل ہو سکتا ہے کہ دوستی کی حد کیا ہے۔‏“‏

آپ کو دوستی کی حد کیوں مقرر کرنی چاہئے؟‏ کیونکہ اگر آپ ایسا نہیں کریں گے تو آپ خود کو بھی دُکھ پہنچائیں گے اور دوسروں کو بھی۔‏ کچھ حقیقتوں پر غور کریں۔‏

حقیقت:‏ اگر آپ کسی سے پیار کرنے لگتے ہیں حالانکہ ابھی آپ شادی نہیں کر سکتے تو کسی کا دل ضرور ٹوٹے گا۔‏ اُنیس سالہ الیشا کہتی ہیں:‏ ”‏میرے ساتھ دو بار ایسا ہوا۔‏ ایک دفعہ مَیں ایک لڑکے کو چاہنے لگی اور دوسری دفعہ ایک لڑکا مجھ سے پیار کرنے لگا۔‏ دونوں بار کسی نہ کسی کا دل ٹوٹا۔‏ آج تک مَیں اِس کی وجہ سے دُکھی ہوں۔‏“‏

ذرا سوچیں:‏

کن موقعوں پر یہ مناسب ہوگا کہ آپ مخالف جنس کے ساتھ وقت گزاریں؟‏ اور کس صورتحال میں یہ مناسب نہیں ہوگا؟‏

اگر آپ مخالف جنس کے ایک ہی فرد کے ساتھ باربار جوڑی بنائیں گے تو کیا خطرہ ہو سکتا ہے؟‏ اُس شخص کو کیا تاثر مل سکتا ہے؟‏ آپ پر کیا اثر ہو سکتا ہے؟‏

‏”‏کبھی‌کبھار مَیں کسی لڑکے کے سلسلے میں خود کو یہ کہہ کر دھوکا دیتی کہ ”‏ہم تو بس دوست ہیں۔‏ وہ میرے لئے بھائی جیسا ہے۔‏“‏ لیکن جب وہ کسی اَور لڑکی سے بات کرتا تو مجھے بہت بُرا لگتا۔‏ مَیں سمجھتی تھی کہ اُس پر صرف میرا حق ہے۔‏“‏—‏تانیہ۔‏

خدا کے کلام کا اصول:‏ ‏”‏ہوشیار آدمی خطرہ دیکھ کر پناہ ڈھونڈ لیتا ہے،‏ لیکن نادان آگے بڑھتے چلے جاتے ہیں اور نقصان اُٹھاتے ہیں۔‏“‏—‏امثال ۲۲:‏۳‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن۔‏

حقیقت:‏ اگر آپ کسی سے پیار کرنے لگتے ہیں حالانکہ ابھی آپ شادی نہیں کر سکتے تو آپ دونوں کی دوستی ختم ہو سکتی ہے۔‏ سولہ سالہ کیتھی کہتی ہیں:‏ ”‏ایک لڑکا اور مَیں کبھی‌کبھی ایک دوسرے کو میسج بھیجتے تھے۔‏ پھر وہ مجھ سے میٹھی‌میٹھی باتیں کرنے لگا اور ہم روز ایک دوسرے کو میسج کرنے لگے۔‏ ایک دن اُس نے مجھے بتایا کہ وہ مجھ پر مرتا ہے اور وہ چاہتا ہے کہ ہم بس دوست نہ رہیں بلکہ اِس سے آگے بڑھیں۔‏ لیکن مَیں اُس کے بارے میں ایسا نہیں سوچتی تھی۔‏ جب مَیں نے اُسے یہ بتایا تو ہماری دوستی ختم ہو گئی۔‏“‏

ذرا سوچیں:‏

اِس صورتحال میں کس کو دُکھ پہنچا اور کیوں؟‏ کیتھی اور وہ لڑکا کیا کر سکتے تھے تاکہ کسی کو دُکھ نہ پہنچے؟‏

ایس‌ایم‌ایس کے ذریعے لڑکا اور لڑکی انجانے میں ایک دوسرے کو یہ تاثر کیسے دے سکتے ہیں کہ وہ دوستی کی حد سے آگے بڑھنا چاہتے ہیں؟‏

‏”‏کئی بار ایسا ہوا کہ مجھے اپنے آپ کو روکنا پڑا کہ مَیں کسی لڑکے کے ساتھ حد سے زیادہ وقت نہ گزاروں۔‏ کئی لڑکوں کے ساتھ میری بڑی اچھی دوستی ہے لیکن مَیں اِسے دوستی کی حد تک ہی رکھتی ہوں کیونکہ مَیں کسی کے ساتھ اپنی دوستی خراب نہیں کرنا چاہتی۔‏“‏—‏لورا۔‏

خدا کے کلام کا اصول:‏ ‏”‏ہوشیار آدمی سوچ‌سمجھ کر قدم اُٹھاتا ہے۔‏“‏—‏امثال ۱۴:‏۱۵‏،‏ نیو اُردو بائبل ورشن۔‏

خلاصہ:‏ مخالف جنس کے ساتھ میل‌جول رکھنے میں کوئی بُرائی نہیں۔‏ لیکن اگر آپ ابھی شادی کی ذمہ‌داریاں اُٹھانے کے لئے تیار نہیں تو آپ کو فیصلہ کرنا چاہئے کہ آپ مخالف جنس سے کس حد تک دوستی کریں گے۔‏

‏”‏نوجوانوں کا سوال“‏ کے اگلے مضمون میں .‏ .‏ .‏

آپ دیکھیں گے کہ اگر آپ کسی سے پیار کرنے لگتے ہیں حالانکہ ابھی آپ شادی نہیں کر سکتے تو آپ کا نام خراب ہو سکتا ہے۔‏

‏”‏نوجوانوں کا سوال“‏ کے سلسلے میں مزید مضامین ویب‌سائٹ www.pr418.com پر مل سکتے ہیں۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 15 اِس مضمون میں کچھ نام بدل دئے گئے ہیں۔‏

‏[‏صفحہ ۱۴ پر بکس/‏تصویر]‏

اگر آپ اُس کی جگہ ہوتے تو .‏ .‏ .‏ ؟‏

سچی کہانی:‏ ‏”‏میرا ایک دوست کوئی ۱۵ سو کلومیٹر دُور رہتا تھا۔‏ ہم ایک دو ہفتے کے بعد ایک دوسرے کو ایس‌ایم‌ایس بھیجا کرتے تھے۔‏ وہ میرے لئے بس دوست ہی تھا اور مجھے لگا کہ وہ بھی مجھے بس دوست سمجھتا ہے۔‏ پھر ایک دن اُس نے مجھے یہ میسج بھیجا:‏ ”‏کیا کر رہی ہو،‏ میری سوہنا؟‏ مجھے تمہاری بڑی یاد آ رہی ہے۔‏“‏ مَیں یہ میسج پڑھ کر بڑی حیران ہوئی۔‏ مَیں نے اُسے لکھا کہ مَیں اُسے بس ایک دوست سمجھتی ہوں،‏ اِس سے زیادہ کچھ نہیں۔‏ اُس نے جواب میں لکھا کہ ”‏نہیں تو نہ سہی۔‏“‏ اور اِس کے بعد اُس نے مجھے کبھی ایس‌ایم‌ایس نہیں کِیا۔‏“‏—‏جینٹ۔‏

● اگر آپ ابھی شادی کے لئے تیار نہیں ہیں اور کوئی آپ کو ویسا میسج بھیجے جیسا جینٹ کو ملا تو آپ کیا کریں گے؟‏

● اگر آپ ایک لڑکے ہیں تو آپ کے خیال میں جینٹ کو جو ایس‌ایم‌ایس ملے،‏ کیا وہ مناسب تھے؟‏ آپ ایسا جواب کیوں دیتے ہیں؟‏

● آپ کے خیال میں کیا آمنےسامنے بات کرنے کی نسبت ایس‌ایم‌ایس بھیجنے میں اِس بات کا زیادہ امکان ہے کہ لڑکے یا لڑکی کے دل میں دوسرے کے لئے جذبات پیدا ہوں؟‏ آپ ایسا جواب کیوں دیتے ہیں؟‏

‏[‏صفحہ ۱۵ پر بکس]‏

اپنے والدین سے مشورہ لیں

کیوں نہ اپنے والدین سے پوچھیں کہ وہ اِس مضمون میں دئے گئے سوالوں کے کیا جواب دیں گے؟‏ آپ کی اور اُن کی رائے میں کیا فرق ہے؟‏ آپ کو اُن کی کن باتوں سے اتفاق ہے؟‏—‏امثال ۱۱:‏۱۴‏۔‏

‏[‏صفحہ ۱۵ پر بکس/‏تصویریں]‏

آپ کے ہم‌عمروں کے مشورے

جوشوا‏—‏آپ ایک شخص کے ساتھ جتنا زیادہ وقت گزارتے ہیں اُتنا ہی زیادہ امکان ہے کہ آپ ایک دوسرے کو چاہنے لگیں۔‏

نتاشا‏—‏شاید آپ صرف دوست رہنا چاہتے ہیں لیکن اگر آپ اکثر ایک دوسرے کے ساتھ ہوتے ہیں تو آپ میں سے کسی ایک کو یا پھر دونوں کو پیار ہو جائے گا۔‏

یاسمین‏—‏بھلے آپ شروع میں دوست ہی ہوں لیکن اگر آپ ایک دوسرے کے ساتھ بہت زیادہ وقت گزارتے ہیں تو بات آسانی سے آگے بڑھ سکتی ہے۔‏ لڑکا اور لڑکی دوست ہو سکتے ہیں لیکن اُنہیں سمجھ‌داری سے کام لینے کی ضرورت ہے۔‏

‏[‏صفحہ ۱۴ پر تصویر]‏

اگر آپ کسی کو چاہنے لگے ہیں حالانکہ ابھی آپ شادی نہیں کر سکتے تو آپ خطرے کی طرف بڑھ رہے ہیں۔‏