مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

ایک تتلی کا راز کُھل گیا

ایک تتلی کا راز کُھل گیا

یورپ میں تتلیوں کا مشاہدہ کرنے والے تتلی کی ایک قسم ”‏پینٹڈ لیڈی“‏ کا بڑے شوق سے مشاہدہ کرتے ہیں۔‏ وہ کافی عرصے سے اِس اُلجھن میں پڑے ہوئے تھے کہ گرمیوں کے آخر پر یہ تتلی اچانک کہاں غائب ہو جاتی ہے۔‏ کیا یہ سردی کا موسم شروع ہوتے ہی مر جاتی ہیں؟‏ حالیہ تحقیق سے اِس تتلی کے بارے میں ایک انوکھی کہانی سامنے آئی ہے۔‏ یہ تتلی ہر سال شمالی یورپ سے افریقہ اور پھر افریقہ سے واپس شمالی یورپ ہجرت کرتی ہے۔‏

یورپ کے مختلف ملکوں میں رہنے والے ہزاروں مشاہدین کی طرف سے حاصل ہونے والی رپورٹ اور جدید ریڈار کی مدد سے تحقیق‌دانوں کو پتہ چلا ہے کہ یہ تتلی کہاںکہاں سفر کرتی ہے۔‏ جیسے ہی گرمی کا موسم ختم ہوتا ہے یہ تتلیاں لاکھوں کی تعداد میں جنوب کی طرف ہجرت کرتی ہیں۔‏ سفر کے دوران یہ تتلیاں زیادہ‌تر وقت زمین سے 500 میٹر (‏1600 فٹ)‏ کی بلندی پر اُڑتی ہیں اور اِسی وجہ سے یہ اِنسانوں کو شاذونادر ہی نظر آتی ہیں۔‏ وہ ہوا کی مناسب رفتار اور صحیح سمت کا اِنتظار کرتی ہیں اور اِس کے سہارے افریقہ کی طرف بڑھتی ہیں۔‏ اِس سفر میں وہ ایک گھنٹے میں اوسطاً 45 کلومیٹر (‏28 میل)‏ کا فاصلہ طے کرتی ہیں۔‏ ہر سال وہ قطب شمالی کے سرد علاقوں سے مغربی افریقہ کے گرم علاقوں تک جانے کے لئے اور وہاں سے واپس آنے کے لئے تقریباً 15 ہزار کلومیٹر (‏9300 میل)‏ کا فاصلہ طے کرتی ہیں۔‏ یہ فاصلہ اُس فاصلے سے تقریباً دُگنا ہے جو شمالی امریکہ کی مونارک تتلی طے کرتی ہے۔‏ لیکن اِس سفر کو ایک نسل پورا نہیں کر پاتی۔‏ اِس کے لئے چھ نسلیں لگ جاتی ہیں۔‏

اِنگلینڈ کی یونیورسٹی آف یارک کی پروفیسر جین ہل بتاتی ہیں:‏ ”‏پینٹڈ لیڈی تتلی مسلسل اپنی منزل کی جانب بڑھتی رہتی ہے اور اِس دوران اپنی نسل بھی بڑھاتی رہتی ہے۔‏“‏ سفر کے دوران اِن تتلیوں سے جو نئی نسلیں پیدا ہوتی ہیں،‏ وہ بھی نسل بڑھاتی ہیں اور یوں اِس تتلی کا شمالی یورپ سے افریقہ اور پھر وہاں سے واپسی کا سفر جاری رہتا ہے۔‏

تتلیوں پر تحقیق کرنے والے اِدارے کے ایک مینیجر رچرڈ فوکس کہتے ہیں:‏ ”‏اِس چھوٹی سی تتلی کا وزن ایک گرام [‏04.‏0 اونس]‏ سے بھی کم ہوتا ہے اور اِس کے دماغ کا سائز سوئی کے سرے کے برابر ہوتا ہے۔‏ اِس کے علاوہ اِس نے سفر کے بارے میں پُرانی نسل سے کچھ بھی نہیں سیکھا ہوتا۔‏ لیکن پھر بھی یہ ایک برِاعظم سے دوسرے برِاعظم تک کا سفر کرتی ہے۔‏“‏ یہ وہی تتلی ہے جس کے بارے میں ”‏خیال کِیا جاتا تھا کہ یہ بس ہوا کے رحم‌وکرم پر اُڑتی رہتی ہے اور آخرکار برطانیہ کے سرد موسم میں مر جاتی ہے۔‏“‏ فوکس نے یہ بھی بتایا کہ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ ”‏پینٹد لیڈی تتلی واقعی ایک ماہر مسافر ہے۔‏“‏