مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

عالمی اُفق

عالمی اُفق

ریاستہائے متحدہ امریکہ

ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پیدل سڑک پار کرنے والوں میں سے تقریباً 30 فیصد لوگوں نے دھیان سے سڑک پار نہیں کی حالانکہ وہاں بہت رش تھا۔‏ اِس کی وجہ یہ تھی کہ یہ لوگ گانے سُن رہے تھے،‏ فون پر بات کر رہے تھے یا کسی اَور کام میں مگن تھے۔‏ موبائل فون سے میسج بھیجنے والوں کا دھیان سب سے زیادہ بھٹکا۔‏ میسج بھیجنے والوں نے اُن لوگوں کی نسبت سڑک پار کرنے میں 18 فیصد زیادہ وقت لگایا جنہوں نے دھیان سے سڑک پار کی۔‏ دوسروں کی نسبت اِن لوگوں نے تقریباً چار گُنا زیادہ بار ٹریفک سگنل کو توڑا،‏ خطرناک جگہ سے سڑک پار کی یا دونوں طرف دیکھے بغیر سڑک پار کی۔‏

نائیجیریا

جو لوگ نائیجیریا کی عورتوں کو نوکری کے بہانے یورپ لا کر زبردستی جسم‌فروشی کراتے ہیں،‏ وہ پہلے اِن عورتوں کو نائجیریا میں ایسے درباروں پر لے کر جاتے ہیں جہاں کالا جادو کِیا جاتا ہے۔‏ وہاں وہ اِن عورتوں سے قسم لیتے ہیں کہ جو کچھ اُن سے کرایا جائے گا،‏ وہ اُسے راز میں رکھیں گی۔‏ اِن عورتوں کے دل میں یہ ڈر بیٹھا ہوتا ہے کہ قسم توڑنے پر بدروحیں سزا دیں گی۔‏ جسم‌فروشی کرانے والے اِس ڈر کا فائدہ اُٹھاتے ہیں۔‏

سپین

پانچ سے دس فیصد ایسے لوگ جو کافی عرصے سے بےروزگار ہیں،‏ کسی ملازمت کے لئے درخواست دیتے وقت اپنی دستاویزات میں یونیورسٹی کی ڈگری اور تجربے کا ذکر نہیں کرتے کیونکہ کمپنیاں اکثر ایسے لوگوں کو نوکری پر نہیں رکھتیں۔‏

دُنیا

خیال کِیا جاتا ہے کہ غریب ملکوں میں ہونے والی اموات کی ایک بڑی وجہ لکڑی اور کوئلے سے جلنے والے چولھوں کا دھواں ہے۔‏ ہر سال اِن ملکوں میں 40 لاکھ لوگ سانس کی ایسی بیماریوں کی وجہ سے مر جاتے ہیں جو اُنہیں دھوئیں سے لگتی ہیں۔‏ تحقیق‌دانوں کا کہنا ہے کہ لکڑی اور کوئلے سے جو دھواں اُٹھتا ہے،‏ وہ سگریٹ کے دھوئیں کی طرح جان‌لیوا ہوتا ہے۔‏