مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

عالمی اُفق

صحت پر ایک نظر

صحت پر ایک نظر

طبی میدان میں ترقی ہونے کے باوجود اِنسان بیماریوں کی زد میں ہے۔‏ لیکن حقائق سے ظاہر ہوتا ہے کہ بہت سی بیماریوں سے بچا جا سکتا ہے۔‏

دُنیا

آج‌کل ہر سال 1 کروڑ 40 لاکھ سے زیادہ لوگ کینسر کا شکار ہوتے ہیں۔‏ لیکن عالمی اِدارۂصحت کی تحقیق کے مطابق 2035ء تک ہر سال 2 کروڑ 40 لاکھ لوگ کینسر کی بیماری میں مبتلا ہوا کریں گے۔‏ لہٰذا اِس تحقیق کے مطابق اِس بیماری میں مبتلا ہونے والے لوگوں کی تعداد میں 70 فیصد اِضافہ ہوگا۔‏ اندازہ لگایا گیا ہے کہ اِن میں سے 50 فیصد اپنی عادتوں کی وجہ سے کینسر کا شکار ہوں گے،‏ مثلاً حد سے زیادہ شراب پینا،‏ کھانے میں بےاِحتیاطی کرنا،‏ سگریٹ پینا،‏ ورزش نہ کرنا اور بہت زیادہ دھوپ سینکنا۔‏

برطانیہ

سائنس‌دانوں نے برطانیہ کی حکومت کو کچھ ایسے ثبوت پیش کیے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ اِنتقالِ‌خون سے اِنسانوں کو ایک ایسی ذہنی بیماری ہو سکتی ہے جس کا نام ”‏میڈ کاؤ“‏ ہے۔‏ اِس مسئلے کو حل کرنے کے لیے حکومت نے کچھ اِقدام اُٹھانے کا فیصلہ کِیا ہے۔‏ پارلیمنٹ کے رُکن اینڈریو ملر نے کہا:‏ ”‏ہم یہ سُن کر بےحد پریشان ہیں کہ لوگوں کو ابھی بھی یہ لاعلاج بیماری لگنے کا خطرہ ہے۔‏“‏ اُنہوں نے مزید کہا:‏ ”‏ہمیں بتایا گیا ہے کہ اگر آپریشن کے دوران مریض کو آلودہ خون یا عضو لگایا جائے“‏ تو اُسے یہ بیماری لگ سکتی ہے۔‏

ناروے

دل کے امراض پر تحقیق کرنے والے ایک یورپی اِدارے نے 11 سال تک ناروے میں رہنے والے تقریباً 63 ہزار لوگوں پر تحقیق کی۔‏ اِس تحقیق سے ظاہر ہوا کہ ڈپریشن کی وجہ سے دل کا دورہ پڑنے کا اِمکان 40 فیصد بڑھ سکتا ہے۔‏ اِس اِدارے کی ایک تحقیق‌دان نے کہا کہ ڈپریشن کی وجہ سے ایسے ہارمون پیدا ہوتے ہیں جن سے دل کی بیماری لگ سکتی ہے۔‏ اِس کے علاوہ ڈپریشن کی وجہ سے مریض کو اُن مشوروں پر عمل کرنا بھی مشکل لگ سکتا ہے جو اُس کی صحت میں بہتری لانے کے لیے اُسے دیے جاتے ہیں۔‏

ریاستہائے متحدہ امریکہ

سائنس‌دان کافی عرصے سے یہ بتا رہے ہیں کہ سگریٹ‌نوشی نہ صرف سگریٹ پینے والے کی صحت کے لیے خطرناک ہے بلکہ اِس کے دُھوئیں سے اِردگِرد کے لوگوں کی صحت پر بھی بُرا اثر پڑتا ہے۔‏ لیکن حالیہ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ سگریٹ کا دُھواں ایک اَور لحاظ سے بھی صحت کے لیے نقصان‌دہ ہے۔‏ سائنس‌دانوں کا کہنا ہے کہ ہوٹلوں،‏ گاڑیوں اور گھروں میں سگریٹ پینے سے اِس کے دُھوئیں کی تہہ اِردگِرد جم جاتی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ تہہ زیادہ زہریلی ہو جاتی ہے۔‏