ملیریا—کیا بچاؤ ممکن ہے؟
عالمی اِدارۂصحت کے مطابق 2013ء میں 19 کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو ملیریا ہوا اور اِن میں سے تقریباً 5 لاکھ 84 ہزار لوگ ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں سے 80 فیصد 5 سال سے کم عمر بچے تھے۔ دُنیا بھر میں تقریباً 100 ملکوں میں 3 ارب 20 کروڑ لوگ ملیریا میں مبتلا ہونے کے خطرے میں ہیں۔
1 ملیریا کیا ہے؟
ملیریا طفیلی جراثیم کی وجہ سے ہوتا ہے جو کسی جاندار کے جسم میں داخل ہو کر وہاں بسیرا کر لیتے ہیں۔ ملیریا کی کچھ علامات یہ ہیں: بخار، کپکپی، بار بار پسینہ آنا، سردرد، جسمدرد، متلی اور اُلٹیاں۔ کبھی کبھار یہ علامتیں 48 سے 72 گھنٹے کے بعد دوبارہ ظاہر ہوتی ہیں اور ایسا بار بار ہوتا ہے۔ لیکن اِس کا اِنحصار اِس بات پر ہے کہ مریض کو ملیریا کس طرح کے جراثیم سے ہوا ہے اور وہ کتنے عرصے سے اِس مرض میں مبتلا ہے۔
2 ملیریا کیسے ہوتا ہے؟
ملیریا کے جراثیم ایک خاص قسم کی مادہ مچھر کے کاٹنے سے خون میں داخل ہوتے ہیں۔
جراثیم خون کے ذریعے جگر کے خلیوں میں داخل ہو جاتے ہیں جہاں اِن کی تعداد بڑھتی ہے۔
جب جگر کے خلیے پھٹتے ہیں تو ملیریا کے جراثیم خون کے سُرخ خلیوں میں داخل ہو جاتے ہیں۔ یہاں اِن کی تعداد بڑھتی جاتی ہے۔
جب خون کے سُرخ خلیے پھٹتے ہیں تو ملیریا کے جراثیم دوسرے سُرخ خلیوں میں داخل ہو جاتے ہیں۔
یہ سلسلہ جاری رہتا ہے۔ عموماً جب بھی خون کے سُرخ خلیے پھٹتے ہیں، ملیریا کی علامات ظاہر ہوتی ہیں۔
3 آپ ملیریا سے کیسے بچ سکتے ہیں؟
اگر آپ ایک ایسے ملک میں رہتے ہیں جہاں ملیریا عام ہے تو یہ کریں:
مچھردانی اِستعمال کریں۔ دھیان رکھیں کہ . . .
مچھردانی پر مچھرمار دوا لگی ہو۔
مچھردانی پھٹی اور سوراخدار نہ ہو۔
مچھردانی کے سرے پوری طرح سے بستر یا گدے کے نیچے گھسے ہوں۔
اپنے گھر میں مچھرمار دوائی کا اسپرے کریں۔
ہو سکے تو دروازوں اور کھڑکیوں پر جالی لگائیں۔ اےسی یا پنکھے اِستعمال کریں تاکہ مچھر بھاگ جائیں۔
ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں جو پورے جسم کو ڈھانپے ہوں۔
ایسی جگہوں پر نہ جائیں جہاں جھاڑیاں اور کھڑا پانی ہو کیونکہ وہاں مچھر منڈلاتے اور انڈے دیتے ہیں۔
ملیریا ہونے کی صورت میں جلدازجلد اپنا علاج کروائیں۔
اگر آپ ایک ایسے ملک میں جانے والے ہیں جہاں ملیریا عام ہے تو یہ کریں:
یہ دیکھیں کہ اُس ملک میں ملیریا کے کون سے جراثیم پائے جاتے ہیں کیونکہ ملیریا کی دوائی اِس کے مطابق لینی پڑتی ہے۔ اپنے ڈاکٹر سے بھی مشورہ لیں کہ آپ کے لیے ملیریا کی کون سی دوائی ٹھیک رہے گی۔
اُس ملک میں رہتے وقت اِس مضمون میں دی گئی ہدایتوں پر عمل کریں۔
ملیریا ہونے کی صورت میں جلدازجلد اپنا علاج کروائیں۔ یاد رکھیں کہ ملیریا کی علامات مچھر کے کاٹنے کے ایک سے چار ہفتے بعد تک ظاہر ہو سکتی ہیں۔