مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

آگاہی پر دھیان دیں!‏

آگاہی پر دھیان دیں!‏

آگاہی پر دھیان دیں!‏

دھماکہ!‏ جون ۳،‏ ۱۹۹۱ کو جاپان میں واقع کوہِ‌فوجن زوردار دھماکے کیساتھ آتش‌فشانی گیس اور راکھ فضا میں اُگلنے لگا۔‏ انتہائی گرم آمیزہ ڈھلوان سے نیچے بہنے لگا۔‏ آتش‌فشانی مادّے کے اخراج سے ۴۳ لوگ ہلاک ہو گئے۔‏ بمشکل جان بچانے والوں میں سے بیشتر بُری طرح جل چکے تھے۔‏ بعض ”‏پانی پانی“‏ چلاّ رہے تھے۔‏ آگ بجھانے والا عملہ اور پولیس کے جوان اُنکی مدد کیلئے بدحواسی کے عالم میں اِدھراُدھر بھاگ رہے تھے۔‏

تقریباً دو ہفتے پہلے کوہِ‌فوجن کی چوٹی پر لاوے کا ایک گنبد سا دیکھا گیا تھا،‏ لہٰذا حکومتی ادارے اور مقامی باشندے اس سے بخوبی آگاہ تھے۔‏ اس تباہی سے تقریباً ایک ہفتہ پہلے علاقے کو خالی کرنے کا مشورہ دیا جا چکا تھا۔‏ اس آتش‌فشاں کے پھٹنے سے ایک دن پہلے،‏ پولیس نے اخباری نمائندوں کو ممنوعہ علاقے میں جانے سے روکا تھا۔‏ اس کے باوجود،‏ اُس طوفانی سہ‌پہر کو ۴۳ لوگ اُس پُرخطر علاقے میں محصور تھے۔‏

اتنے زیادہ لوگوں نے کیوں اُس علاقے میں جانے کا خطرہ مول لیا یا وہاں ٹھہرے رہے؟‏ بعض کسان جنہوں نے علاقہ خالی کر دیا تھا وہ اپنا مال‌واسباب اور کھیت دیکھنے کیلئے وہاں گئے تھے۔‏ تین ماہرِبرکانیات اپنی تحقیق کو پورا کرنے کے شوق میں آتش‌فشاں پہاڑ کے بالکل قریب جانے کی کوشش کر رہے تھے۔‏ متعدد رپورٹر اور فوٹوگرافر حدبندیاں عبور کر گئے تھے کیونکہ وہ آتش‌فشانی عمل کی تازہ‌ترین تصاویر حاصل کرنا چاہتے تھے۔‏ تین ٹیکسی ڈرائیور بھی وہاں تھے جنہیں پریس نے کرائے پر لیا ہوا تھا۔‏ پولیس اور آگ بجھانے والے رضاکار ڈیوٹی پر موجود تھے۔‏ ان میں سے ہر ایک کے پاس اس پُرخطر علاقے میں جانے کی کوئی نہ کوئی وجہ تھی​—‏⁠اسکا نتیجہ یہ نکلا کہ اُنہیں اپنی جانوں سے ہاتھ دھونے پڑے۔‏

کیا آپ بھی پُرخطر علاقے میں ہیں؟‏

ممکن ہے کہ ہم سب کسی فعال آتش‌فشاں کے قریب تو نہ رہ رہے ہوں۔‏ پھر بھی اگر ہمیں ایسی عالمگیر تباہی کا سامنا ہو جس نے پوری دُنیا کو گھیرے میں لیکر ہمارے علاقے کو پُرخطر بنا دیا ہے توپھر کیا ہو؟‏ قابلِ‌بھروسہ نبوّتی معلومات فراہم کرنے والی ایک کتاب ہمیں آنے والی عالمگیر تباہی سے خبردار کرتے ہوئے یوں بیان کرتی ہے:‏ ”‏سورج تاریک ہو جائیگا اور چاند اپنی روشنی نہ دیگا اور ستارے آسمان سے گرینگے اور آسمانوں کی قوتیں ہلائی جائینگی۔‏ .‏ .‏ .‏ اُس وقت زمین کی سب قومیں چھاتی پیٹیں گی۔‏“‏ (‏متی ۲۴:‏۲۹،‏ ۳۰‏)‏ یہاں بیان کِیا گیا ہے کہ عالمگیر فلکی مظاہر ”‏زمین کی سب [‏قوموں]‏“‏ پر اثرانداز ہونگے۔‏ باالفاظِ‌دیگر،‏ یہ پیشینگوئی ایک ایسی تباہی کا ذکر کرتی ہے جو ہم میں سے ہر ایک پر اثرانداز ہوگی۔‏

قابلِ‌بھروسہ پیشینگوئی کی یہ کتاب بائبل ہے۔‏ دلچسپی کی بات ہے کہ مذکورہ‌بالا صحیفائی اقتباس کا سیاق‌وسباق اُن چیزوں کی مفصل تصویرکشی کرتا ہے جو عالمگیر تباہی کا باعث بنیں گی۔‏ جیسے لاوے کے گنبد اور دیگر آتش‌فشانی مظاہر نے شمابارا شہر کے اہلکاروں کو اسے پُرخطر علاقہ قرار دینے کی وجوہات فراہم کیں ویسے ہی بائبل بھی ہمیں خبردار رہنے اور اپنے بچاؤ کیلئے تیاری کرنے کی وجوہات فراہم کرتی ہے۔‏ ہم کوہِ‌فوجن کے المیے سے سبق سیکھ سکتے ہیں اور آئندہ واقعات کی سنگینی کو بھانپ سکتے ہیں۔‏

‏[‏صفحہ ۲ پر تصویر کا حوالہ]‏

COVER: Yomiuri/Orion Press/Sipa Press

‏[‏صفحہ ۳ پر تصویر کا حوالہ]‏

Yomiuri/Orion Press/Sipa Press