مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

کیا آپ ایک نادیدہ خدا کی قربت حاصل کر سکتے ہیں؟‏

کیا آپ ایک نادیدہ خدا کی قربت حاصل کر سکتے ہیں؟‏

کیا آپ ایک نادیدہ خدا کی قربت حاصل کر سکتے ہیں؟‏

آپ شاید کہیں کہ ’‏مَیں کسی نادیدہ ہستی کے ساتھ قریبی رشتہ کیسے اُستوار کر سکتا ہوں؟‏‘‏ آپ کی نظر میں یہ سوال معقول ہو سکتا ہے۔‏ لیکن ذرا غور کیجئے:‏

پُرمحبت اور دائمی رشتے اُستوار کرنے کیلئے کسی کو دیکھنا کتنا ضروری ہوتا ہے؟‏ درحقیقت،‏ یہ ضروری نہیں ہے کیونکہ کسی کو دیکھے بغیر بھی اُس کیساتھ قریبی رشتہ پیدا کِیا جا سکتا ہے۔‏ اسی وجہ سے بعض لوگ باقاعدہ خط‌وکتابت میں اپنی پسند،‏ ناپسند،‏ نصب‌اُلعین،‏ اصول،‏ مزاح کی حس اور دیگر شخصیاتی خصائل یا دلچسپیوں کی دیانتدارانہ وضاحت کرنے سے دوسرے لوگوں کیساتھ قریبی رشتہ پیدا کر لیتے ہیں۔‏

نابینا لوگ بھی ظاہر کرتے ہیں کہ کسی دوسرے شخص کیساتھ قریبی رشتہ پیدا کرنے کیلئے اُسے اپنی آنکھوں سے دیکھنا ضروری نہیں ہے۔‏ اِس سلسلے میں ایڈورڈ اور گوین کی مثال پر غور کیجئے جو ایک نابینا بیاہتا جوڑا ہے۔‏ * ایڈورڈ کی گوین سے نابیناؤں کے سکول میں ملاقات ہوئی جہاں وہ دونوں زیرِتعلیم تھے۔‏ وہ ہمیشہ گوین کی خوبیوں،‏ بالخصوص کرداروگفتار میں دیانتداری اور کام کے سلسلے میں اُس کے شاندار رویے کی تعریف کرتا تھا۔‏ نتیجتاً،‏ گوین بھی اُسے پسند کرنے لگی تھی کیونکہ وہ بیان کرتی ہے کہ ”‏ایڈورڈ میں وہ تمام خوبیاں تھیں جنہیں مَیں اپنے بچپن ہی سے نہایت اہم خیال کرتی تھی۔‏“‏ دونوں کا آپس میں ملناجلنا شروع ہو گیا اور تین سال بعد اُنکی شادی ہو گئی۔‏

ایڈورڈ کا کہنا ہے کہ ”‏جب آپ ایک ساتھ ہوتے ہیں تو کسی کیساتھ رشتہ پیدا کرنے میں اندھےپن سے واقعی کوئی فرق نہیں پڑتا۔‏ ہم ایکدوسرے کو دیکھ تو نہیں سکتے تاہم جذبات تو رکھتے ہیں۔‏“‏ اب،‏ ۵۷ سال بعد بھی وہ ایک دوسرے پر جان دیتے ہیں۔‏ اُنکے مطابق اِس عجیب‌وغریب بندھن کا راز چار عناصر پر مشتمل ہے:‏ (‏۱)‏ دوسرے شخص کی صفات پر نظر کرنا (‏۲)‏ اِن صفات کی بابت سوچنا اور انہیں سراہنا (‏۳)‏ اچھا رابطہ قائم رکھنا اور (‏۴)‏ مل‌جُل کر کام کرنا۔‏

کسی بھی اچھے رشتے کے لئے یہ چار نکات بہت ضروری ہیں،‏ خواہ وہ دوستوں،‏ بیاہتا ساتھیوں یا سب سے بڑھکر انسانوں اور خدا کے مابین ہو۔‏ اگلے مضمون میں ہم دیکھینگے کہ خدا کو دیکھے بغیر بھی اِن نکات کا اطلاق اُسکے ساتھ قریبی رشتہ پیدا کرنے میں ہمارے لئے کیسے مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔‏ *

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 4 نام تبدیل کر دئے گئے ہیں۔‏

^ پیراگراف 6 انسانوں کے مابین رشتے کے برعکس،‏ خدا کے ساتھ رشتہ اُس کے وجود پر ایمان لانے سے پیدا ہوتا ہے۔‏ (‏عبرانیوں ۱۱:‏۶‏)‏ خدا پر ایمان کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں مفصل معلومات کے لئے براہِ‌مہربانی واچ‌ٹاور بائبل اینڈ ٹریکٹ سوسائٹی آف نیو یارک،‏ انکارپوریٹڈ کی شائع‌کردہ کتاب از دئیر اے کریئیڑ ہو کیئرز اباؤٹ یو؟‏ کو دیکھیں۔‏