مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

کیا مذہب عالمی امن لائیگا؟‏

کیا مذہب عالمی امن لائیگا؟‏

کیا مذہب عالمی امن لائیگا؟‏

اگست ۲۸ سے اگست ۳۱،‏ ۲۰۰۰ تک،‏ ۷۳ ممالک سے ۵۰۰ سے زائد نمائندے نیو یارک شہر میں جمع ہوئے۔‏ وہ اقوامِ‌متحدہ میں ”‏اس ہزاری میں عالمی امن کیلئے مذہبی اور روحانی راہنماؤں کی کانفرنس“‏ کیلئے جمع ہوئے تھے۔‏ مختلف اعتقادات کی نمائندگی کرنے والے یہ راہنما پگڑیاں،‏ ارغوانی پوشاک،‏ پَروں والے سرپوش یا لمبے سیاہ چوغے پہنے ہوئے تھے۔‏ اُن میں بہائی،‏ بدھ‌مت،‏ ہندومت،‏ اسلام،‏ جین‌مت،‏ یہودیت،‏ شنتو،‏ سکھ‌مت،‏ تاؤمت،‏ زرتشتیت اور دُنیائےمسیحیت کے مذاہب شامل تھے۔‏

مندوبین چار دن کی کانفرنس کے پہلے دو دن اقوامِ‌متحدہ میں جمع ہوئے۔‏ تاہم،‏ اقوامِ‌متحدہ کی بجائے مختلف تنظیموں نے اس کانفرنس کا اہتمام کِیا اور اس کے لئے فنڈ مہیا کئے تھے۔‏ لہٰذا،‏ اقوامِ‌متحدہ اور مذہبی راہنماؤں نے غربت،‏ نسل‌پرستی،‏ ماحولیاتی مسائل،‏ جنگ اور وسیع پیمانے پر تباہی مچانے والے ہتھیاروں کے خاتمے کیلئے ملکر کام کرنے کی اہمیت پر باہمی گفتگو کی۔‏

مندوبین نے ایک دستاویز پر دستخط کئے جسکا عنوان تھا ”‏عالمی امن کا معاہدہ۔‏“‏ اس دستاویز نے یہ تسلیم کرتے ہوئے کہ ”‏بعض‌اوقات مذہب کے نام“‏ پر جنگ‌وتشدد ہوتا ہے،‏ اس بات کا اعلان کِیا کہ دستخط کنندگان ”‏امن قائم کرنے کیلئے اقوامِ‌متحدہ کا ساتھ دینگے۔‏“‏ تاہم کسی بھی ایسے لائحۂ‌عمل کی وضاحت نہیں کی گئی کہ یہ سب کچھ کیسے ہوگا۔‏

دوسرے دن،‏ اس کانفرنس کے سیکرٹری جنرل،‏ باؤ جان نے اپنی افتتاحی تقریر کا اختتام یہ وضاحت کرتے ہوئے کِیا کہ کچھ سال پہلے اُس نے اقوامِ‌متحدہ میں ایک تصویر دیکھی تھی۔‏ اس تصویر میں اقوامِ‌متحدہ کی سیکرٹریٹ کی عمارت سے بھی اُونچا ایک آدمی دکھایا گیا ہے۔‏ وہ عمارت پر اسطرح دستک دے رہا تھا جیسے یہ کوئی دروازہ ہو۔‏ تصویر کے نیچے یہ عبارت لکھی تھی:‏ ”‏سلامتی کا شہزادہ۔‏“‏ مسٹر جان نے بیان کِیا:‏ ”‏جب مَیں نے اس تصویر کو دیکھا تو اسکا مجھ پر بہت گہرا اثر ہوا۔‏ مَیں نے مختلف لوگوں سے پوچھا کہ اسکا کیا مطلب ہے۔‏ میرے خیال میں آج مجھے اسکا جواب مِل گیا ہے۔‏ آج آپ سب دُنیا کے روحانی اور مذہبی راہنماؤں کا یہاں جمع ہونا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ سلامتی کا شہزادہ [‏یہی]‏ ہے جو اقوامِ‌متحدہ کے دروازے پر دستک دے رہا ہے۔‏“‏

تاہم،‏ بائبل اس سے مختلف نظریہ پیش کرتی ہے۔‏ یہ بیان کرتی ہے کہ سلامتی کا شہزادہ یسوع مسیح ہے۔‏ وہی عالمی امن لائیگا مگر وہ امن لانے کیلئے اس دُنیا کے سیاسی یا مذہبی راہنماؤں کی بجائے خدا کی بادشاہت کو استعمال کریگا۔‏ یہ بادشاہت—‏خدا کی آسمانی حکومت—‏فرمانبردار نوعِ‌انسان کو متحد کر کے زمین پر خدا کی مرضی کو پورا کریگی۔‏—‏یسعیاہ ۹:‏۶؛‏ متی ۶:‏۹،‏ ۱۰‏۔‏