مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

آپ بھی بادشاہتی برکات سے استفادہ کر سکتے ہیں

آپ بھی بادشاہتی برکات سے استفادہ کر سکتے ہیں

آپ بھی بادشاہتی برکات سے استفادہ کر سکتے ہیں

مسیحی رسول پولس کو اپنے زمانے کی بعض اہم زبانوں پر عبور حاصل تھا۔‏ اُس کی تعلیم زمانۂ‌جدید کی یونیورسٹی کی اعلیٰ تعلیم کے برابر تھی۔‏ اُسے ایک رومی باشندے کے تمام حقوق اور مراعات حاصل تھیں۔‏ (‏اعمال ۲۱:‏۳۷-‏۴۰؛‏ ۲۲:‏۳،‏ ۲۸‏)‏ ایسی لیاقتیں اسے دولتمند اور مشہورومعروف بنا سکتی تھیں۔‏ تاہم،‏ اُس نے کہا:‏ ”‏جتنی چیزیں میرے نفع کی تھیں اُن ہی کو مَیں نے مسیح کی خاطر نقصان سمجھ لیا ہے۔‏ بلکہ مَیں .‏ .‏ .‏ اُنکو کوڑا سمجھتا ہوں تاکہ مسیح کو حاصل کروں۔‏“‏ (‏فلپیوں ۳:‏۷،‏ ۸‏)‏ پولس نے ایسا کیوں کہا؟‏

پولس جو پہلے ترسس کے ساؤل اور مسیحی ”‏طریق پر پائے“‏ جانے والوں کو ستانے والے کے طور پر مشہور تھا،‏ قیامت‌یافتہ اور جلالی یسوع کی رویا پا کر ایمان لے آیا۔‏ (‏اعمال ۹:‏۱-‏۱۹‏)‏ دمشق کی راہ میں پولس کیساتھ پیش آنے والے اس تجربے نے بِلاشُبہ یہ ثابت کر دیا تھا کہ یسوع ہی موعودہ مسیحا یا مسیح ہے جو مستقبل میں موعودہ بادشاہت کا بادشاہ ہوگا۔‏ اس تجربے سے پولس کی طرزِزندگی میں ایک ڈرامائی تبدیلی واقع ہوئی جیسا کہ اس کا مذکورہ‌بالا پُرزور بیان ظاہر کرتا ہے۔‏ باالفاظِ‌دیگر،‏ مخلص اور راستدل ہونے کی وجہ سے پولس نے توبہ کر لی تھی۔‏—‏گلتیوں ۱:‏۱۳-‏۱۶‏۔‏

بائبل میں اکثر ”‏توبہ“‏ کیلئے استعمال ہونے والے یونانی لفظ کا مطلب درحقیقت ”‏جاننے کے بعد“‏ ہے جو ”‏پہلے جاننے“‏ سے فرق ہے۔‏ لہٰذا،‏ توبہ میں ایک شخص کے ذہن،‏ رُجحان یا مقصد میں تبدیلی کیساتھ ساتھ سابقہ راہوں کو غیرموزوں سمجھ کر رد کرنا بھی شامل ہوتا ہے۔‏ (‏اعمال ۳:‏۱۹؛‏ مکاشفہ ۲:‏۵‏)‏ پولس نے دمشق کی راہ میں پیش آنے والے یادگار واقعہ کو محض ایک جذباتی یا روحانی تجربہ خیال نہیں کِیا تھا بلکہ اس تجربے نے اُسے اس حقیقت سے روشناس کرایا کہ مسیح کی بابت لاعلمی کی وجہ سے اسکی سابقہ زندگی بیکار تھی۔‏ اس نے یہ بھی سمجھ لیا کہ مسیح کی بابت اس نئے علم سے استفادہ کرنے کیلئے اسے اپنی طرزِزندگی کو درست کرنا ہوگا۔‏—‏رومیوں ۲:‏۴؛‏ افسیوں ۴:‏۲۴‏۔‏

ایک بااجر تبدیلی

اس سے پہلے پولس نے خدا کی بابت زیادہ‌تر علم فریسیوں کے فرقے سے حاصل کِیا تھا جسکا وہ خود بھی رکن تھا۔‏ انکے اعتقادات میں زیادہ‌تر انسانی فلسفہ اور روایت شامل تھی۔‏ مذہبی تعصّبات کی وجہ سے پولس کی گرمجوشی اور جذبے سے ناجائز فائدہ اُٹھایا گیا تھا۔‏ پولس اپنے خیال میں خدا کی خدمت کر رہا تھا لیکن حقیقت میں وہ خدا کے خلاف لڑ رہا تھا۔‏—‏فلپیوں ۳:‏۵،‏ ۶‏۔‏

مسیح اور خدا کے مقصد میں اسکے کردار کی بابت صحیح علم حاصل کرنے کے بعد،‏ پولس سمجھ سکتا تھا کہ اسے ایک انتخاب کرنا ہے:‏ کیا اُسے ایک فریسی کے طور پر اپنے رُتبے اور وقار سے استفادہ کرتے رہنا چاہئے یا کیا اُسے اپنی طرزِزندگی میں تبدیلی لا کر خدا کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے؟‏ خوشی کی بات یہ ہے کہ پولس نے درست انتخاب کِیا کیونکہ اُس نے کہا:‏ ”‏مَیں انجیل سے شرماتا نہیں۔‏ اسلئے کہ وہ ہر ایک ایمان لانے والے کے واسطے پہلے یہودی اور پھر یونانی کے واسطے نجات کے لئے خدا کی قدرت ہے۔‏“‏ (‏رومیوں ۱:‏۱۶‏)‏ پولس مسیح اور بادشاہت کی خوشخبری کا ایک سرگرم مُناد بن گیا۔‏

کئی سال بعد،‏ پولس نے ساتھی مسیحیوں سے کہا:‏ ”‏میرا یہ گمان نہیں کہ پکڑ چکا ہوں بلکہ صرف یہ کرتا ہوں کہ جو چیزیں پیچھے رہ گئیں اُن کو بھول کر آگے کی چیزوں کی طرف بڑھا ہؤا۔‏ نشان کی طرف دوڑا ہؤا جاتا ہوں تاکہ اُس انعام کو حاصل کروں جس کے لئے خدا نے مجھے مسیح یسوؔع میں اُوپر بلایا ہے۔‏“‏ (‏فلپیوں ۳:‏۱۳،‏ ۱۴‏)‏ پولس نے خوشخبری سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے خدا سے دُور لیجانے والے نشانوں کو بخوشی ترک کر دیا اور وہ پورے دل سے اُن نشانوں کو حاصل کرنے کی کوشش میں لگا رہا جو خدا کے مقصد کی مطابقت میں تھے۔‏

آپ کیا کرینگے؟‏

شاید آپ نے حال ہی میں بادشاہتی خوشخبری کا پیغام سنا ہے۔‏ کیا آپ کو فردوس میں ہمیشہ کی زندگی کی اُمید پُرکشش دکھائی دیتی ہے؟‏ ایسا ہی ہونا چاہئے کیونکہ ہم سب زندہ رہنے اور امن‌وامان کے ساتھ زندگی سے لطف‌اندوز ہونے کی فطری خواہش رکھتے ہیں۔‏ بائبل بیان کرتی ہے کہ خدا نے ”‏ابدیت“‏ کو ہمارے دل میں جاگزین کِیا ہے۔‏ (‏واعظ ۳:‏۱۱‏)‏ لہٰذا ہمارے لئے اُس وقت کی اُمید رکھنا قدرتی بات ہے جب لوگ ہمیشہ تک امن اور خوشحالی سے زندہ رہ سکیں گے۔‏ نیز بادشاہتی خوشخبری یہی اُمید پیش کرتی ہے۔‏

تاہم،‏ اس اُمید کو ایک حقیقی شکل دینے کیلئے آپکو خوشخبری کی بابت تحقیق‌وتفتیش کرنی ہوگی۔‏ پولس رسول نے نصیحت کی:‏ ”‏خدا کی نیک اور پسندیدہ اور کامل مرضی تجربہ سے معلوم کرتے رہو۔‏“‏ (‏رومیوں ۱۲:‏۲‏)‏ چنانچہ پولس کی طرح،‏ علم اور فہم حاصل کرنے کے بعد،‏ آپکو ایک انتخاب کرنا ہوگا۔‏

اسکے برعکس،‏ مستقبل کی بابت پہلے ہی سے آپ کے اپنے کچھ عقائد ہونگے۔‏ یاد رکھیں کہ پولس رسول بننے سے پہلے،‏ ساؤل کے خدا کی مرضی کی بابت اپنے کچھ نظریات تھے۔‏ چنانچہ خدا کی طرف سے کسی معجزانہ ظہور کی توقع کرنے کی بجائے کیوں نہ غیرجانبداری سے معاملے کا جائزہ لیں؟‏ خود سے پوچھیں:‏ ’‏کیا مَیں نسلِ‌انسانی اور زمین کی بابت خدا کی مرضی سے واقف ہوں؟‏ کیا مَیں اپنے اعتقادات کو ثابت کرنے کیلئے کوئی ثبوت پیش کر سکتا ہوں؟‏ کیا یہ ثبوت خدا کے کلام،‏ بائبل پر مبنی ملاحظے کے دوران بھی قائم رہیگا؟‏‘‏ پس اس طرح سے اپنے اعتقادات کی جانچ کرنے سے آپکو کوئی نقصان نہیں ہوگا۔‏ دراصل آپ کو ایسا کرنا چاہئے کیونکہ بائبل نصیحت کرتی ہے:‏ ”‏سب باتوں کو آزماؤ۔‏ جو اچھی ہو اُسے پکڑے رہو۔‏“‏ (‏۱-‏تھسلنیکیوں ۵:‏۲۱‏)‏ بہرحال،‏ کیا خدا کی خوشنودی سب سے زیادہ اہم نہیں ہے؟‏—‏یوحنا ۱۷:‏۳؛‏ ۱-‏تیمتھیس ۲:‏۳،‏ ۴‏۔‏

مذہبی راہنما شاید ہم سے ایک ابدی مستقبل کا وعدہ کریں۔‏ تاہم،‏ اگر یہ بائبل کی تعلیمات پر مبنی نہیں تو یہ خدا کی بادشاہت کی برکات حاصل کرنے میں مددگار ثابت نہیں ہو سکتا۔‏ اپنے مشہور پہاڑی وعظ میں یسوع نے پُرزور آگاہی دی:‏ ”‏جو مجھ سے اَے خداوند اَے خداوند!‏ کہتے ہیں اُن میں سے ہر ایک آسمان کی بادشاہی میں داخل نہ ہوگا مگر وہی جو میرے آسمانی باپ کی مرضی پر چلتا ہے۔‏“‏—‏متی ۷:‏۲۱‏۔‏

غور کریں کہ یسوع نے بادشاہت کی برکات حاصل کرنے کے لئے اپنے باپ کی مرضی پر عمل کرنے کو لازمی قرار دیا۔‏ باالفاظِ‌دیگر،‏ دینداری کی وضع خدا کو بالکل پسند نہیں ہے۔‏ درحقیقت،‏ یسوع نے مزید بیان کِیا:‏ ”‏اُس دن بہتیرے مجھ سے کہینگے اَے خداوند اَے خداوند!‏ کیا ہم نے تیرے نام سے نبوّت نہیں کی اور تیرے نام سے بدرُوحوں کو نہیں نکالا اور تیرے نام سے بہت سے معجزے نہیں دکھائے؟‏ اُس وقت مَیں اُن سے صاف کہہ دونگا کہ میری کبھی تم سے واقفیت نہ تھی۔‏ اَے بدکارو میرے پاس سے چلے جاؤ۔‏“‏ (‏متی ۷:‏۲۲،‏ ۲۳‏)‏ واضح طور پر،‏ ہمارے لئے یہ یقین کر لینا نہایت اہم ہے کہ ہم بادشاہت کی خوشخبری کی درست سمجھ رکھتے ہوئے اُس کی مطابقت میں عمل کرتے ہیں۔‏—‏متی ۷:‏۲۴،‏ ۲۵‏۔‏

مدد دستیاب ہے

یہوواہ کے گواہ ۱۰۰ سال سے بھی زیادہ عرصے سے،‏ خدا کی بادشاہت کی خوشخبری کی منادی کر رہے ہیں۔‏ وہ باہمی گفتگو اور اشاعتوں کے ذریعے پوری دُنیا میں لوگوں کی درست علم حاصل کرنے میں مدد کرتے ہیں کہ بادشاہت کیا ہے،‏ یہ کونسی برکات لائے گی اور انہیں کیسے حاصل کِیا جا سکتا ہے۔‏

ہم آپ کی حوصلہ‌افزائی کرتے ہیں کہ یہوواہ کے گواہ جس پیغام کی منادی کرتے ہیں اُسے قبول کریں کیونکہ خوشخبری کو قبول کرنے اور اس کے مطابق عمل کرنے سے آپ نہ صرف اب بلکہ مستقبل میں بھی خدا کی بادشاہتی حکمرانی کے تحت عظیم برکات حاصل کر سکتے ہیں۔‏—‏۱-‏تیمتھیس ۴:‏۸‏۔‏

پس،‏ اب مستعدی دکھائیں کیونکہ خدائی بادشاہت کی برکات بہت قریب ہیں!‏

‏[‏صفحہ ۷ پر تصویریں]‏

یہوواہ کے گواہ باہمی گفتگو اور اشاعتوں کے ذریعے خدائی بادشاہت کی خوشخبری کی منادی کرتے ہیں