”یہوواہ ہمیشہ مجھ پر بہت مہربان رہا ہے!“
”یہوواہ ہمیشہ مجھ پر بہت مہربان رہا ہے!“
مارچ ۱۹۸۵ کی ایک نہایت خوشگوار شام کو نیو یارک یو.ایس.اے میں یہوواہ کے گواہوں کے ہیڈکوارٹرز میں رائٹنگ ڈیپارٹمنٹ میں موجود مردوزن ایک یادگار موقع پر حاضر تھے۔ کارل ایف. کلائن کو اس وقت تک کُلوقتی خدمت میں ۶۰ سال ہو چکے تھے۔ بھائی کلائن نے بڑے جوش کیساتھ کہا: ”یہوواہ ہمیشہ مجھ پر بہت مہربان رہا ہے!“ اُس نے بیان کِیا کہ زبور ۳۷:۴ اسکی پسندیدہ آیت ہے۔ اسکے بعد، اُس نے اپنا سیلو بجا کر سب کو محظوظ کِیا۔
اگلے ۱۵ سالوں کے لئے، بھائی کلائن نے رائٹنگ کمیٹی اور یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی کے رُکن کے طور پر اپنی خدمت جاری رکھی۔ بعدازاں، جنوری ۳، ۲۰۰۱ میں ۹۵ سال کی عمر میں کارل کلائن نے وفاداری سے اپنی زمینی زندگی کا اختتام کِیا۔
کارل کی پیدائش جرمنی میں ہوئی تھی۔ اُسکا خاندان ریاستہائےمتحدہ میں منتقل ہو گیا اور کارل نے شکاگو کے نواحی شہر، ایلینوئس میں پرورش پائی۔ کارل اور اُسکا چھوٹا بھائی ٹیڈ، کمعمری ہی میں بائبل میں گہری دلچسپی لینے لگے تھے۔ کارل نے ۱۹۱۸ میں بپتسمہ لیا اور ۱۹۲۲ میں بائبل سٹوڈنٹس کے کنونشن پر ہیجانخیز باتیں سن کر اسکے اندر زندگیبھر کیلئے میدانی خدمتگزاری کیلئے محبت پیدا ہو گئی۔ وہ باقاعدگی کیساتھ ہر ہفتے منادی کے کام میں حصہ لیتا تھا حتیٰکہ اپنی زندگی کے آخری ہفتوں میں بھی اس نے ایسا ہی کِیا۔
کارل ۱۹۲۵ میں ہیڈکوارٹرز سٹاف کا رُکن بنا اور سب سے پہلے پرنٹری میں کام شروع کِیا۔ اُسے موسیقی سے گہرا لگاؤ تھا اور کچھ سالوں تک وہ ایک آرکسٹرا میں سیلو بھی بجایا کرتا تھا جو ریڈیو پر مسیحی پروگرام میں نشر کِیا جاتا تھا۔ اس کے بعد، اس نے سروس ڈیپارٹمنٹ میں کام کِیا جس کے اوورسیئر ٹی. جے. سلیوان کی رفاقت سے وہ خاص طور پر مستفید ہوا۔ اس دوران، ٹیڈ نے ڈورس سے شادی کر لی اور مشنری خدمت کے لئے پورٹوریکو چلا گیا۔
کارل کلائن نے نصف صدی تک رائٹنگ ڈیپارٹمنٹ کیلئے کام کِیا جہاں پر تحقیق کے شوق اور بائبل کے گہرے علم کی وجہ سے اُسکی خدمات نہایت کارگر ثابت ہوئیں۔ کارل نے ۱۹۶۳ میں بولیویا میں خدمت کرنے والی ایک جرمن مشنری، مارگریٹا سے شادی کی۔ اس نے صحت خراب رہنے کے باوجود اُسکی پُرشفقت مدد سے ایسی عمر میں بھی مفید خدمات انجام دیں جب بہتیرے ریٹائر ہو جاتے ہیں۔ کارل کی فطری فصیحالبیانی اور ایک موسیقار کے طور پر اُسکی گرمجوشی کلیسیاؤں میں اور کنونشنوں پر یادگار تقاریر کا باعث بنیں۔ اُس نے اپنی موت سے کچھ ہی دیر پہلے نیو یارک کے بڑے بیتایل خاندان کیلئے صبح کی پرستش کی صدارت بھی کی جس نے سب کو خوشی اور فائدہ پہنچایا۔
دی واچٹاور کے باقاعدہ قارئین میں سے بہتیروں کو بھائی کلائن کی دلکش سوانححیات یاد ہوگی جو اکتوبر ۱، ۱۹۸۴ کے شمارے میں شائع ہوئی تھی۔ آپ یہ یاد رکھتے ہوئے اُس سرگزشت کو بار بار پڑھنے سے لطف اُٹھائینگے کہ اسکے مصنف، بھائی کلائن نے ایک وفادار اور مخصوصشُدہ مسیحی کے طور پر مزید پندرہ سال خدمت انجام دی تھی۔
خداوند کے ممسوح کے طور پر، بھائی کلائن مسیح کے ساتھ آسمان پر حکمرانی کرنے کی دلی خواہش رکھتا تھا۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ یہوواہ نے اب اس کی اس خواہش کو پورا کر دیا ہے۔—لوقا ۲۲:۲۸-۳۰۔
[صفحہ ۳۱ پر تصویر]
کارل ۱۹۴۳ میں ٹی. جے. سلیوان، ٹیڈ اور ڈورس کیساتھ
[صفحہ ۳۱ پر تصویر]
کارل اور مارگریٹا، اکتوبر ۲۰۰۰