اُس نے ”آخر تک برداشت“ کی
اُس نے ”آخر تک برداشت“ کی
یہوواہ کے گواہوں کے ہیڈکوارٹرز سٹاف کے نئے ارکان کو دکھائی جانے والی ۱۹۹۳ کی ویڈیو پیشکش میں، لائمن الیگزینڈر سونگل نے یہوواہ کی خدمت کرنے کی بابت اپنے احساسات کا اظہار کچھ یوں کِیا: ”مرتے دم تک سرگرم رہیں!“
نوے سالہ بھائی سونگل نے دوسروں کی جو حوصلہافزائی کی تھی اُس پر خود بھی عمل کِیا تھا۔ اُس نے ”آخر تک برداشت“ کی۔ (متی ۲۴:۱۳) مارچ ۷ بروز بدھ کو جسمانی تکلیف میں مبتلا ہونے کے باوجود، اُس نے یہوواہ کے گواہوں کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں شرکت کی جس کا وہ خود بھی ایک رُکن تھا۔ اگلے منگل کے روز مارچ ۱۴ کو اُس کی حالت خراب ہو گئی اور صبح ۴ بجکر ۲۶ منٹ پر اس کے ڈاکٹر نے اُسے مُردہ قرار دیدیا۔
لائمن سونگل نے یہوواہ کے گواہوں کے عالمی ہیڈکوارٹرز بروکلن نیو یارک میں اپریل ۵، ۱۹۳۰ کو اپنی خدمت کا آغاز کِیا تھا۔ اُس نے تقریباً ۷۱ سال وہاں خدمت کی۔ لائمن کو سب سے پہلے کتابوں کو جِلدیں کرنے والے شعبہ میں تفویض کِیا گیا، پھر چھاپہخانے میں اور بعدازاں اس نے روشنائی بنانے کے کام میں بھی مدد کی۔ دراصل، بھائی سونگل نے روشنائی بنانے کے شعبے میں ۲۵ سال گزارے۔ اس نے ہیڈکوارٹرز کے رائٹنگ سٹاف کے رُکن کے طور پر بھی ۲۰ سال خدمت کی۔ اپنی زندگی کے آخری ۱۷ سال اُس نے دفترخزانہ میں کام کِیا۔
لائمن خدا کی بادشاہت کا ایک دلیر مناد تھا۔ بروکلن میں اپنے ابتدائی سالوں کے دوران، وہ اور اسکا روممیٹ، آرتھر ورسلی کسی گواہ کی کشتی لیکر دریائےہڈسن کے بالائی علاقوں کی طرف سفر کِیا کرتے تھے۔ صوتی آلات کی مدد سے وہ اکثر ہفتے اور اتوار کو دریا کے کناروں پر واقع آبادیوں کو بادشاہتی پیغام سناتے تھے۔
بھائی سونگل نومبر ۶، ۱۹۱۰ کو لنکن، نبراسکا میں پیدا ہوئے لیکن جلد ہی اُس کا خاندان سالٹ لیک شہر، یوتاہ منتقل ہو گیا۔ وہاں، ۱۹۱۳ میں، اس کے والدین بائبل سٹوڈنٹس بن گئے، جیسا کہ یہوواہ کے گواہ اُس وقت کہلاتے تھے۔ کئی سال تک سونگل خاندان گواہوں کے بروکلن ہیڈکوارٹرز سے آنے والے مہمان مقررین کی میزبانی کرتا رہا جنہوں نے لائمن پر مثبت اثر ڈالا۔ سن ۱۹۲۳ میں، ۱۲ سال کی عمر میں، اس نے خدا کے حضور اپنی مخصوصیت کی علامت میں بپتسمہ لیا۔
بروکلن میں کنوارے شخص کے طور پر ۲۶ سال سے زائد عرصہ تک خدمت کرنے کے بعد، جب جون ۸، ۱۹۵۶ کو لائمن نے کرسٹل زرچر سے شادی کی تو اُسکی زندگی اَور بھی حسین اور خوشگوار ہو گئی۔ اُنہیں ایک دوسرے سے الگ نہیں کِیا جا سکتا تھا۔ وہ ۱۹۹۸ میں کرسٹل کی وفات تک خدمتگزاری میں اکٹھے حصہ لیتے رہے۔ تقریباً تین سال پہلے، کرسٹل فالج کے باعث بُری طرح معذور ہو گئی تھی۔ لائمن اسکی بہت دیکھبھال کرتا تھا جو سب کیلئے خاصکر ان اشخاص کیلئے عقیدت کی ایک عمدہ مثال ہے جنہوں نے لائمن کو آسپڑوس کی گلیوں میں محبت کے ساتھ اس کی ویلچیئر دھکیلتے اور کرسٹل کو راہگیروں کو مینارِنگہبانی اور جاگو! پیش کرتے ہوئے دیکھا تھا۔
بھائی سونگل صافگو اور ہمدرد آدمی تھا جس کی وجہ سے اس نے اپنے واقفکاروں کے دل میں گھر کر لیا تھا۔ اپنے باپ اور ماں کی طرح، وہ بھی آسمانی بادشاہت میں یسوع مسیح کے ساتھ رہنے کی اُمید رکھتا تھا اور ہمیں یقین ہے کہ اب اُسکی یہ اُمید پوری ہو گئی ہے۔—۱-تھسلنیکیوں ۴:۱۵-۱۸؛ مکاشفہ ۱۴:۱۳۔
[صفحہ ۳۱ پر تصویر]
بھائی سونگل نے ۲۵ سال روشنائی بنانے کے شعبے میں خدمت کی
[صفحہ ۳۱ پر تصویر]
لائمن اور کرسٹل کو الگ کرنا ممکن نہیں تھا