مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

بائبل کو سمجھنے کیلئے مدد

بائبل کو سمجھنے کیلئے مدد

بائبل کو سمجھنے کیلئے مدد

بائبل ایک لاثانی کتاب ہے۔‏ اس کے مصنّفین کا دعویٰ ہے کہ اُنہوں نے اِسے خدا کے الہام سے لکھا ہے اور اس میں پائی جانے والی باتیں اِس دعوے کی سچائی کا ثبوت ہیں۔‏ (‏۲-‏تیمتھیس ۳:‏۱۶‏)‏ بائبل دیگر کئی باتوں کے علاوہ یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ ہماری زندگی کی ابتدا کیسے ہوئی،‏ ہماری زندگی کا مقصد کیا ہے اور ہمارا مستقبل کیا ہے۔‏ یقیناً یہ کتاب ہماری توجہ کی مستحق ہے!‏

آپ نے شاید بائبل پڑھنے کی کوشش تو کی ہے لیکن اِسے سمجھنا مشکل پایا ہے۔‏ غالباً آپ کو یہ معلوم نہیں کہ آپ اپنے سوالات کے جواب کہاں سے حاصل کر سکتے ہیں۔‏ اگر ایسا ہے تو آپ تنہا اس صورتحال میں مبتلا نہیں ہیں۔‏ آپ کی صورتحال پہلی صدی کے ایک شخص جیسی ہے۔‏ وہ اپنے رتھ پر سوار یروشلیم سے اپنے آبائی وطن ایتھوپیا (‏حبشہ)‏ جا رہا تھا۔‏ یہ حبشی اہلکار بائبل کی نبوّتی کتاب یسعیاہ میں سے پڑھ رہا تھا جو کہ سات سو سال پہلے لکھی گئی تھی۔‏

اچانک،‏ رتھ کے ساتھ دوڑتا ہوا ایک آدمی اُس سے مخاطب ہوا۔‏ یہ آدمی یسوع کا شاگرد فلپس تھا جس نے حبشی سے پوچھا:‏ ”‏جو تُو پڑھتا ہے اُسے سمجھتا بھی ہے؟‏“‏ حبشی نے جواب دیا:‏ ”‏یہ مجھ سے کیونکر ہو سکتا ہے جب تک کوئی مجھے ہدایت نہ کرے؟‏“‏ اس کے بعد اُس نے فلپس کو رتھ پر بٹھا لیا۔‏ فلپس نے اُسے اُس اقتباس کا مطلب سمجھایا جو وہ پڑھ رہا تھا اور اُسے ”‏یسوؔع کی خوشخبری“‏ سنائی۔‏—‏اعمال ۸:‏۳۰-‏۳۵‏۔‏

عرصۂ‌دراز پہلے جیسے فلپس نے خدا کا کلام سمجھنے میں حبشی کی مدد کی تھی اُسی طرح یہوواہ کے گواہ آجکل بائبل سمجھنے میں لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔‏ وہ آپ کی بھی خوشی سے مدد کرینگے۔‏ عموماً،‏ بنیادی صحیفائی تعلیمات سے آغاز کرکے ترتیب‌وار بائبل کا مطالعہ کرنا اچھا ہوتا ہے۔‏ (‏عبرانیوں ۶:‏۱‏)‏ جب آپ ترقی کرتے ہیں تو پولس رسول کے مطابق آپ ”‏سخت غذا“‏—‏یعنی گہری سچائیاں—‏حاصل کرنے کے قابل ہونگے۔‏ (‏عبرانیوں ۵:‏۱۴‏)‏ اگرچہ آپ بائبل کا مطالعہ کرتے ہیں توبھی دیگر امدادی کتابیں مختلف موضوعات پر بائبل اقتباسات تلاش کرنے اور انہیں سمجھنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔‏

آپ اپنی سہولت کے مطابق مطالعے کیلئے وقت اور جگہ کا تعیّن کر سکتے ہیں۔‏ بعض تو ٹیلیفون پر بھی مطالعہ کرتے ہیں۔‏ مطالعہ کلاس روم کے طریقے سے نہیں کِیا جاتا بلکہ یہ ذاتی بندوبست ہوتا ہے جو آپ کے حالات،‏ پس‌منظر اور تعلیم کے مطابق ڈھالا جاتا ہے۔‏ آپ کو ایسے بائبل مطالعے کیلئے معاوضہ نہیں دینا پڑیگا۔‏ (‏متی ۱۰:‏۸‏)‏ کوئی امتحان نہیں ہوگا جس سے آپکو شرمندگی اُٹھانی پڑے۔‏ آپ کے سوالات کے جواب دئے جائینگے اور آپ خدا کی قربت حاصل کرنا سیکھیں گے۔‏ تاہم،‏ آپ کو بائبل کا مطالعہ کیوں کرنا چاہئے؟‏ بعض ایسی وجوہات پر غور کریں جنکی بِنا پر بائبل کا مطالعہ آپ کی زندگی کو خوشی سے معمور کر سکتا ہے۔‏