سوالات از قارئین
سوالات از قارئین
جب دُورا کے میدان میں نبوکدنضر کی نصبکردہ مورت کو سجدہ کرنے کے سلسلے میں تین عبرانیوں کی آزمائش ہوئی تو اُس وقت دانیایل کہاں تھا؟
بائبل اس سلسلے میں کوئی حتمی بات نہیں بتاتی اسلئے کوئی انسان بھی یہ نہیں بتا سکتا کہ دانیایل اس آزمائش کے وقت کہاں تھا۔
بعض کا خیال ہے کہ دانیایل کو سدرک، میسک اور عبدنجو کی نسبت اعلیٰ سرکاری مرتبے یا نبوکدنضر کی ذاتی کرمفرمائی کے باعث دُورا کے میدان میں حاضر ہونے سے مستثنیٰ قرار دیا گیا تھا۔ دانیایل ۲:۴۹ سے یہ بات ظاہر ہوتی ہے کہ کچھ عرصہ تک اُس کا رُتبہ اپنے دیگر تین ساتھیوں سے بلند تھا۔ لیکن اس سے ہم یہ ثابت نہیں کر سکتے کہ وہ دوسروں کیساتھ مورت کے آگے جمع ہونے سے مستثنیٰ تھا۔
دیگر نے دانیایل کی غیرموجودگی کی وضاحت میں یوں رائےزنی کی ہے کہ وہ شاید کسی سرکاری کام سے کہیں گیا ہوا تھا یا بیماری کی وجہ سے آنے کے قابل نہیں تھا۔ تاہم، بائبل ایسا بھی کچھ نہیں کہتی۔ بہرحال، دانیایل کے پاس اپنی غیرموجودگی کا معقول جواز ضرور ہوگا ورنہ حاسد بابلی اہلکار اُس پر کوئی نہ کوئی الزام ضرور لگاتے۔ (دانیایل ۳:۸) اس واقعہ سے پہلے اور اسکے بعد، دانیایل نے اپنی راستی برقرار رکھی اور ہر آزمائش میں خدا کا وفادار رہا۔ (دانیایل ۱:۸؛ ۵:۱۷؛ ۶:۴، ۱۰، ۱۱) اگرچہ بائبل دانیایل کی دُورا کے میدان میں غیرموجودگی کی وجہ نہیں بتاتی توبھی ہم اعتماد رکھ سکتے ہیں کہ وہ یہوواہ خدا کی وفاداری کے سلسلے میں کسی بھی حالت میں مصالحت کرنے والا نہیں تھا۔—حزقیایل ۱۴:۱۴؛ عبرانیوں ۱۱:۳۳۔