کُندن سے بھی زیادہ پائیدار
کُندن سے بھی زیادہ پائیدار
سونا اپنی خوبصورتی اور پائیداری کی وجہ سے مقبول ہے۔ اس کی مقبولیت کا راز درحقیقت اِس کی دائمی چمک اور بیداغ رہنے کی خاصیت میں پنہاں ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ سونا پانی، آکسیجن، گندھک بلکہ کسی بھی چیز سے متاثر نہیں ہوتا۔ غرقاب جہازوں اور دیگر جگہوں سے ملنے والی سونے کی اشیا کی چمکدمک سینکڑوں سال بعد بھی قائم پائی گئی ہے۔
تاہم، دلچسپی کی بات یہ ہے کہ بائبل کے مطابق ایک چیز ”آگ سے آزمائے ہوئے فانی سونے“ سے بھی زیادہ پائیدار ہے۔ (۱-پطرس ۱:۷) آگ یا دوسرے طریقوں سے ”آزمایا“ یا پاک کِیا جانے والا سونا ۹.۹۹ فیصد خالص ہو سکتا ہے۔ لیکن خالص سونا بھی ماءالملوک (آبِسلطانی) میں تحلیل ہو جاتا ہے جو دراصل ایک ایسا آمیزہ ہوتا ہے جس میں ایک حصہ شورے کا تیزاب اور تین حصے نمک کا تیزاب ہوتا ہے۔ لہٰذا بائبل کا بیان سائنسی اعتبار سے درست ہے کہ ’سونا فانی‘ ہے۔
اسکے برعکس، سچا مسیحی ایمان ’جان بچاتا‘ ہے۔ (عبرانیوں ۱۰:۳۹) انسان کسی مضبوط ایمان والے شخص کو ہلاک کر سکتے ہیں جیسےکہ یسوع مسیح کو کِیا گیا تھا۔ لیکن حقیقی ایمان رکھنے والوں کیساتھ یہ وعدہ کِیا گیا ہے: ”جان دینے تک بھی وفادار رہ تو مَیں تجھے زندگی کا تاج دونگا۔“ (مکاشفہ ۲:۱۰) خدا ایمان کی حالت میں مرنے والوں کو یاد رکھتا ہے اور وہ انہیں زندہ بھی کریگا۔ (یوحنا ۵:۲۸، ۲۹) سونے کی بڑی سے بڑی مقدار بھی ایسا نہیں کر سکتی۔ اس لحاظ سے ایمان واقعی سونے سے زیادہ بیشقیمت ہے۔ تاہم، افضل قدروقیمت کا حامل ہونے کے علاوہ اسے پرکھا یا آزمایا ہوا بھی ہونا چاہئے۔ درحقیقت پطرس کے بیان کے مطابق ’آزمایا ہوا ایمان‘ ہی سونے سے زیادہ بیشقیمت ہے۔ یہوواہ کے گواہ بائبل مطالعے کے ذریعے سچے خدا، یہوواہ اور اُسکے بیٹے، یسوع مسیح پر مضبوط ایمان رکھنے کیلئے خوشی سے آپکی مدد کرینگے۔ یسوع کے مطابق یہ ”ہمیشہ کی زندگی“ پر منتج ہوتا ہے۔—یوحنا ۱۷:۳۔