مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سوالات از قارئین

سوالات از قارئین

سوالات از قارئین

عہد کا صندوق اُٹھانے والی چوبیں کسطرح رکھی گئی تھیں چونکہ ۱-‏سلاطین ۸:‏۸ ظاہر کرتی ہے کہ یہ پاک مکان سے دکھائی دیتی تھیں؟‏

جب یہوواہ نے موسیٰ کو بیابان میں خیمۂ‌اجتماع کا نقشہ دیا تو عہد کا صندوق اسکا مرکزی حصہ تھا۔‏ اس مستطیل،‏ سونے کی پرت والے صندوق میں شریعت کی لوحوں کے علاوہ اَور چیزیں بھی رکھی گئی تھیں۔‏ یہ سب سے اندرونی پاکترین مقام میں رکھا جاتا تھا۔‏ صندوق کے اُوپر سونے کے دو کروبی پَر پھیلائے ہوتے تھے۔‏ صندوق کے دونوں طرف کڑے تھے تاکہ اسے کیکر کی لکڑی کے بنے ہوئے دو چوبوں پر اُٹھایا جا سکے جن پر سونا منڈھا گیا تھا۔‏ منطقی طور پر یہ چوبیں کڑے کے اندر سے گزرتی اور صندوق کے متوازی تھیں۔‏ لہٰذا مشرق کی طرف خیمۂ‌اجتماع کے پاکترین مقام میں رکھے صندوق کی چوبیں شمال جنوب کی جانب تھیں۔‏ سلیمان کی تعمیرکردہ ہیکل میں بھی یہ صندوق اسی طرح رکھا گیا تھا۔‏—‏خروج ۲۵:‏۱۰-‏۲۲؛‏ ۳۷:‏۴-‏۹؛‏ ۴۰:‏۱۷-‏۲۱‏۔‏ *

ایک پردہ پاکترین مقام کو پاک مقام (‏بیرونی کمرے)‏ سے الگ کرتا تھا۔‏ پاک مقام میں موجود کاہن پاکترین مقام میں رکھے گئے صندوق کو نہیں دیکھ سکتے تھے جس پر خدا کی حضوری ہوا کرتی تھی۔‏ (‏عبرانیوں ۹:‏۱-‏۷‏)‏ لہٰذا ۱-‏سلاطین ۸:‏۸ کو سمجھنے میں بظاہر مشکل پیش آ سکتی ہے:‏ ”‏وہ چوبیں ایسی لمبی تھیں کہ اُن چوبوں کے سرے پاک مکان سے الہامگاہ کے سامنے دکھائی دیتے تھے لیکن باہر سے نہیں دکھائی دیتے تھے۔‏“‏ یہی نکتہ ۲-‏تواریخ ۵:‏۹ میں بھی درج ہے۔‏ پس چوبیں ہیکل کے پاک مقام میں کھڑے کسی شخص کو کیسے دکھائی دے سکتی تھیں؟‏

بعض لوگوں کے خیال میں چوبیں پردے کو چُھوتی تھیں جس سے پیدا ہونے والے اُبھار دکھائی دیتے تھے۔‏ تاہم اگر چوبیں شمال جنوب کی جانب پردے کے متوازی تھیں تو ایسا ممکن نہیں تھا۔‏ (‏گنتی ۳:‏۳۸‏)‏ اس کی ایک اَور معقول وضاحت بھی ہے۔‏ پردے اور ہیکل کی دیوار کے درمیان ذرا سے فاصلے کی صورت میں یا سردار کاہن کے پاکترین مقام میں داخل ہوتے وقت چوبیں دکھائی دے سکتی تھیں۔‏ پردہ صندوق کو نظروں سے تو چھپا دیتا تھا لیکن دونوں طرف سے نکلی ہوئی چوبیں شگاف سے دکھائی دے سکتی تھیں۔‏ اگرچہ یہ وضاحت بظاہر معقول ہے توبھی ہم اسکی بابت اِدعاپسند نہیں بن سکتے۔‏

سچ ہے کہ ابھی ہمارے پاس سیکھنے کیلئے مزید بہت سی تفصیلات باقی ہیں۔‏ پولس رسول نے عبرانیوں کے نام اپنے خط میں اسکے چند پہلوؤں کا ذکر کِیا۔‏ اسکے بعد اُس نے بیان کِیا:‏ ”‏ان باتوں کے مفصل بیان کرنے کا یہ موقع نہیں۔‏“‏ (‏عبرانیوں ۹:‏۵‏)‏ مستقبل میں وفادار اشخاص کی قیامت،‏ موسیٰ،‏ ہارون،‏ بضلی‌ایل اور دیگر شخصیات سے سیکھنے کے دلچسپ مواقع فراہم کریگی جو خیمۂ‌اجتماع کے نمونے اور استعمال سے ذاتی طور پر واقف تھے۔‏—‏خروج ۳۶:‏۱‏۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 3 جب صندوق خیمۂ‌اجتماع میں اپنی جگہ موجود ہوتا تھا تب بھی چوبیں کڑوں سے نہیں نکالی جاتی تھیں۔‏ نتیجتاً چوبیں کسی اَور مقصد کے لئے استعمال نہیں کی جا سکتی تھیں۔‏ اس کے علاوہ،‏ صندوق کو چُھونے کی ضرورت نہیں پڑتی تھی؛‏ اگر چوبیں کڑوں سے نکالی جاتیں تو ہر سفر سے پہلے ان کو کڑوں میں ڈالنے کیلئے مُقدس صندوق کو ہاتھ لگانا ضروری ہوتا۔‏ گنتی ۴:‏۶ میں ’‏چوبیں لگانے‘‏ سے مُراد بھاری صندوق کو کسی نئی لشکرگاہ میں لیجانے کی تیاری کرتے وقت انہیں ٹھیک طرح سے بٹھانا ہو سکتا ہے۔‏