مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

نیک کام—‏خدا کیلئے باعثِ‌تمجید

نیک کام—‏خدا کیلئے باعثِ‌تمجید

نیک کام‏—‏خدا کیلئے باعثِ‌تمجید

سچے مسیحی اپنے نیک چال‌چلن اور مثالی کاموں سے خدا کیلئے تمجید کا باعث بنتے ہیں۔‏ (‏۱-‏پطرس ۲:‏۱۲‏)‏ حالیہ سالوں کے دوران اٹلی میں پیش آنے والے واقعات اس بات کا ثبوت فراہم کرتے ہیں۔‏

ستمبر ۱۹۹۷ میں ایک زوردار زلزلے نے مارش اور امبریا کے مختلف علاقوں کو ہلا کر رکھ دیا جس سے تقریباً ۰۰۰،‏۹۰ گھر تباہ ہو گئے۔‏ یہوواہ کے گواہوں نے ساتھی ایمانداروں اور دیگر لوگوں کو فوری امداد فراہم کرنے کا بندوبست کِیا۔‏ ٹریلرز،‏ لحاف،‏ چولہے،‏ جنریٹر اور دیگر ضروری اشیا فراہم کی گئیں۔‏ یہ امدادی کوششیں چھپی نہ رہیں۔‏

اخبار ایل چینٹرو کی رپورٹ کے مطابق:‏ ”‏[‏ٹرامو صوبے میں]‏ روزیٹو کے یہوواہ کے گواہ سب سے پہلے امدادی اشیا لیکر متاثرہ علاقوں میں پہنچے۔‏ .‏ .‏ .‏ یہوواہ پر ایمان رکھنے والے یہ لوگ دُعا کیلئے باقاعدگی سے جمع ہونے کے علاوہ کسی بھی مذہب کے مصیبت‌زدہ لوگوں کی عملی مدد بھی کرتے ہیں۔‏“‏

انتہائی متاثرہ قصبے،‏ نوکیرا امبرا کے میئر نے گواہوں کو لکھا:‏ ”‏مَیں نوکیرا کی عوام کیلئے پیش کی جانے والی مدد کیلئے ذاتی طور پر آپکا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔‏ مجھے یقین ہے کہ نوکیرا کے تمام شہری بھی ایسا ہی محسوس کرتے ہیں۔‏“‏ علاوہ‌ازیں،‏ وزارتِ‌داخلہ نے ”‏امبریا اور مارش کے علاقوں میں پیدا ہونے والی ہنگامی صورتحال سے منسلک کارگزاریوں میں یہوواہ کے گواہوں کے تعاون اور مستعدی کیلئے“‏ اُن کی مسیحی کلیسیا کو حسن‌کارکردگی کی سند اور تمغے سے نوازا۔‏

اکتوبر ۲۰۰۰ میں شمالی اٹلی کے سلسلۂ‌کوہ کے دامن میں واقع ایک علاقے میں تباہ‌کُن سیلاب آیا۔‏ ایک بار پھر گواہوں نے امداد فراہم کرنے کے لئے فوری کارروائی کی۔‏ ان عمدہ کاموں کو بھی نظرانداز نہ کِیا گیا۔‏ پیڈمونٹ ریجن نے بھی ”‏سیلاب سے متاثر ہونے والی عوام کی مدد کے سلسلے میں اُن کی بیش‌قیمت رضاکارانہ خدمت“‏ کے لئے انہیں حسن‌کارکردگی کا اعزاز بخشا۔‏

یسوع مسیح نے اپنے شاگردوں کو ہدایت کی:‏ ”‏تمہاری روشنی آدمیوں کے سامنے چمکے تاکہ وہ تمہارے نیک کاموں کو دیکھکر تمہارے باپ کی جو آسمان پر ہے تمجید کریں۔‏“‏ (‏متی ۵:‏۱۶‏)‏ یہوواہ کے گواہ خوشی سے اپنے پڑوسیوں کی روحانی اور دیگر کئی طریقوں سے مدد کرنے والے ”‏نیک کاموں“‏ کے ذریعے اپنی نہیں بلکہ خدا کی تمجید کرتے ہیں۔‏