سوالات از قارئین
سوالات از قارئین
کیا یہ کہنا درست ہے کہ یہوواہ کا رحم اُس کے انصاف پر غالب آتا ہے؟
اگرچہ اس اظہار کو استعمال کِیا جاتا ہے تاہم اس سے گریز کرنا بہتر ہے کیونکہ یہ یہوواہ کے رحم کو اُسکے انصاف پر حاوی یا اُسکے انصاف کے ترازو کو ہلکا کرنے کا مفہوم پیش کرتا ہوا دکھائی دیتا ہے گویا کہ اُسکا رحم اُسکے انصاف کی شدت سے بالاتر ہے۔ یہ درست نہیں ہے۔
جس عبرانی لفظ کا ترجمہ ”انصاف“ کِیا گیا ہے اسکا مطلب ”عدالت“ بھی ہو سکتا ہے۔ انصاف کا راستی سے گہرا تعلق ہے۔ تاہم، انصاف عموماً قانونی مفہوم بھی رکھتا ہے جبکہ راستی میں یہ بات شامل نہیں ہے۔ یہ سچ ہے کہ یہوواہ کے انصاف میں واجب سزا دینے کیساتھ ساتھ مستحق لوگوں کیلئے نجات فراہم کرنا بھی شامل ہو سکتا ہے۔ (پیدایش ۱۸:۲۰-۳۲؛ یسعیاہ ۵۶:۱؛ ملاکی ۴:۲) لہٰذا یہوواہ کے انصاف کو نہ تو سخت اور نہ ہی ہلکا خیال کِیا جانا چاہئے۔
”رحم“ کیلئے عبرانی لفظ، عدالت کو نرمی کیساتھ عمل میں لانا بھی ہو سکتا ہے۔ یہ مظلوم کی مدد کرتے ہوئے رحمدلی کو براہِراست عمل میں لانے کا مفہوم بھی پیش کر سکتا ہے۔—استثنا ۱۰:۱۸؛ لوقا ۱۰:۲۹-۳۷۔
یہوواہ انصاف اور رحم کا خدا ہے۔ (خروج ۳۴:۶، ۷؛ استثنا ۳۲:۴؛ زبور ۱۴۵:۹) اُسکا انصاف اور رحم دونوں کامل ہیں اور دونوں باہم ملکر کام کرتے ہیں۔ (زبور ۱۱۶:۵؛ ہوسیع ۲:۱۹) یہ دونوں صفات پوری طرح ایک دوسرے کیساتھ متوازن اور ہمآہنگ ہیں۔ لہٰذا اگر ہم کہیں کہ یہوواہ کا رحم اُسکے انصاف پر غالب آتا ہے توپھر ہمیں یہ بھی تسلیم کرنا پڑیگا کہ اُسکا انصاف اُسکے رحم پر غالب آتا ہے۔
یسعیاہ نے پیشینگوئی کی: ”[یہوواہ] تم پر مہربانی کرنے کیلئے انتظار کریگا اور تم پر رحم کرنے کیلئے بلند ہوگا کیونکہ [یہوواہ] عادل خدا ہے۔“ (یسعیاہ ۳۰:۱۸) یہاں یسعیاہ ظاہر کرتا ہے کہ یہوواہ کا رحم اُسکے انصاف کے ترازو کو ہلکا کرنے یا اُس پر حاوی ہونے کی بجائے اُسکا انصاف اُسے رحم کرنے کی تحریک دیتا ہے۔ یہوواہ منصف اور شفیق ہونے کی وجہ سے رحم دکھاتا ہے۔
سچ ہے کہ بائبل نویس یعقوب نے تحریر کِیا: ”رحم انصاف پر غالب آتا ہے۔“ (یعقوب ۲:۱۳ب) تاہم اس اقتباس میں یعقوب یہوواہ کی بجائے مظلوموں، مسکینوں اور دیگر لوگوں پر رحم ظاہر کرنے والے مسیحیوں کی بابت بیان کرتا ہے۔ (یعقوب ۱:۲۷؛ ۲:۱-۹) لہٰذا جب ایسے رحیم لوگوں کی عدالت ہوگی تو یہوواہ اُنکے چالچلن کو ملحوظِخاطر رکھیگا اور اپنے بیٹے کی قربانی کی بنیاد پر انہیں رحمدلی کیساتھ معاف کریگا۔ لہٰذا اُنکا رحمدلانہ چالچلن انکی ہر اُس سزا پر غالب آئیگا جسکا اُنہیں سامنا ہو سکتا تھا۔—امثال ۱۴:۲۱؛ متی ۵:۷؛ ۶:۱۲؛ ۷:۲۔
لہٰذا، یہ کہنا درست نہیں کہ یہوواہ کا رحم اس مفہوم میں اُس کے انصاف پر غالب آتا ہے کہ اُس کے انصاف کے ترازو کو رحم کے ذریعے ہلکا کرنے کی ضرورت ہے۔ یہوواہ میں اِن دونوں خوبیوں کا کامل توازن پایا جاتا ہے۔ باہمی توازن سے آراستہ محبت اور حکمت جیسی یہوواہ کی دوسری خوبیوں کی طرح یہ بھی ایک دوسرے سے متوازن ہیں۔