مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

‏”‏مَیں خدا کی خدمت کرنا چاہتا تھا“‏

‏”‏مَیں خدا کی خدمت کرنا چاہتا تھا“‏

بادشاہتی مُناد رپورٹ دیتے ہیں

‏”‏مَیں خدا کی خدمت کرنا چاہتا تھا“‏

‏”‏اَے میری اُمت کے لوگو!‏ اُس میں سے نکل آؤ۔‏‎“ یوحنا رسول نے پہلی صدی س.‏ع.‏ میں اس ملکوتی اعلان کو سنا تھا۔‏ ہمارے زمانہ میں لاکھوں خلوصدل لوگ اس کیلئے جوابی‌عمل دکھاتے ہوئے جھوٹے مذہب کی عالمگیر مملکت ’‏بڑے بابل‘‏ سے نکل آئے ہیں۔‏ (‏مکاشفہ ۱۸:‏۱-‏۴‏)‏ ان میں ہیٹی سے تعلق رکھنے والا وِلنار بھی شامل ہے جو کہ اپنا تجربہ بیان کرتا ہے۔‏

‏”‏مَیں ۱۹۵۶ میں ہیٹی کے ایک چھوٹے سے قصبے سینٹ مارک میں ایک کٹر کیتھولک خاندان میں پیدا ہوا تھا۔‏ جب ہمارے قصبے سے میرے علاوہ،‏ دو اَور اشخاص کو ہیٹی میں سینٹ مائیکل ڈی لاٹالے کی ایک سیمنری میں جانے کیلئے منتخب کِیا گیا تو میرے خاندان کی خوشی کا تصور کریں۔‏ پھر،‏ ۱۹۸۰ میں ہمیں مزید تربیت کیلئے سٹیوولاٹ بیلجیئم بھیجا گیا۔‏ وہاں پر ہم نے ایک کیتھولک یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کی۔‏

‏”‏شروع شروع میں تو مَیں پادری بننے کیلئے بڑا پُرجوش تھا۔‏ ایک دن لنچ روم میں،‏ ہمارے گروپ کے نگران پادری نے مجھے چند منٹ ٹھہرنے کیلئے کہا کیونکہ وہ مجھ سے اکیلے میں کچھ کہنا چاہتا تھا۔‏ مَیں تو دنگ رہ گیا جب اُس نے بِلاجھجھک یہ اقرار کِیا کہ وہ جنسی طور پر مجھ میں دلچسپی لیتا ہے!‏ مَیں نے اُسکی پیشکش کی مذمت کی لیکن مَیں نہایت بیدل ہو گیا۔‏ خط کے ذریعے مَیں نے اپنے خاندان کو اس واقعے سے آگاہ کِیا اور اُنکی ناپسندیدگی کے باوجود کچھ ماہ بعد سیمنری چھوڑ دی۔‏ مَیں نے گاؤں میں رہائش تلاش کی اور ایک دوسرے پیشے کی تربیت حاصل کرنے لگا۔‏

‏”‏سینٹ مارک واپس لوٹنے پر کیتھولک چرچ سے میرا اعتماد اُٹھ چکا تھا۔‏ اسکے باوجود مَیں خدا کی خدمت کرنا چاہتا تھا لیکن مَیں نہیں جانتا تھا کہ کیا کروں۔‏ مَیں ایڈوینٹسٹ چرچ،‏ ابی‌نظر چرچ اور مورمن چرچ میں گیا۔‏ مَیں روحانی طور پر تِشنہ تھا۔‏

‏”‏بعدازاں مجھے یاد آیا کہ مَیں بیلجیئم کی سیمنری میں ایک کریم‌پون بائبل پڑھا کرتا تھا۔‏ اُس میں مَیں نے پڑھا تھا کہ خدا کا ایک نام ہے۔‏ لہٰذا خدا کا نام استعمال کرتے ہوئے مَیں نے خلوصدلی کیساتھ اُس سے دُعا کی کہ مجھے سچا مذہب تلاش کرنے میں مدد دے۔‏

‏”‏اسکے کچھ ہی عرصہ بعد،‏ دو یہوواہ کے گواہ میرے پڑوس میں آ بسے۔‏ وہ پُرامن،‏ معزز اور پُروقار لوگ تھے۔‏ مَیں اُنکی طرزِزندگی سے بہت متاثر ہوا۔‏ ایک دن اُن میں سے ایک گواہ نے مجھے مسیح کی موت کی سالانہ یادگار کیلئے مدعو کِیا۔‏ مَیں اُس اجلاس سے بہت لطف‌اندوز ہوا اور گواہوں کیساتھ باقاعدہ بائبل مطالعہ کرنے کیلئے تیار ہو گیا۔‏ تقریباً چھ ماہ کے اندر اندر مجھے یقین ہو گیا کہ مَیں نے خدا کی خدمت کرنے کی درست راہ کو تلاش کر لیا ہے۔‏ مَیں نے اپنی زندگی یہوواہ کیلئے مخصوص کر دی اور نومبر ۲۰،‏ ۱۹۸۸ میں بپتسمہ لے لیا۔‏“‏

کچھ عرصہ بعد،‏ وِلنار نے کُل‌وقتی خدمت شروع کر دی۔‏ آجکل وہ ایک کلیسیائی بزرگ کے طور پر خدمت انجام دےرہا ہے۔‏ وہ اور اُسکی بیوی اپنے دو بچوں سمیت اپنی کلیسیا میں خوشی سے خدمت کر رہے ہیں۔‏

‏[‏صفحہ ۹ پر تصویر]‏

وِلنار نے بائبل پڑھائی کے ذریعے سیکھا کہ خدا کا نام یہوواہ ہے