”وہ مجھے راحت کے چشموں کے پاس لے جاتا ہے“
”وہ مجھے راحت کے چشموں کے پاس لے جاتا ہے“
بائبل میں بیانکردہ علاقوں کے گرم موسم میں بھیڑوں کو اپنی پیاس بجھانے کیلئے روزانہ پانی پینے کی ضرورت پڑتی ہے۔ لہٰذا ایک چرواہے کا بنیادی کام اپنے گلّے کو پانی فراہم کرنا ہے۔ بعضاوقات چرواہے اپنے گلّوں کو پانی پلانے کیلئے کنوؤں کا پانی حوض میں اُنڈیل دیتے ہیں۔ (پیدایش ۲۹:۱-۳) بالخصوص برساتی موسم میں چھوٹی چھوٹی ندیوں اور دریاؤں کے اردگرد کے علاقوں میں پُرسکون، ’راحت کے چشمے‘ بن جاتے ہیں۔—زبور ۲۳:۲۔
ایک اچھے چرواہے کے لئے یہ جاننا ضروری ہے کہ اُسکے گلّے کیلئے پانی اور مناسب چراگاہ کہاں مل سکتی ہے۔ کسی علاقے کی بابت اُسکا گہرا علم اُسکی بھیڑوں کی زندگی کی ضمانت دیتا ہے۔ یہودیہ کے کوہستانی علاقہ میں کئی سال تک اپنی بھیڑوں کی گلّہبانی کرنے والے داؤد نے خدا کی روحانی راہنمائی کو ایک چرواہے سے تشبِیہ دی جو اپنی بھیڑوں کو اچھی چراگاہوں اور زندگیبخش پانی کی طرف لیجاتا ہے۔ داؤد نے بیان کِیا، ”وہ مجھے راحت کے چشموں کے پاس لے جاتا ہے۔“—زبور ۲۳:۱-۳۔
سالوں بعد حزقیایل نبی کے ذریعے یہوواہ نے ایک ایسی ہی مثال استعمال کی۔ اُس نے وعدہ کِیا کہ وہ اپنے لوگوں کو اُن تمام ممالک سے جن میں وہ پراگندہ ہو گئے تھے ویسے ہی اکٹھا کرے گا جیسے چرواہا اپنی بھیڑوں کو اکٹھا کرتا ہے۔ اُس نے یقیندہانی کرائی کہ ”مَیں اُنکو . . . اُن ہی کے ملک میں پہنچاؤنگا اور اؔسرائیل کے پہاڑوں پر نہروں کے کنارے . . . چراؤنگا۔“—حزقیایل ۳۴:۱۳۔
یہوواہ خدا روحانی پانی فراہم کرنے کی بابت بھی گہری فکر رکھتا ہے۔ مکاشفہ کی کتاب ’آبِحیات کے ایک دریا‘ کا ذکر کرتی ہے جو خدا کے تخت سے بہتا ہے۔ (مکاشفہ ۲۲:۱) تمام لوگوں کو اس دریا سے پانی پینے کی دعوت دی گئی ہے۔ ”جو کوئی چاہے آبِحیات مُفت لے“ سکتا ہے۔—مکاشفہ ۲۲:۱۷
یہ علامتی آبِحیات ہمیشہ کی زندگی کیلئے خدا کی فراہمیوں کی نمائندگی کرتا ہے۔ ’خدایِواحد اور برحق کو اور یسوؔع مسیح کو جسے اُس نے بھیجا ہے جاننے‘ سے ہر شخص یہ پانی پی سکتا ہے۔—یوحنا ۱۷:۳۔