مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

وہ برازیل میں بادشاہتی پیغام سُن رہے ہیں

وہ برازیل میں بادشاہتی پیغام سُن رہے ہیں

بادشاہتی مُناد رپورٹ دیتے ہیں

وہ برازیل میں بادشاہتی پیغام سُن رہے ہیں

بہرے لوگوں کو بادشاہت کی خوشخبری سنانے کیلئے برازیل میں بہت سے یہوواہ کے گواہوں نے برازیلی اشاروں کی زبان سیکھنے کے چیلنج کو قبول کِیا ہے اُنکی کاوشیں شاندار نتائج کی حامل رہی ہیں جیسےکہ مندرجہ‌ذیل تجربات ظاہر کرتے ہیں۔‏

ساؤ پاؤلو میں رہنے والی ایک بہری خاتون ایوا * نے اُس وقت اشاروں کی زبان سیکھنا شروع کی جب وہ اپنے تین بچوں کیساتھ ایک بہرے آدمی کیساتھ رہنے لگی۔‏ ایک دن بازار میں اُن دونوں کی ملاقات چند یہوواہ کے گواہوں سے ہوئی جو خود بھی بہرے تھے۔‏ اُنہوں نے ایوا اور اُسکے ساتھی کو اجلاس پر آنے کی دعوت دی۔‏ اُن دونوں نے یہ سوچ کر کہ شاید وہاں کوئی تقریب منائی جا رہی ہے دعوت قبول کر لی۔‏

ایوا اشاروں کی زبان کا محدود علم ہونے کی وجہ سے اجلاس پر زیادہ کچھ نہ سمجھ پائی۔‏ بعدازاں چند گواہوں نے اُنہیں چائے پر اپنے گھر مدعو کِیا۔‏ وہاں اُنہوں نے ایوا کو زمین پر ابد تک زندگی کا لطف اُٹھائیں بروشر کی تصاویر کے ذریعے سمجھایا کہ بہت جلد خدا اِس زمین کو ایک فردوس میں بدل دیگا۔‏ یہ باتیں جان کر ایوا بہت خوش ہوئی اور اُس نے باقاعدہ اجلاسوں پر حاضر ہونا شروع کر دیا۔‏

کچھ عرصے بعد ایوا نے بائبل معیاروں کے مطابق زندگی بسر کرنے کیلئے اپنے ساتھی کو چھوڑ دیا۔‏ خاندان کی طرف سے شدید مخالفت کے باوجود وہ روحانی ترقی کرتی رہی اور ۱۹۹۵ میں اُس نے بپتسمہ لے لیا۔‏ چھ مہینوں کے بعد اُس نے اپنا اندراج پائنیر خدمت یا کُل‌وقتی بادشاہتی مُناد کے طور پر کروایا اُس وقت سے ایوا نے چار بہرے لوگوں کی مخصوصیت اور بپتسمہ پانے کی حد تک مدد کی ہے۔‏

کارلوس پیدائشی بہرا ہے۔‏ وہ بچپن ہی میں منشیات،‏ بداخلاقی اور چوری‌چکاری میں پڑ گیا تھا۔‏ جب دوسرے گروہ کے مجرموں نے اُسے دھمکانا شروع کِیا تو وہ اپنی جان بچانے کیلئے ساؤ پاؤلو بھاگ گیا اور کچھ عرصہ تک وہاں اپنے دوست جوئن کیساتھ رہا۔‏ جوئن کی طرح کارلوس بھی بہرا تھا اور بداخلاق زندگی گزار رہا تھا۔‏

کچھ سال بعد،‏ کارلوس نے بادشاہتی پیغام سنا جس نے اُسے اپنی زندگی بائبل معیاروں کے مطابق ڈھالنے اور اپنی شادی کو قانونی حیثیت دینے کی تحریک دی۔‏ صحیفائی تقاضوں پر پورا اُترنے کے بعد کارلوس نے یہوواہ کیلئے اپنی مخصوصیت کی علامت میں بپتسمہ لیا۔‏ اسی اثنا میں،‏ جوئن بھی خوشخبری سننے کے بعد اپنی زندگی میں بہت سی تبدیلیاں لے آیا تھا۔‏ یہ جاننے کے بعد کہ یہوواہ بُتوں کے استعمال کو پسند نہیں کرتا جوئن نے اپنے تمام بُتوں کو پھینک دیا۔‏ اپنے پُرانے چال‌چلن کو خیرباد کہنے کے بعد جوئن نے بھی بپتسمہ لے لیا۔‏

ایک دن جب اتفاقاً اُن دونوں کی ملاقات کنگڈم ہال میں ہوئی تو کارلوس اور جوئن دونوں یہ دیکھ کر کہ وہ کسقدر بدل چکے ہیں بہت خوش ہوئے!‏ اب وہ دونوں فرض‌شناس خاندانی سردار ہیں اور سرگرم بادشاہتی مُنادوں کے طور پر خدمت  کر  رہے ہیں۔‏

اس وقت برازیل میں،‏ ۵۰۰،‏۲ سے زائد پبلشروں پر مشتمل ۳۰ کلیسیائیں اور ۱۵۴ گروپ ہیں جن میں سے تقریباً ۵۰۰،‏۱ پبلشر بہرے ہیں۔‏ برازیل میں ۲۰۰۱ میں بہرے لوگوں کیلئے ”‏خدا کا کلام سکھانے والے“‏ ڈسٹرکٹ کنونشن منعقد ہوا جس پر ۰۰۰،‏۳ سے زیادہ لوگ حاضر ہوئے اور ۳۶ نے بپتسمہ لیا۔‏ ہم پُراُمید ہیں کہ یہوواہ کی برکت سے اَور بہت سے بہرے لوگ بادشاہتی پیغام کو قبول کرینگے۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 4 نام بدل دئے گئے ہیں۔‏