مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

پہلے اور بعدازاں—‏تاریک ماضی،‏ روشن مستقبل

پہلے اور بعدازاں—‏تاریک ماضی،‏ روشن مستقبل

خدا کے نزدیک جاؤ تو وہ تمہارے نزدیک آئیگا“‏

پہلے اور بعدازاں—‏تاریک ماضی،‏ روشن مستقبل

‏”‏خدا کا کلام زندہ اور مؤثر اور ہر ایک دو دھاری تلوار سے زیادہ تیز ہے .‏ .‏ .‏ اور دل کے خیالوں اور ارادوں کو جانچتا ہے۔‏“‏ (‏عبرانیوں ۴:‏۱۲‏)‏ خدا کے پیغام کی پُراثر طاقت کی بابت پولس رسول نے یہ اظہارِخیال کِیا تھا۔‏ پہلی صدی س.‏ع.‏ میں دلوں تک پہنچنے کی اسکی طاقت خاص طور پر عیاں تھی۔‏ اُس وقت کے نقصاندہ اثر کے باوجود مسیحی بننے والے اشخاص نے نئی انسانیت کو پہن لیا تھا۔‏—‏رومیوں ۱:‏۲۸،‏ ۲۹؛‏ کلسیوں ۳:‏۸-‏۱۰‏۔‏

بائبل میں درج خدا کے کلام کی بدل ڈالنے والی طاقت آج بھی اُتنی ہی عیاں ہے۔‏ ریچرڈ نامی ایک قدآور،‏ صحتمند شخص کی مثال پر غور کریں۔‏ ریچرڈ گرم‌مزاج ہونے کی وجہ سے معمولی اشتعال دلانے پر بھی ماردھاڑ پر اُتر آتا تھا۔‏ اُسکی زندگی تشدد سے پُر تھی۔‏ وہ ایک باکسنگ کلب بھی جانے لگا۔‏ سخت تربیت کے بعد وہ جرمنی،‏ ویسٹ‌فیلیا کا ہیوی ویٹ باکسنگ چیمپیئن بن گیا۔‏ ریچرڈ الکحل کا عادی بھی تھا اور اکثر لڑائی‌جھگڑے میں پڑ جاتا تھا۔‏ ایسے ہی ایک موقع پر،‏ کسی کا قتل ہو گیا اور ریچرڈ جیل جانے سے بال بال بچ گیا۔‏

ریچرڈ کی ازدواجی زندگی کی بابت کیا ہے؟‏ ریچرڈ یاد کرتا ہے،‏ ”‏بائبل کا مطالعہ کرنے سے پہلے ہائیک اور مَیں اپنی اپنی مرضی سے زندگی بسر کرتے تھے۔‏ ہائیک زیادہ وقت اپنی سہیلیوں کیساتھ گزارتی تھی جبکہ مَیں اپنے مشاغل بالخصوص باکسنگ،‏ سرفنگ اور غوطہ‌خوری سے لطف اُٹھاتا تھا۔‏“‏

جب ریچرڈ اور ہائیک یہوواہ کے گواہوں کیساتھ بائبل مطالعہ کرنے لگے تو اپنی زندگی کو خدا کے کلام کے اعلیٰ معیاروں کی مطابقت میں لانے کیلئے ایسی تبدیلیاں کرنے کی بابت سوچنا بھی ریچرڈ کیلئے پریشان‌کُن بات تھی جو بظاہر ناممکن لگتی تھیں۔‏ تاہم،‏ یہوواہ خدا کو بہتر طور پر جاننے کیلئے ریچرڈ نے اُسے خوش کرنے کی دلی خواہش پیدا کی۔‏ ریچرڈ سمجھ گیا کہ خدا تشددپسند لوگوں یا پُرتشدد تفریح میں حصہ لینے والوں کو پسند نہیں کرتا۔‏ ریچرڈ نے سیکھا،‏ ”‏ظلم دوست سے [‏یہوواہ]‏ کی رُوح کو نفرت ہے۔‏“‏—‏زبور ۱۱:‏۵‏۔‏

علاوہ‌ازیں،‏ زمین پر فردوس میں ہمیشہ کی زندگی کی اُمید ریچرڈ اور ہائیک کو بہت دلکش لگی۔‏ وہ ایک ساتھ وہاں رہنا چاہتے تھے!‏ (‏یسعیاہ ۶۵:‏۲۱-‏۲۳‏)‏ اس دعوت نے ریچرڈ کو نہایت متاثر کِیا کہ ”‏خدا کے نزدیک جاؤ تو وہ تمہارے نزدیک آئیگا۔‏“‏ (‏یعقوب ۴:‏۸‏)‏ وہ اس الہامی نصیحت پر دھیان دینے کی اہمیت کو سمجھ گیا:‏ ”‏تُندخو آدمی پر حسد نہ کرنا اور اُسکی کسی روش کو اختیار نہ کرنا۔‏ کیونکہ کجرو سے [‏یہوواہ]‏ کو نفرت ہے لیکن راستباز اُسکے محرمِ‌راز ہیں۔‏“‏—‏امثال ۳:‏۳۱،‏ ۳۲‏۔‏

اپنی راہوں کو بدلنے کی پُرجوش خواہش رکھنے کے باوجود ریچرڈ جان گیا کہ وہ اپنی طاقت سے ایسا نہیں کر پائیگا۔‏ وہ دُعا میں خدا کی مدد طلب کرنے کی ضرورت کو سمجھ گیا۔‏ پس اُس نے یسوع کے اپنے رسولوں سے کہے گئے الفاظ کی مطابقت میں عمل کِیا:‏ ”‏جاگو اور دُعا کرو تاکہ آزمایش میں نہ پڑو۔‏ رُوح تو مستعد ہے مگر جسم کمزور ہے۔‏“‏—‏متی ۲۶:‏۴۱‏۔‏

تشدد اور غصے کی بابت خدا کے خیالات جاننے کے بعد ریچرڈ کے ذہن میں کوئی شُبہ نہ رہا کہ باکسنگ ایک ناقابلِ‌قبول کھیل ہے۔‏ یہوواہ کی مدد اور اُس کیساتھ بائبل کا مطالعہ کرنے والوں کی حوصلہ‌افزائی سے ریچرڈ نے پُرتشدد کاموں کو ترک کر دیا۔‏ اُس نے باکسنگ اور مارپیٹ کرنا چھوڑ دیا اور اپنی خاندانی زندگی کو بہتر بنانے کا فیصلہ کر لیا۔‏ ”‏بائبل سچائی سیکھنے سے ہر کام سوچ‌سمجھ کر کرنے میں میری مدد ہوئی ہے،‏“‏ ریچرڈ بیان کرتا ہے جو اب یہوواہ کے گواہوں کی ایک کلیسیا کا نرم‌مزاج نگہبان ہے۔‏ وہ مزید بیان کرتا ہے:‏ ”‏محبت اور احترام کے اصول اب میری بیوی اور بچوں کیساتھ میرے رشتے کی بنیاد ہیں۔‏ نتیجتاً ہمارا خاندان متحد ہو گیا ہے۔‏“‏

غلط‌فہمی کا شکار لوگوں نے وقتاًفوقتاً یہوواہ کے گواہوں پر خاندانوں کو منقسم کرنے کا الزام لگایا ہے۔‏ تاہم،‏ ریچرڈ جیسے اشخاص اس دعوے کو جھوٹا ثابت کرتے ہیں۔‏ درحقیقت،‏ بائبل سچائی تاریک ماضی رکھنے والے لوگوں کیلئے خاندانی استحکام اور ایک شاندار مستقبل کا باعث بن سکتی ہے۔‏—‏یرمیاہ ۲۹:‏۱۱‏۔‏

‏[‏صفحہ ۹ پر عبارت]‏

‏”‏فردوسی زمین کی اُمید نے مجھے تبدیلی لانے کی تحریک دی۔‏“‏

‏[‏صفحہ ۹ پر بکس]‏

کارگر بائبل اصول

بائبل لوگوں کی زندگیوں میں ایک پُرزور اثر پیدا کر سکتی ہے۔‏ بعض ایسے صحیفائی اصول ذیل میں درج ہیں جنہوں نے پُرتشدد لوگوں کو تبدیلی لانے میں مدد کی ہے:‏

”‏جو قہر کرنے میں دھیما ہے پہلوان سے بہتر ہے اور وہ جو اپنی رُوح پر ضابط ہے اُس سے جو شہر کو لے لیتا ہے۔‏“‏ (‏امثال ۱۶:‏۳۲‏)‏ بےقابو غصہ طاقت کی بجائے کمزوری کی علامت ہے۔‏

”‏آدمی کی تمیز اُسکو قہر کرنے میں دھیما بناتی ہے۔‏“‏ (‏امثال ۱۹:‏۱۱‏)‏ کسی صورتحال کی بابت بصیرت اور سمجھ لڑائی کی اصل وجوہات کو سمجھنے میں مدد دیتے اور غصے کو بھڑکنے سے روکتے ہیں۔‏

’‏غصہ‌ور آدمی سے دوستی نہ کر۔‏ مبادا تُو اُسکی روشیں سیکھے۔‏‘‏ (‏امثال ۲۲:‏۲۴،‏۲۵‏)‏ مسیحی دانشمندی سے غصہ‌ور لوگوں کیساتھ رفاقت سے گریز کرتے ہیں۔‏