مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

پرندے ہمیں کیا سکھا سکتے ہیں

پرندے ہمیں کیا سکھا سکتے ہیں

پرندے ہمیں کیا سکھا سکتے ہیں

‏”‏ہوا کے پرندوں کو دیکھو کہ نہ بوتے ہیں نہ کاٹتے۔‏ نہ کوٹھیوں میں جمع کرتے ہیں توبھی تمہارا آسمانی باپ اُنکو کھلاتا ہے۔‏ کیا تم اُن سے زیادہ قدر نہیں رکھتے؟‏“‏ (‏متی ۶:‏۲۶‏)‏ یسوع مسیح نے گلیل کی جھیل کے قریب ایک پہاڑ کے دامن میں اپنے مشہور وعظ میں یہ الفاظ کہے تھے۔‏ اُسکے سامعین محض اُسکے پیروکار نہیں تھے۔‏ گردونواح کے تمام علاقوں سے امکانی شاگردوں کی ایک بڑی بِھیڑ وہاں جمع تھی۔‏ ان میں سے بہتیرے غریب لوگ تھے جو اپنے بیمار رشتہ‌داروں کو شفا کیلئے یسوع کے پاس لائے تھے۔‏—‏متی ۴:‏۲۳–‏۵:‏۲؛‏ لوقا ۶:‏۱۷-‏۲۰‏۔‏

تمام بیماروں کو شفا دینے کے بعد یسوع نے زیادہ اہم روحانی ضروریات پر توجہ دی۔‏ اُس نے جو سبق سکھائے اُن میں مذکورہ‌بالا سبق بھی شامل تھا۔‏

آسمان کے پرندے طویل عرصے سے موجود ہیں۔‏ ان میں سے بعض حشرات اور دیگر پھل اور بیج کھاتے ہیں۔‏ اگر خدا نے پرندوں کو اسقدر افراط سے خوراک فراہم کی ہے تو یقیناً وہ روز کی روٹی حاصل کرنے کیلئے اپنے انسانی خادموں کی بھی مدد کر سکتا ہے۔‏ وہ روٹی کے لئے پیسے کمانے کی خاطر ملازمت تلاش کرنے میں اُنکی مدد کرنے سے ایسا کر سکتا ہے۔‏ یا وہ انہیں خود خوراک اُگانے میں کامیابی بخش سکتا ہے۔‏ مصیبت کے وقت یقیناً خدا مہربان پڑوسیوں اور دوستوں کے دلوں کو ضرورتمندوں کیساتھ اپنی خوراک بانٹنے کی تحریک دے سکتا ہے۔‏

ہم پرندوں کی زندگی کے محتاط مشاہدے سے اَور بھی بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔‏ خدا نے پرندوں کو اپنے بچوں کی پرورش کیلئے گھونسلے بنانے کی شاندار جبلّتیں بخشی ہیں۔‏ دو مختلف قِسم کے گھونسلوں پر غور کریں۔‏ اُوپر کی طرف افریقہ کی ایک پہاڑی ابابیل کا گھونسلا ہے۔‏ یہ کسی چٹان یا گھر کی دیوار پر بنایا گیا ہے۔‏ ایسے گھونسلوں کی چھت کوئی اُبھری ہوئی چٹان یا اس تصویر کے مطابق کسی عمارت کی چھت کا باہر کی طرف نکلا ہوا نچلا کنارا ہوتا ہے۔‏ اس گھونسلے کا فرش مٹی سے بنا ہوتا ہے جسکی شکل پیالی‌نما ہوتی ہے۔‏ نر اور مادہ دونوں سخت محنت سے مٹی جمع کرتے ہیں اور گھونسلا بنانے میں اُنہیں ایک مہینے سے زیادہ وقت لگ جاتا ہے۔‏ اسکے بعد وہ اسکے اندر گھاس اور پَروں کی تہہ لگاتے ہیں۔‏ دونوں ملکر اپنے بچوں کو خوراک فراہم کرتے ہیں۔‏ نیچے سیاہ سر والے نر بیا کا گھونسلا دکھایا گیا ہے۔‏ افریقہ کا یہ محنتی پرندہ گھاس کے تنکوں یا دیگر جڑی‌بوٹیوں کے پتوں سے اپنا گھونسلا بناتا ہے۔‏ یہ اپنا گھونسلا ایک دن میں تیار کر سکتا ہے اور ایک موسم میں ۳۰ سے زیادہ گھونسلے بنا سکتا ہے!‏

اس میں کیا سبق پنہاں ہے؟‏ اگر خدا پرندوں کو ایسی مہارتیں اور گھونسلے بنانے کیلئے کثیر چیزیں بخشتا ہے تو پھر یقیناً وہ اپنے انسانی خادموں کی بھی ضروری رہائش حاصل کرنے میں مدد کر سکتا ہے۔‏ تاہم،‏ یسوع نے ظاہر کِیا کہ اگر ہم اپنی مادی ضروریات حاصل کرنے کیلئے یہوواہ کی مدد چاہتے ہیں تو ہمیں کچھ اَور بھی کرنے کی ضرورت ہے۔‏ یسوع نے وعدہ کِیا،‏ ”‏تم پہلے اُسکی بادشاہی اور اُسکی راستبازی کی تلاش کرو تو یہ سب چیزیں بھی تمکو مل جائینگی۔‏“‏ (‏متی ۶:‏۳۳‏)‏ آپ سوچ سکتے ہیں کہ ’‏پہلے خدا کی بادشاہی کی تلاش کرنے میں کیا کچھ شامل ہے؟‏‘‏ اِس رسالے کو پیش کرنے والے یہوواہ کے گواہ خوشی سے اس سوال کا جواب دینگے۔‏