مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

پہلے اور بعدازاں—‏بائبل نے اس شخص کی زندگی کیسے بدل دی

پہلے اور بعدازاں—‏بائبل نے اس شخص کی زندگی کیسے بدل دی

‏”‏خدا کے نزدیک جاؤ تو وہ تمہارے نزدیک آئیگا“‏

پہلے اور بعدازاں—‏بائبل نے اس شخص کی زندگی کیسے بدل دی

جرمنی کا رہنے والا رولف مائیکل موسیقی سے بہت پیار کرتا تھا۔‏ اِسکے علاوہ شراب،‏ چرس،‏ ہیروئن اور دوسری نشہ‌آور چیزیں استعمال کرنا اُسکی عادت تھی۔‏

ایک مرتبہ جب وہ افریقہ کے مُلک منشیات سمگل کر رہا تھا تو پولیس نے اُسے پکڑ کر ۱۳ مہینوں کیلئے جیل میں بند کر دیا۔‏ جیل میں اُس نے زندگی کے مقصد کی بابت سوچنا شروع کِیا۔‏

رولف مائیکل اور اُسکی بیوی اُرسولا زندگی کے مقصد اور سچے خدا کو جاننے کی دلی خواہش رکھتے تھے۔‏ اُنکے ذہن میں بہت سے سوال تھے۔‏ لیکن اِن سوالات کے اُنہیں مختلف چرچز سے کوئی تسلی‌بخش جواب نہ ملے۔‏ ان چرچز نے اُنہیں کوئی ایسی بات نہ سکھائی جس سے وہ اپنی زندگی کو بدل سکتے۔‏

آخرکار اُنکا رابطہ یہوواہ کے گواہوں کیساتھ ہوا۔‏ بائبل کا مطالعہ شروع کرنے کے بعد رولف مائیکل کو اس صحیفے نے بہت متاثر کِیا:‏ ”‏خدا کے نزدیک جاؤ تو وہ تمہارے نزدیک آئیگا۔‏“‏ (‏یعقوب ۴:‏۸‏)‏ اُس نے اپنی ’‏پُرانی انسانیت کو اُتار‘‏ ڈالا یعنی تمام بُرے کاموں کو چھوڑ دیا اور خدا کے مطابق سچائی اور راستبازی کی زندگی گزارنے لگا۔‏—‏افسیوں ۴:‏۲۲-‏۲۴‏۔‏

رولف مائیکل بُرے کاموں کو کسطرح چھوڑنے کے قابل ہوا؟‏ اُسے بائبل میں سے یہ دکھایا گیا تھا کہ خدا کا سچا علم انسان کی زندگی بدل سکتا ہے۔‏—‏کلسیوں ۳:‏۹-‏۱۱‏۔‏

جب رولف مائیکل نے یہ سچا علم حاصل کر لیا تو اُس نے اپنی زندگی میں تبدیلی لانا شروع کر دی۔‏ (‏یوحنا ۱۷:‏۳‏)‏ رولف مائیکل کیلئے شراب اور منشیات کو چھوڑنا بہت مشکل تھا لیکن خدا سے دُعا کے ذریعے اُس نے اپنی بُری عادتوں پر قابو پا لیا۔‏ (‏۱-‏یوحنا ۵:‏۱۴،‏ ۱۵‏)‏ اُسے یہوواہ کے گواہوں سے رفاقت رکھنے سے بھی مدد ملی۔‏

اِسکے علاوہ رولف مائیکل نے یہ بھی سیکھا کہ اس دُنیا کا خاتمہ بالکل قریب ہے اور اگر وہ اس سے بچنا چاہتا ہے تو اُسے یہوواہ خدا کیساتھ قریبی رشتہ قائم کرنا ہوگا۔‏ اِس بات نے بھی اُسکو اپنی بُری روش میں تبدیلی لانے کے قابل بنایا۔‏ (‏۱-‏یوحنا ۲:‏۱۵-‏۱۷‏)‏ اُسے امثال ۲۷:‏۱۱ میں درج الفاظ نے بھی بہت متاثر کِیا جہاں لکھا ہے:‏ ”‏اَے میرے بیٹے!‏ دانا بن اور میرے دل کو شاد کر تاکہ مَیں اپنے ملامت کرنے والے کو جواب دے سکوں۔‏“‏ اُس نے اپنے دلی اظہارات کا بیان اِن الفاظ میں کِیا،‏ ”‏یہوواہ انسان سے اتنی محبت رکھتا ہے کہ اُس نے ہمیں اُسکا دل خوش کرنے کا موقع دیا ہے۔‏“‏

رولف مائیکل،‏ اُس کی بیوی اور اُن کے تین بچوں کی طرح دُنیا میں ایسے ہزاروں یہوواہ کے گواہ موجود ہیں جنہوں نے بائبل کی تعلیمات پر عمل کرنے سے فائدہ اُٹھایا ہے۔‏ کئی ممالک میں یہوواہ کے گواہوں پر یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ وہ ایک ایسا فرقہ ہے جو خاندانوں کو تباہ کرتا ہے۔‏ لیکن رولف مائیکل کے تجربہ سے پتہ چلتا ہے کہ یہ بالکل جھوٹ ہے۔‏—‏عبرانیوں ۴:‏۱۲‏۔‏

اُس نے یہ بیان کِیا کہ ”‏متی ۶:‏۳۳ نے ہمارے خاندان کی صحیح راہ پر چلنے میں بہت مدد کی ہے۔‏“‏ وہ اور اُسکا خاندان یہوواہ خدا کے بہت شکرگزار ہیں کیونکہ وہ ملکر یہوواہ کی خدمت کرنے سے خوش ہیں۔‏ وہ سب زبورنویس کی طرح یہ کہنے کے قابل ہوئے ہیں،‏ ”‏[‏یہوواہ]‏ کی سب نعمتیں جو مجھے ملیں مَیں اُنکے عوض میں اُسے کیا دوں؟‏“‏—‏زبور ۱۱۶:‏۱۲‏۔‏

‏[‏صفحہ ۹ پر عبارت]‏

خدا نے انسانوں کو اُسکا دل خوش کرنے کا موقع دیا ہے

‏[‏صفحہ ۹ پر بکس]‏

کارگر بائبل اصول

ذیل میں بائبل کے چند ایسے اُصول درج ہیں جنہوں نے لوگوں کو منشیات اور دیگر نشہ‌آور چیزوں کے استعمال سے محفوظ رکھا ہے:‏

‏”‏اَے [‏یہوواہ]‏ سے محبت رکھنے والو!‏ بدی سے نفرت کرو۔‏“‏ ‏(‏زبور ۹۷:‏۱۰‏)‏ ہمیں اپنے دل میں خدا کو خوش کرنے کا اِرادہ کرنا چاہئے۔‏ یہ اِرادہ ہمارے لئے منشیات اور نشہ‌آور چیزوں سے نفرت کرنا آسان بنا دیگا۔‏

‏”‏وہ جو داناؤں کیساتھ چلتا ہے دانا ہوگا پر احمقوں کا ساتھی ہلاک کِیا جائیگا۔‏“‏ ‏(‏امثال ۱۳:‏۲۰‏)‏ منشیات اور دیگر نشہ‌آور چیزوں سے دُور رہنے کیلئے ہمیں ایسے دوستوں کا انتخاب بھی کرنا چاہئے جو یہوواہ اور اُسکے قوانین کو عزیز رکھتے ہیں۔‏ اسطرح یہ دوست ہمیں ان چیزوں سے دُور رہنے میں مدد دینگے۔‏

‏”‏کسی بات کی فکر نہ کرو بلکہ ہر ایک بات میں تمہاری درخواستیں دُعا اور منت کے وسیلہ سے شکرگذاری کیساتھ خدا کے سامنے پیش کی جائیں۔‏ تو خدا کا اطمینان جو سمجھ سے بالکل باہر ہے تمہارے دلوں اور خیالوں کو مسیح یسوع میں محفوظ رکھیگا۔‏“‏ ‏(‏فلپیوں ۴:‏۶،‏ ۷‏)‏ اکثر لوگ اپنی پریشانیوں سے نپٹنے اور سکون حاصل کرنے کیلئے منشیات کا سہارا لیتے ہیں۔‏ لیکن دُعا کے ذریعے ہم خدا سے اپنی مشکلات میں مدد حاصل کر سکتے ہیں جس سے ہمیں دلی اطمینان اور خوشی حاصل ہوگی اور پھر کسی نشے کا سہارا لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔‏