مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

سوالات از قارئین

سوالات از قارئین

سوالات از قارئین

مُردوں کیلئے بپتسمہ لینے سے کیا مُراد ہے؟‏

آسمانی قیامت کے بارے میں پولس رسول نے ایک دلچسپ حوالے کا ذکر کرتے ہوئے کہا:‏ ”‏جو لوگ مُردوں کیلئے بپتسمہ لیتے ہیں وہ کیا کرینگے؟‏ اگر مُردے جی اُٹھتے ہی نہیں تو پھر کیوں اُنکے لئے بپتسمہ لیتے ہیں؟‏“‏ اسی طرح کیتھولک ورشن بھی بیان کرتی ہے:‏ ”‏جو مُردوں کیلئے بپتسمہ پاتے ہیں وہ کیا کرینگے؟‏ اگر مُردے نہیں جی اُٹھتے تو کیوں اُنکے لئے بپتسمہ پاتے ہیں؟‏“‏—‏۱-‏کرنتھیوں ۱۵:‏۲۹‏۔‏

کیا یہاں پولس رسول ہمیں یہ بتا رہا ہے کہ زندہ لوگوں کو اُن مُردہ لوگوں کیلئے بپتسمہ لینا چاہئے جو بپتسمہ لینے کے بغیر ہی مر گئے ہیں؟‏ بعض بائبل ترجمے شاید ایسا خیال پیش کرتے ہوں۔‏ تاہم،‏ اگر ہم بائبل کے دیگر حوالوں اور یونانی الفاظ کے معنوں پر غور کریں تو ہم اس صحیفے کا صحیح مطلب سمجھ سکتے ہیں۔‏ پولس رسول کا مطلب یہ تھا کہ ممسوح مسیحیوں کو بپتسمہ لینے کے بعد بھی یسوع مسیح کی طرح اپنی موت تک وفادار رہنا چاہئے۔‏ اگر وہ ایسا کرینگے تو اُنکو روح کے طور پر آسمان میں زندگی دی جائیگی۔‏

اِس بات کا ثبوت ہمیں بائبل سے ملتا ہے۔‏ پولس نے یوں لکھا:‏ ”‏کیا تُم نہیں جانتے کہ ہم جتنوں نے مسیح یسوؔع میں شامل ہونے کا بپتسمہ لیا تو اُسکی موت میں شامل ہونے کا بپتسمہ لیا؟‏“‏ (‏رومیوں ۶:‏۳‏)‏ ایک اَور موقع پر بھی پولس نے اپنی بابت بیان کِیا:‏ ”‏مَیں .‏ .‏ .‏ [‏مسیح]‏ کیساتھ دُکھوں میں شریک ہونے کو معلوم کروں اور اُسکی موت سے مشابہت پیدا کروں۔‏ تاکہ کسی طرح مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے درجہ تک پہنچوں۔‏“‏ (‏فلپیوں ۳:‏۱۰،‏ ۱۱‏)‏ پولس رسول یہاں ممسوح مسیحیوں کی بات کر رہا تھا جنہیں دُکھوں کو برداشت کرنا اور مشکلات میں وفادار رہنا تھا تاکہ وہ آسمانی قیامت حاصل کر سکیں۔‏

اس بات پر غور کرنا اہم ہے کہ جب بھی بائبل بپتسمہ‌یافتہ کے حوالے سے موت کا ذکر کرتی ہے تو یہ زندہ اشخاص کے بپتسمے کی طرف اشارہ کرتی ہے۔‏ پولس نے ساتھی ممسوح مسیحیوں کو یوں لکھا:‏ ”‏[‏تم]‏ اُسی کیساتھ بپتسمہ میں دفن ہوئے اور اس میں خدا کی قوت پر ایمان لا کر جس نے اُسے مُردوں میں سے جلایا اُسکے ساتھ جی بھی اُٹھے۔‏“‏—‏کلسیوں ۲:‏۱۲‏۔‏

پولس نے ۱-‏کرنتھیوں ۱۵:‏۲۹ میں یونانی لفظ ہائپر استعمال کِیا ہے۔‏ جسکا ترجمہ اکثر ”‏کیلئے“‏ کِیا جاتا ہے۔‏ لیکن اسکا ترجمہ ”‏کے مقصد سے“‏ بھی کِیا جا سکتا ہے۔‏ اسلئے بائبل کے باقی حوالہ‌جات کو مدِنظر رکھتے ہوئے نیو ورلڈ ٹرانسلیشن نے ۱-‏کرنتھیوں ۱۵:‏۲۹ کو یوں بیان کِیا:‏ ”‏وہ لوگ کیا کرینگے جو مرنے کے مقصد سے بپتسمہ لیتے ہیں؟‏ اگر مُردے جی اُٹھتے ہی نہیں تو پھر تم کیوں مرنے کے مقصد سے بپتسمہ لیتے ہو؟‏“‏