عنقریب جُرم سے پاک دُنیا
عنقریب جُرم سے پاک دُنیا
ذرا جُرم سے پاک دُنیا کا تصور کریں! وہاں پولیس، جیلوں یا مہنگے اور پیچیدہ عدالتی نظاموں کی کوئی ضرورت نہیں ہوگی۔ یہ ایک ایسی دُنیا ہوگی جہاں ہر انسان دوسرے انسان کی زندگی اور جائیداد کا احترام کریگا۔ کیا یہ سب ناقابلِیقین نہیں لگتا؟ شاید آپ ایسا سوچیں مگر اسی حیرانکُن تبدیلی کا بائبل وعدہ کرتی ہے۔ کیوں نہ اس زمین پر جُرم اور بدکاری کے سلسلے میں پیشینگوئی کرنے والے صحائف پر غور کریں؟
زبور کی کتاب میں ہم پڑھتے ہیں: ”تُو بدکرداروں کے سبب سے بیزار نہ ہو اور بدی کرنے والوں پر رشک نہ کر۔ کیونکہ وہ گھاس کی طرح جلد کاٹ ڈالے جائینگے اور سبزہ کی طرح مُرجھا جائینگے۔ لیکن حلیم مُلک کے وارث ہونگے اور سلامتی کی فراوانی سے شادمان رہینگے۔“ (زبور ۳۷:۱، ۲، ۱۱) واقعی، خدا کو اس وعدے اور اُسکے دیگر تمام دل کو گرما دینے والے وعدوں کو پورا کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔
خدا اپنی بادشاہت کے ذریعے یہ برکات لائیگا۔ دُعائےخداوندی میں، یسوع مسیح نے اپنے پیروکاروں کو اس بادشاہی کے آنے اور خدا کی مرضی ”جیسی آسمان پر پوری ہوتی ہے زمین پر بھی“ پوری ہونے کی بابت دُعا کرنا سکھایا تھا۔ (متی ۶:۹، ۱۰) جلد ہی اُس بادشاہت کے تحت، زمین پر کوئی بھی شخص غربت، استبداد یا خودغرضی کی وجہ سے جُرم کی طرف مائل نہیں ہوگا۔ اسکی بجائے، خدا کا کلام بیان کرتا ہے: ”زمین میں پہاڑوں کی چوٹیوں پر اناج کی افراط ہوگی۔“ (زبور ۷۲:۱۶) یقیناً، یہوواہ خدا زمین کے سب باشندوں کیلئے اچھی چیزیں افراط سے مہیا کریگا۔ سب سے بڑھ کر، انسانی معاشرہ خدا اور پڑوسی کیلئے محبت سے معمور ہوگا اور دُنیا پھر کبھی جُرم سے پریشان نہ ہوگی۔