پہلے اور بعدازاں—بائبل اُصولوں نے زندگی بدل ڈالی
”خدا کے نزدیک جاؤ تو وہ تمہارے نزدیک آئیگا“
پہلے اور بعدازاں—بائبل اُصولوں نے زندگی بدل ڈالی
ایڈرئین ایک ایسا نوجوان تھا جس میں نفرت اور غصہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہوا تھا۔ وہ چھوٹی چھوٹی باتوں پر بھی جلد غصے میں آ کر تشدد پر اُتر آتا تھا۔ وہ شراب اور سگریٹ پینے کا عادی تھا اور بدچلن زندگی بسر کر رہا تھا۔ ایڈرئین کہتا ہے کہ ”مَیں اپنے بالوں کو کھڑا رکھنے کیلئے اُن پر گوند لگا لیتا اور پھر اُن پر مختلف رنگ لگاتا تھا۔“ (جسطرح تصویر میں دکھایا گیا ہے) اسکے علاوہ اُس نے اپنی ناک چھدوائی اور اپنے جسم پر ایسا ٹیٹو (نشان) بنوایا جس سے ظاہر ہوتا تھا کہ وہ کسی بھی قانون کی پابندی نہیں کرتا۔
ایڈرئین نے اپنے جیسے دیگر لڑکوں کیساتھ ایک ویران گھر میں رہنا شروع کر دیا۔ وہاں پر وہ مختلف قِسم کی منشیات استعمال کرتے اور خوب شراب پیتے تھے۔ ایڈرئین نے بیان کِیا کہ ”نشہ کرنے کیلئے ہمیں جوکچھ بھی ملتا ہم اِسے استعمال کرتے حتیٰکہ گاڑیوں سے پٹرول چوری کرکے اُس سے بھی نشہ کِیا کرتے تھے۔“ ایڈرئین ایک خطرناک غنڈا بن گیا۔ اِسلئے اچھے لوگ اُس سے کسی قِسم کا واسطہ نہیں رکھتے تھے لیکن بُرے لوگ اُسے پسند کرتے تھے۔
وقت گزرنے کیساتھ ساتھ ایڈرئین کو احساس ہوا کہ اُسکے دوست صرف اپنے فائدے کیلئے ہی اُسکا ساتھ دے رہے ہیں۔ وہ سمجھ گیا کہ ”غصہ کرنے اور متشدّد ہونے سے مجھے کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوا۔“ مایوس ہو کر اُس نے اپنے دوستوں کو چھوڑ دیا۔ پھر اُسے مینارِنگہبانی کا ایک شمارہ ملا جسکا پیغام اُسے بہت اچھا لگا۔ اسکا نتیجہ یہ نکلا کہ اُس نے یہوواہ کے گواہوں کیساتھ بائبل کا مطالعہ شروع کر دیا۔ جب ایڈرئین نے یعقوب ۴:۸ میں پڑھا کہ ”خدا کے نزدیک جاؤ تو وہ تمہارے نزدیک آئیگا“ تو وہ اِس پر عمل کرنا چاہتا تھا۔ لیکن وہ اس بات کی اہمیت کو جان گیا کہ اگر وہ خدا کے نزدیک جانا چاہتا ہے تو اُسے بائبل اصولوں پر چلنا ہوگا۔
بائبل کی تعلیمات نے ایڈرئین کے ضمیر پر گہرا اثر کِیا اور اُسے اپنی زندگی کو بدلنے کی تحریک دی۔ اسکے علاوہ اُس نے اپنے غصے پر بھی قابو پایا۔ خدا کے کلام کی قوت کی بِنا پر وہ بالکل مختلف شخص بن گیا۔—عبرانیوں ۴:۱۲۔
بائبل میں ایسی کونسی خاص بات ہے جو زندگی بدل دیتی ہے؟ بائبل کے بارے میں علم حاصل کرکے اِس پر عمل کرنے سے ہم ’نئی انسانیت کو پہن‘ سکتے ہیں۔ (افسیوں ۴:۲۴) اِسی علم کی بدولت ہم اپنی زندگی میں تبدیلیاں لا سکتے ہیں۔ بائبل ہمیں کیا سکھاتی ہے؟
بائبل ہمیں سکھاتی ہے کہ کس قِسم کی عادات نقصاندہ ہیں اور ہمیں اُن سے کیوں کنارہ کرنا چاہئے۔ (امثال ۶:۱۶-۱۹) خدا کے کلام میں لکھا ہے کہ ہمیں خدا کی پاک روح کی مدد سے ’محبت، خوشی، اطمینان، تحمل، مہربانی، نیکی، ایمانداری، حلم اور پرہیزگاری‘ جیسی خوبیاں پیدا کرنی چاہئیں۔—گلتیوں ۵:۲۲، ۲۳۔
ایڈرئین نے سیکھا کہ خدا اپنے لوگوں سے کیا چاہتا ہے۔ اپنے آپکو پرکھنے کے بعد وہ جان گیا کہ اُسے ابھی بہت تبدیلیاں لانی ہیں۔ (یعقوب ۱:۲۲-۲۵) لیکن ایسا کرنے کیلئے اُسے اپنے دل میں خدا کو خوش کرنے کی خواہش پیدا کرنے کی ضرورت تھی۔
کلسیوں ۳:۱۰ پر غور کرنے سے ایڈرئین کو معلوم ہو گیا کہ اُسے نئی انسانیت کو پہننے کی ضرورت تھی جو ”اپنے خالق کی صورت پر نئی بنتی جاتی ہے۔“ اِسلئے وہ خدا کی خوبیوں کا اطلاق اپنی زندگی میں بھی کرنا چاہتا تھا۔ (افسیوں ۵:۱) بائبل کو پڑھنے سے ایڈرئین نے سیکھا کہ خدا انسانوں کیساتھ کیسے پیش آتا ہے اور یہ بھی کہ خدا کی خوبیاں محبت، مہربانی، نیکی، رحمدلی اور انصاف ہیں۔ انہی خوبیوں کی وجہ سے ایڈرئین خدا سے محبت کرنے لگا اور ایسے کام کرنے لگا جو خدا کو پسند ہیں۔—متی ۲۲:۳۷۔
خدا کی روح کی مدد سے ایڈرئین نے اپنے غصے پر قابو پا لیا۔ اب وہ اپنی بیوی کیساتھ دوسروں کی مدد کر رہا ہے تاکہ دوسرے بھی اپنی زندگیوں کو خدا کی راہ پر لا سکیں۔ ایڈرئین کہتا ہے کہ ”میرے دوست جو میرے ساتھ منشیات استعمال کِیا کرتے تھے سب کے سب مر چکے ہیں۔ لیکن مَیں ایک خوشحال زندگی گزار رہا ہوں۔“ ایڈرئین کی زندگی اس بات کا ایک جیتا جاگتا ثبوت ہے کہ بائبل زندگیاں بدل سکتی ہے۔
[صفحہ ۲۵ پر عبارت]
”غصہ کرنے اور متشدّد ہونے سے مجھے کوئی فائدہ نہیں ہوا“
[صفحہ ۲۵ پر بکس]
کارگر بائبل اصول
زیرِنظر بائبل کے چند ایسے اصول ہیں جن پر عمل کرکے بہت سے متشدّد لوگوں نے اپنا رویہ بدل لیا ہے:
”جہاں تک ہو سکے تُم اپنی طرف سے سب آدمیوں کیساتھ میل ملاپ رکھو۔ اَے عزیزو! اپنا انتقام نہ لو بلکہ غضب کو موقع دو۔“ (رومیوں ۱۲:۱۸، ۱۹) بدلہ لینا خدا کا کام ہے۔ تمام حالات اور واقعات اُسکے علم میں ہیں اور وہ انکو مدِنظر رکھتے ہوئے انصاف کریگا۔
”غصہ تو کرو مگر گُناہ نہ کرو۔ سورج کے ڈوبنے تک تمہاری خفگی نہ رہے۔ اور ابلیس کو موقع نہ دو۔“ (افسیوں ۴:۲۶، ۲۷) شاید ہم کسی زیادتی کی وجہ سے غصے میں آ جائیں لیکن ہمیں اِس خفگی کو جلد ختم کر دینا چاہئے۔ اِسلئےکہ اگر ہم اپنی خفگی کو جاری رکھینگے تو ہم ’ابلیس کو موقع‘ دے رہے ہونگے جوکہ یہوواہ خدا کو ناراض کرنے پر منتج ہوگا۔
”قہر سے باز آ اور غضب کو چھوڑ دے۔ بیزار نہ ہو۔ اس سے بُرائی ہی نکلتی ہے۔“ (زبور ۳۷:۸) اگر ہمارا غصہ قابو سے باہر ہو جائے تو ہم کوئی ایسا غلط قدم اُٹھا سکتے ہیں جس سے سب کے دلوں کو چوٹ پہنچے گی۔