وہ چرچ کیوں جاتے ہیں
وہ چرچ کیوں جاتے ہیں
”اس وقت جمہوریہ کوریا میں امریکہ کی نسبت چار گُنا زیادہ پریسبٹیرین ہیں۔“ نیوزویک میگزین کے اس بیان نے شاید بہت سے قارئین کو حیران کر دیا ہو کیونکہ بیشتر لوگ کوریا کو کنفیوشس یا بدھسٹ معاشرہ خیال کرتے ہیں۔ آجکل یہاں سیر کیلئے آنے والے شخص کو سرخ کراس والے بہت سے ”چرچ“ نظر آئینگے۔ اتوار کے دن لوگوں کو بائبل ہاتھ میں لئے ہوئے دو دو یا تین تین کی ٹولیوں میں چرچ جاتے دیکھنا عام سی بات ہے۔ سن ۱۹۹۸ کے سروے کے مطابق، بدھسٹ ہونے کا دعویٰ کرنے والے لوگوں کی نسبت تقریباً ۳۰ فیصد کورین کیتھولک یا پروٹسٹنٹ چرچ جاتے ہیں۔
اس دَور میں اتنے زیادہ لوگوں کو باقاعدگی کیساتھ چرچ جاتے دیکھنا غیرمعمولی بات ہے۔ تاہم نہ صرف کوریا میں بلکہ ایشیا، افریقہ اور لاطینی امریکہ کے دیگر ممالک میں بھی ایسا ہو رہا ہے۔ کیوں اسقدر زیادہ لوگ ابھی تک خدا پر ایمان رکھتے ہیں جبکہ دُنیا میں مذہب سے لاتعلقی اور لاپروائی بڑھتی جا رہی ہے؟ وہ کیوں چرچ جاتے ہیں؟
ایک رائےعامہ نے آشکارا کِیا کہ کوریا میں چرچ جانے والوں کی نصف تعداد ذہنی سکون کی تلاش میں ہے؛ تقریباً ایک تہائی لوگ موت کے بعد ابدی زندگی کی اُمید رکھتے ہیں؛ اور ۱۰ میں سے ۱ صحت، دولت اور کامیابی کا متمنی ہے۔
چین میں بیشتر لوگ اُس روحانی خلا کو پُر کرنے کیلئے چرچز کا رُخ کرتے ہیں جو کیمونسٹ نظریات کے حامی اشتراکی نظام کی وجہ سے پیدا ہوا تھا۔ چین میں ہر سال، بائبل کی لاکھوں کاپیاں شائع کرکے تقسیم کی جاتی ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ لوگ اسے بھی اُسی طرح پڑھتے ہیں جیسے وہ ماؤ کی لٹل ریڈ بُک کو پڑھتے تھے۔
برازیل کے بعض کیتھولک بالخصوص نوجوان نسل آئندہ زندگی میں خوشی حاصل کرنے کے وعدے سے مطمئن نہ ہونے کی وجہ سے ایسا کرتے ہیں۔ نیوز میگزین ٹوڈو بیان کرتا ہے: ”اگر ۷۰ کے دہے میں آزادی کے نظریے نے دلودماغ کو تحریک دی تھی تو آج یہ ترقی کا نظریہ ہے۔“ برطانیہ کے ایک سروے کے دوران چرچ میں آنے والوں سے پوچھا گیا کہ اُنہیں اپنے چرچ کی کونسی بات پسند ہے۔ بیشتر کا خیال تھا کہ اُنہیں باہمی رفاقت سب سے زیادہ پسند ہے۔
اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ اگرچہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد ابھی بھی خدا پر ایمان رکھتی ہے توبھی اکثریت اس بات کی بابت فکرمند ہیں کہ وہ مستقبل کی بجائے اس وقت خدا سے کیا حاصل کر سکتے ہیں۔ آپکے خیال میں خدا پر ایمان رکھنے کی اصل وجہ کیا ہے؟ بائبل اس سلسلے میں کیا کہتی ہے؟ ان سوالوں کے جواب آپکو اگلے مضمون میں ملیں گے۔