آپ کیلئے ایک اہم تقریب
آپ کیلئے ایک اہم تقریب
جب یسوع مسیح زمین پر تھا تو اُس نے خدا کی بڑائی کرنے والی ایک تقریب کا آغاز کِیا۔ یسوع نے اپنے پیروکاروں کو صرف یہی مذہبی رسم منانے کا حکم دیا تھا۔ یہ خداوند کے عشائیے کی تقریب تھی جسے آخری کھانا بھی کہا جاتا ہے۔
ذرا اس تقریب کا باعث بننے والے واقعات کا تصور کریں۔ یسوع اور اُسکے شاگرد عیدِفسح منانے کیلئے یروشلیم کے ایک بالاخانے میں جمع ہیں۔ اُنہوں نے فسح کا رسمی کھانا ختم کر لیا ہے جس میں برّے کا بھنا ہوا گوشت، کڑوا ساگپات، بےخمیری روٹی اور سُرخ مے شامل ہے۔ بیوفا شاگرد یہوداہ اسکریوتی کو باہر بھیج دیا گیا ہے جو بہت جلد اپنے مالک کو پکڑوائیگا۔ (متی ۲۶:۱۷-۲۵؛ یوحنا ۱۳:۲۱، ۲۶-۳۰) اب یسوع اپنے ۱۱ وفادار رسولوں کیساتھ اکیلا رہ گیا ہے اور متی ان میں سے ایک ہے۔
چشمدید گواہ متی کے مطابق یسوع نے عشائیے کا آغاز کچھ اسطرح کِیا: ”یسوؔع نے [بےخمیری] روٹی لی اور برکت دیکر توڑی اور شاگردوں کو دیکر کہا لو کھاؤ۔ یہ میرا بدن ہے۔ پھر [مے کا] پیالہ لیکر شکر کِیا اور اُنکو دیکر کہا تم سب اِس میں سے پیو۔ کیونکہ یہ میرا وہ عہد کا خون ہے جو بہتیروں کیلئے گناہوں کی معافی کے واسطے بہایا جاتا ہے۔“—متی ۲۶:۲۶-۲۸۔
یسوع نے اِس عشائیے کا آغاز کیوں کِیا؟ عشائیے کے وقت اُس نے بےخمیری روٹی اور سُرخ مے کیوں استعمال کی؟ کیا یسوع کے تمام پیروکاروں کو اِن علامات میں سے لیکر کھانا پینا تھا؟ اِس عشائیے کو کتنی مرتبہ منایا جانا تھا؟ علاوہازیں، کیا یہ تقریب آپ کیلئے واقعی اہم ہے؟