مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

‏’‏یہوواہ پہاڑوں سے بھی بلند ہے‘‏

‏’‏یہوواہ پہاڑوں سے بھی بلند ہے‘‏

یہوواہ خدا کی شاندار تخلیق

‏’‏یہوواہ پہاڑوں سے بھی بلند ہے‘‏

ذرا تصور کریں کہ آپ جاپان کے پہاڑ فیوجی کی چوٹی پر کھڑے طلوعِ‌آفتاب کا منظر دیکھ رہے ہیں۔‏ آپ دیکھتے ہیں کہ سورج کی سُرخ کرنیں سفید برف اور لاوے سے بننے والی سیاہ چٹانوں کو روشن کر رہی ہے۔‏ جیسے جیسے سورج کی روشنی تیز ہوتی ہے پہاڑ کا سایہ دُور دُور چھوٹی پہاڑیوں اور وادیوں تک پھیل جاتا ہے۔‏

جاپانی زبان میں فیوجی کا لفظی مطلب ”‏لاجواب“‏ ہے۔‏ لیکن اِس پہاڑ کے علاوہ دوسرے پہاڑ بھی بہت شاندار ہیں۔‏ درحقیقت،‏ ہم خود کو انکے سامنے بہت چھوٹا خیال کرتے ہیں!‏ پُرانے زمانے میں بہتیرے لوگوں کا خیال تھا کہ ان چوٹیوں پر دیوتا بسیرا کرتے ہیں کیونکہ پہاڑوں کی یہ چوٹیاں اکثر بادلوں اور دُھند سے ڈھکی رہتی ہیں۔‏

ان پہاڑوں کو دیکھ کر ہمیں ان کے خالق یہوواہ خدا کی تمجید کرنی چاہئے جس نے ”‏پہاڑوں کو بنایا“‏ ہے۔‏ (‏عاموس ۴:‏۱۳‏)‏ زمین کا چوتھائی حصہ پہاڑی علاقہ ہے۔‏ زمین کو خلق کرتے ہوئے خدا نے ان بڑی بڑی چوٹیوں اور پہاڑوں کو بنانے کیلئے اپنی لامحدود طاقت کا مظاہرہ کِیا۔‏ (‏زبور ۹۵:‏۴‏)‏ مثال کے طور پر،‏ سائنسدانوں کا خیال ہے کہ کوہِ‌ہمالیہ اور جنوبی امریکہ کے اَینڈیز پہاڑ زمین میں پائی جانے والی طاقت اور حرکت کی وجہ سے وجود میں آئے ہیں۔‏

ہم انسان اس بات کو پوری طرح نہیں سمجھ سکتے کہ یہ پہاڑ اصل میں کسطرح اور کیوں وجود میں آئے ہیں۔‏ یقیناً ہم بھی ایوب کی طرح ان سوالوں کے جواب نہیں دے سکتے جو یہوواہ نے اُس سے پوچھے تھے:‏ ”‏تُو کہاں تھا جب مَیں نے زمین کی بنیاد ڈالی؟‏ .‏ .‏ .‏ کس چیز پر اُسکی بنیاد ڈالی گئی؟‏“‏—‏ایوب ۳۸:‏۴-‏۶‏۔‏

ہم یہ اچھی طرح جانتے ہیں کہ پہاڑ ہماری زندگی کیلئے کتنے اہم ہیں۔‏ پہاڑوں پر پانی کا بہت بڑا ذخیرہ جمع ہوتا ہے اور بڑے بڑے دریا پہاڑوں سے پانی حاصل کرتے ہیں۔‏ دُنیا کی آدھی آبادی پہاڑوں سے ملنے والے پانی کی بدولت زندہ رہتی ہے۔‏ (‏زبور ۱۰۴:‏۱۳‏)‏ نیو سائنٹسٹ رسالے کے مطابق،‏ ”‏دُنیا میں اناج کی ۲۰ قسمیں بنیادی خوراک کے طور پر استعمال ہوتی ہیں۔‏ اِن میں سے چھ شروع میں پہاڑوں پر ہی اُگتی تھیں۔‏“‏ خدا کے وعدہ کے موافق نئی دُنیا میں ماحولیاتی توازن کے تحت ”‏زمین میں پہاڑوں کی چوٹیوں پر اناج کی افراط ہوگی۔‏“‏—‏زبور ۷۲:‏۱۶؛‏ ۲-‏پطرس ۳:‏۱۳‏۔‏

پہاڑوں کا ذکر سنتے ہی بہتیرے لوگوں کے ذہن میں یورپ کے ایلپس کا خیال آتا ہے۔‏ تصویر میں دکھایا گیا اٹلی کا پہاڑ چیویٹا ان خوبصورت چوٹیوں میں سے ایک ہے جو اپنے خالق کی حمد کرتی ہیں۔‏ (‏زبور ۹۸:‏۸‏)‏ پہاڑ یہوواہ کی عظمت کی بڑائی کرتے ہیں کیونکہ وہ ”‏اپنی قوت سے پہاڑوں کو استحکام بخشتا ہے۔‏“‏—‏زبور ۶۵:‏۶‏۔‏ *

یورپ کے ایلپس کی وادیاں،‏ جھیلیں،‏ میدان اور برف سے ڈھکی چوٹیاں بہت ہی شاندار دکھائی دیتی ہیں۔‏ بادشاہ داؤد نے بھی کہا کہ یہوواہ ”‏پہاڑوں پر گھاس اُگاتا ہے۔‏“‏—‏زبور ۱۴۷:‏۸‏۔‏

نیچے دی گئی تصویر چین کے ایک پہاڑی سلسلے گوالن کی ہے۔‏ یہاں کے پہاڑ یورپ کے ایلپس کی طرح بڑے تو نہیں لیکن انکی بھی اپنی ہی خوبصورتی ہے۔‏ یہ پہاڑی سلسلہ دریائے لی کے کنارے بڑے بڑے ستونوں کی طرح ہے جو سیاحت کیلئے آنے والے لوگوں کے دلوں کو لبھاتا ہے۔‏ جب پہاڑوں کے درمیان پانی آہستہ آہستہ بہتا ہے تو ہمیں زبورنویس کے یہ الفاظ یاد آتے ہیں:‏ ”‏[‏یہوواہ]‏ وادیوں میں چشمے جاری کرتا ہے جو پہاڑوں میں بہتے ہیں۔‏“‏—‏زبور ۱۰۴:‏۱۰‏۔‏

ہم پہاڑوں سے موزوں طور پر متاثر ہوتے ہیں کیونکہ یہ یہوواہ کی طرف سے تمام انسانوں کیلئے فائدے اور خوشی کا باعث ہیں۔‏ اگرچہ ہم بڑے بڑے پہاڑوں کو دیکھ کر حیران ہوتے ہیں توبھی یہ سب یہوواہ کی قدرت کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔‏ واقعی وہ ’‏پہاڑوں سے بھی بلند ہے۔‏‘‏—‏زبور ۷۶:‏۴‏۔‏

‏[‏فٹ‌نوٹ]‏

^ پیراگراف 8 یہوواہ کے گواہوں کے ۲۰۰۴ کے کیلنڈر میں مارچ/‏اپریل کے مہینوں کو دیکھیں۔‏

‏[‏صفحہ ۹ پر بکس/‏تصویر]‏

دُنیا کی آبادی کا ۱۰ فیصد پہاڑی علاقوں میں آباد ہے۔‏ لیکن یہ خدا کی بادشاہت کی خوشخبری سنانے والوں کیلئے کوئی رُکاوٹ نہیں۔‏ وہ ایسے علاقوں میں بھی مُنادی کے کام میں مصروف ہیں۔‏ اسلئے یہ بات سچ ہے کہ ”‏اُسکے پاؤں پہاڑوں پر کیا ہی خوشنما ہیں جو خوشخبری لاتا ہے اور سلامتی کی مُنادی کرتا ہے اور خیریت کی خبر اور نجات کا اشتہار دیتا ہے۔‏“‏—‏یسعیاہ ۵۲:‏۷‏۔‏

زبورنویس نے یہ گیت گایا:‏ ”‏اُونچے پہاڑ جنگلی بکروں کیلئے ہیں۔‏“‏ (‏زبور ۱۰۴:‏۱۸‏)‏ تصویر میں دکھائے گئے اس پہاڑی بکرے کی جسامت اسے پہاڑی علاقوں میں رہنے کے قابل بناتی ہے۔‏ یہ خطرناک اور تنگ راستوں پر آسانی سے چل سکتا ہے کیونکہ اسکے پاؤں چرے ہوتے ہیں۔‏ اسکی یہ صلاحیت اُسے دشوار پہاڑی راستوں پر چلنے کے قابل بناتی ہے۔‏ یقیناً یہ پہاڑی بکرا خدا کی تخلیق کا شاندار شاہکار ہے!‏

‏[‏صفحہ ۹ پر تصویر]‏

ہونشو،‏ جاپان میں واقع پہاڑ فیوجی