مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

یسوع کے معجزے—‏حقیقت یا افسانہ؟‏

یسوع کے معجزے—‏حقیقت یا افسانہ؟‏

یسوع کے معجزے—‏حقیقت یا افسانہ؟‏

وہ ”‏یسوع کے پاس بہت سے لوگوں کو لائے جن میں بدرُوحیں تھیں۔‏ اُس نے رُوحوں کو زبان ہی سے کہہ کر نکال دیا اور سب بیماروں کو اچھا کر دیا۔‏“‏ (‏متی ۸:‏۱۶‏)‏ اس آیت کو پڑھکر آپ کیا سوچتے ہیں؟‏ ایک اَور آیت پر بھی غور کیجئے:‏ ”‏[‏یسوع]‏ نے اُٹھ کر ہوا کو ڈانٹا اور پانی سے کہا کہ ساکت ہو!‏ تھم جا!‏ پس ہوا بند ہو گئی اور بڑا امن ہو گیا۔‏“‏ (‏مرقس ۴:‏۳۹‏)‏ کیا یسوع مسیح نے واقعی ایسے معجزے کئے تھے؟‏ یا کیا یہ محض گھڑی ہوئی کہانیاں ہیں؟‏

بہتیرے لوگوں کو اس بات کا یقین نہیں کہ یسوع نے ایسے معجزے کئے تھے۔‏ وہ کہتے ہیں کہ اس جدید دَور میں سائنس نے اتنی حقیقتیں دریافت کر لی ہیں کہ معجزوں پر یقین کرنا سراسر نادانی ہے۔‏

کچھ اَور لوگوں کا کہنا ہے کہ یسوع کے شاگردوں نے یہ کہانیاں گھڑی تھیں۔‏ یہاں تک کہ ایک مصنف نے کہا کہ یسوع کے شاگردوں نے ”‏مسیحیت کو بڑھانے کیلئے“‏ ہی ایسی لمبی چوڑی ہانکی تھی۔‏

ایسے بھی لوگ ہیں جنکے خیال میں یسوع ایک فریبی تھا۔‏ دوسری صدی کے ایک عالم کے مطابق ”‏یسوع کے مخالفین اسے ایک جادوگر قرار دیتے ہیں جو لوگوں کو اپنی جادوگری سے بہکایا کرتا تھا۔‏“‏ بعض لوگ یہ بھی کہتے ہیں کہ ”‏یسوع یہودیوں کا ایک نبی ہونے کی بجائے دیوی دیوتاؤں کا پجاری تھا۔‏“‏

معجزے‏—‏کیا یہ واقعی ناممکن ہیں؟‏

لوگ معجزوں کے بارے میں شک کیوں کرتے ہیں؟‏ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ بہتیرے لوگ خدا کے وجود میں ایمان نہیں رکھتے۔‏ ایک جوان شخص نے ایک مشہور فلاسفر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:‏ ”‏میرے خیال میں معجزے ناممکن ہیں کیونکہ یہ ’‏قدرتی قوانین کے خلاف ہیں۔‏‘‏“‏

مگر کیا معجزوں کو محض اِسلئے ناممکن کہا جا سکتا ہے کہ یہ قدرتی قوانین کے خلاف ہیں؟‏ ایک لغت کے مطابق معجزے وہ کام ہیں ’‏جو انسانی طاقت سے باہر ہوتے ہیں۔‏‘‏ ذرا سوچئے۔‏ ایک سو سال پہلے ہوائی جہاز،‏ راکٹ اور ٹیلی‌ویژن ایجاد نہیں ہوئے تھے۔‏ اگر اس زمانے کے لوگوں کو یہ چیزیں دِکھائی جاتیں تو وہ انہیں معجزے سمجھتے۔‏ پھر کیا یہ سوچنا واجب ہے کہ معجزے اِسلئے ناممکن ہیں کہ یہ انسانی طاقت سے باہر ہیں؟‏

آیئے ہم پاک صحیفوں میں یسوع کے کچھ معجزوں اور انکے پیش آنے کے ثبوت پر غور کرتے ہیں۔‏ کیا یہ یسوع کے شاگردوں کی ایجاد تھے یا کیا یہ درحقیقت واقع ہوئے تھے؟‏