’ہم نے تمہاری دلی خواہش پوری کی‘
’ہم نے تمہاری دلی خواہش پوری کی‘
حال ہی میں نائیجریا میں یہوواہ کے گواہوں کے برانچ دفتر کو ایک خط ملا جس میں یہ لکھا تھا:
”ہمارا بیٹا اینڈرسن ۱۴ سال کا تھا جب وہ فوت ہو گیا۔ اینڈرسن دو مُرغے پال رہا تھا۔ اُسکی یہ خواہش تھی کہ اِن مُرغوں کو بیچ کر آپکو پیسے بھیجے تاکہ خدا کے کلام کو پھیلانے میں آپکی مدد ہو سکے۔ لیکن وہ مُرغوں کو بیچنے سے پہلے ہی گزر گیا۔
”اُس کی خواہش کو پورا کرنے کی خاطر ہم نے ان مُرغوں کو بیچ دیا ہے۔ اب ہم یہ پیسے آپکو اینڈرسن کی طرف سے بھیج رہے ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ یہوواہ اپنا وعدہ پورا کریگا اور ہمارا بیٹا بہت جلد ہمارے پاس ہوگا۔ ہم چاہتے ہیں کہ اُس وقت ہم اُس سے کہہ سکیں: ’ہم نے تمہاری دلی خواہش پوری کی۔‘ ہم اینڈرسن کے علاوہ ’گواہوں کے اُس بڑے بادل‘ کو بھی دیکھنے کے بےتاب ہیں جو موت سے جی اُٹھیگا۔“—عبرانیوں ۱۲:۱؛ یوحنا ۵:۲۸، ۲۹۔
اینڈرسن کے خاندان کی طرح لاکھوں لوگ اُس وقت کتنے خوش ہونگے جب اُنکے عزیز بھی موت سے رہائی پا کر اُنکے پاس ہونگے۔ (۱-کرنتھیوں ۱۵:۲۴-۲۶) بیشک آج سچے مسیحیوں کو اِس اُمید سے حوصلہافزائی ملتی ہے۔
خدا کے کلام میں لکھا ہے کہ مُردے پھر سے جی اُٹھیں گے۔ یہ اُن تمام وعدوں میں سے ایک وعدہ ہے جو خدا اپنی بادشاہت کے ذریعے نئی دُنیا میں پورا کرے گا۔ (۲-پطرس ۳:۱۳) خدا کا کلام بیان کرتا ہے کہ ”وہ اُن کی آنکھوں کے سب آنسو پونچھ دے گا۔ اِس کے بعد نہ موت رہے گی اور نہ ماتم رہے گا۔ نہ آہونالہ نہ درد۔ پہلی چیزیں جاتی رہیں۔“—مکاشفہ ۲۱:۴۔