مواد فوراً دِکھائیں

مضامین کی فہرست فوراً دِکھائیں

خوشی کی تلاش

خوشی کی تلاش

خوشی کی تلاش

‏”‏انسان کو خوش ہونے کیلئے کیا کچھ چاہئے؟‏“‏ کچھ سال پہلے یہ سوال فرانس،‏ جرمنی،‏ برطانیہ اور امریکہ کے لوگوں سے کِیا گیا۔‏ اس جائزے میں حصہ لینے والوں میں سے ۸۹ فیصد نے کہا کہ خوشحالی کیلئے صحتمند ہونا ضروری ہے۔‏ ۷۹ فیصد نے بیاہتا زندگی میں خوش ہونے کو اہم قرار دیا جبکہ ۶۲ فیصد نے کہا کہ اولاد ہونے سے خوشی حاصل ہوتی ہے۔‏ ۵۱ فیصد نے اچھا پیشہ اختیار کرنا اور اس میں ترقی کرنے کو اہمیت دی اور ۴۷ فیصد نے کہا کہ خوش ہونے کیلئے مال‌ودولت کا ہونا ضروری ہے۔‏ کیا ان چیزوں کے بغیر حقیقی خوشی حاصل کرنا ناممکن ہے؟‏

آئیے سب سے پہلے اس دعوے پر غور کرتے ہیں کہ خوش ہونے کیلئے مال‌ودولت کا ہونا ضروری ہے۔‏ جب امریکہ کے ۱۰۰ امیرترین لوگوں کا جائزہ لیا گیا تو معلوم ہوا کہ وہ عام لوگوں سے زیادہ خوش نہیں۔‏ اسکے علاوہ پچھلے ۳۰ سال میں امریکہ کے باشندوں میں سے بہتیروں نے اپنی جائداد کو دُگنا کر دیا ہے۔‏ کیا وہ پہلے کی نسبت اب زیادہ خوش ہیں؟‏ امریکی ماہرینِ‌نفسیات کا کہنا ہے کہ اسی عرصے کے دوران ”‏پہلے سے کئی زیادہ لوگ مایوسی کا شکار ہوئے ہیں،‏ تین گُنا زیادہ نوجوانوں نے خودکُشی کی ہے اور دو گُنا زیادہ لوگوں نے طلاق لے لی ہے۔‏“‏ تقریباً ۵۰ مختلف ممالک میں سائنس‌دانوں نے دولت اور خوشی کے تعلق کے بارے میں تحقیق کرکے یہ دریافت کِیا ہے کہ دولت سچی خوشی کا سرچشمہ نہیں۔‏

حقیقی خوشی حاصل کرنے کیلئے صحتمند ہونا،‏ بیاہتا زندگی کا خوشگوار ہونا یا اچھی ملازمت رکھنا کس حد تک لازمی ہے؟‏ ان لوگوں کی بابت کیا کہا جا سکتا ہے جو بیمار ہیں یا جنکی شادی کامیاب نہیں رہی؟‏ بہتیرے شادی‌شُدہ جوڑوں کی اولاد نہیں اور ایسے بھی لوگ ہیں جو اچھی ملازمت نہیں رکھتے۔‏ کیا یہ تمام لوگ خوشی سے محروم رہینگے؟‏ یا اُن لوگوں کی بابت سوچیں جو آج خوش ہیں۔‏ اگر انکی صورتحال میں تبدیلی آ جائے تو کیا وہ اپنی خوشی کھو بیٹھیں گے؟‏

سچی خوشی کیسے حاصل ہو سکتی ہے؟‏

ہر شخص خوش ہونے کی خواہش رکھتا ہے۔‏ یہ کوئی حیرانی کی بات نہیں کیونکہ انسان خدا کی صورت میں بنایا گیا ہے۔‏ اور ہمارے خالق کو ”‏خدایِ‌مبارک“‏ کا لقب دیا گیا ہے کیونکہ وہ خوشی کا سرچشمہ ہے۔‏ (‏۱-‏تیمتھیس ۱:‏۱۱؛‏ پیدایش ۱:‏۲۶،‏ ۲۷‏)‏ لیکن خوش رہنا اتنا ہی مشکل ہوتا ہے جتنا اپنی مٹھی میں ریت کو تھامے رکھنا۔‏ خوشی اور ریت دونوں جلد ہی ہمارے ہاتھوں سے نکل جاتی ہیں۔‏

کئی لوگ خوشی حاصل کرنے کیلئے ایڑی‌چوٹی کا زور لگاتے ہیں۔‏ کیا ایسا کرنے سے وہ حقیقی خوشی حاصل کر لیتے ہیں؟‏ اس سلسلے میں ایک فلاسفر کا کہنا ہے کہ ”‏اکثر انسان خوشی کی تلاش کرتے کرتے ہی مایوس ہو جاتا ہے۔‏“‏ یہ خاص طور پر اس وقت سچ ثابت ہوتا ہے جب ہم ایسی چیزوں سے خوشی حاصل کرنے کی توقع رکھتے ہیں جو ہمیں خوش نہیں کر سکتیں۔‏ جی‌ہاں،‏ مال‌ودولت یا شہرت حاصل کرنے،‏ سیاسی یا معاشرتی طور پر ترقی کرنے یا محض اپنی ہی خواہشات پوری کرنے میں خوشحالی نہیں پائی جاتی۔‏ اسلئے ایک مصنفہ نے کہا:‏ ”‏کاش کہ ہم خوشی حاصل کرنے کی اپنی کوششوں کو ترک کر دیں۔‏ تب ہم واقعی خوش ہو جائینگے۔‏“‏

تو پھر ”‏انسان کو خوش ہونے کیلئے کیا کچھ چاہئے؟‏“‏ دلچسپی کی بات ہے کہ جس جائزے کا ذکر پہلے کِیا گیا اس میں حصہ لینے والے دس لوگوں میں سے چار نے کہا کہ خوش ہونے کیلئے بھلائی کرنا اور دوسروں کی مدد کرنا بہت اہم ہے۔‏ اور چار میں سے ایک شخص نے کہا کہ حقیقی خوشی حاصل کرنے کیلئے مذہب اور ایمان کا ہونا لازمی ہے۔‏ آئیے ہم اگلے مضمون میں اس بات پر غور کرتے ہیں کہ ہم سچی خوشی کیسے حاصل کر سکتے ہیں۔‏

‏[‏صفحہ ۳ پر تصویریں]‏

بہتیروں کا خیال ہے کہ حقیقی خوشی دولتمند ہونے،‏ خوشحال خاندانی زندگی اور ملازمت میں ترقی کرنے سے ہی حاصل ہو سکتی ہے۔‏ اس سلسلے میں آپکی کیا رائے ہے؟‏